گوا، 25 نومبر 2026
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2026 کے انڈین پینوراما فیچر فلمز سیکشن کے تحت پیش کی جانے والی ہندی فیچر فلم 'کرشنا وتارم' (کرشنا وتارم پارٹ 1: دی ہارٹ) کے فلم سازوں نے آج پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ہدایت کار ہاردک گجر اور پروڈیوسر ساجن راج کروپ نے عالمی ناظرین کے سامنے بھگوان کرشن کی زندگی کی بصری طور پر بھرپور اور عصری سنیمائی تعبیر پیش کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فلم کے بنیادی تصور پر بات کرتے ہوئے پروڈیوسر ساجن راج کروپ نے کہا کہ بھارت میں بھگوان کرشن کو محض اساطیری قصوں کے زمرے میں قید نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 'بھارت میں کرشن اساطیر سے بالاتر ہیں۔ یہ عقیدہ، ایک جذبہ اور ہماری تاریخ کا ایک زندہ حصہ ہیں۔' آدی کیشوا کے گرد گھومتی ثقافتی روایت میں پرورش پانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتقاد کو یاد کیا کہ 'ہر چیز کرشن ہی سے وجود میں آتی ہے'، اور مزید کہا کہ ٹیم نے ان کی زندگی کو انتہائی خلوص اور گہرے احترام کے ساتھ پیش کرنے کے لیے شعوری طور پر محنت کی ہے۔

فلم سازوں نے یہ بھی بتایا کہ 'کرشنا وتارم' دل، دماغ اور روح کے موضوعات پر مبنی تین حصوں کی ایک سیریز کا پہلا باب ہے۔ رام موری کے ناول 'ستیہ بھاما' سے ماخوذ اس فلم کا اسکرین پلے پرکاش کپاڈیا، رام موری اور ہاردک گجر نے لکھا ہے، جبکہ اس کی کہانی شریمد بھاگوتم اور ہری ونش سے مستفید ہے۔ فلم کا یہ ابتدائی حصہ ستیہ بھاما کی نظر سے ورنداون اور متھرا سے لے کر دوارکا میں بھگوان کرشن کی حکمرانی تک کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ جہاں پہلا حصہ محبت، ایثار، ہجر اور عقیدت کے گرد گھومتا ہے، وہیں اگلے دو حصوں میں ان کی سیاست و حکمتِ عملی (دی مائنڈ) اور بھگود گیتا کی تعلیمات (دی سول) کا جائزہ لیا جائے گا۔ بھگوان کرشن کی زندگی کے کم معروف واقعات کو پیش کرنے والی اس فلم میں سدھارتھ گپتا، سنسکرتی جیانا، سشمیتا بھٹ اور نواشینی کرشنن نے کلیدی کردار ادا کیے ہیں۔
روایتی داستانوں کو جدید دور کے ناظرین سے جوڑنے کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے ہدایت کار ہاردک گجر نے وضاحت کی کہ یہ فلم خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے تیار کی گئی ہے تاکہ وہ دلکش سنیمائی زبان میں اپنی تاریخ کو دریافت کر سکیں اور اس سے جڑ سکیں۔ فلم سازوں نے کہا کہ 'کہانی سنانے کا انداز بدلتا رہتا ہے، اور ہم خوش قسمت ہیں کہ ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ہم بصری طور پر بھرپور تجربات تخلیق کر سکتے ہیں۔' گجر کے ویژول ایفیکٹس کے پس منظر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور 7.5 ایکڑ کے وسیع رقبے پر پھیلے سیٹ پر بہترین وی ایف ایکس ماہرین کی مدد سے تیار کی گئی اس فلم کو انگریزی سمیت متعدد زبانوں میں بنایا گیا ہے، تاکہ یہ خاص طور پر دنیا بھر کے نوجوانوں کے دلوں میں اتر سکے۔

جذباتی وابستگی پیدا کرنے میں موسیقی کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے گجر نے میوزک ڈائریکٹر پرساد ایس کے ساتھ اشتراک کے بارے میں بات کی۔ معروف استاد ڈاکٹر بھرت بلولی کی رہنمائی میں ٹیم نے فلم میں زیادہ سے زیادہ کلاسیکی موسیقی کو شامل کیا، جس میں روایتی پاکیزگی اور عصری انداز کا نہایت خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے تاکہ آج کے ناظرین سے جڑا جا سکے۔
اس سیشن کی نظامت جناب سندیپ پرساد نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں ملاحظہ کریں:
اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8263