پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 7:51PM by PIB Delhi
شریشٹھا کے قومی داخلہ ٹیسٹ (این ای ٹی ایس) 2027 کے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس کے پیش نظر حکومت ہند کی وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات نے ملک بھر کے اہل طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور شریشٹھا اسکیم کے تحت معروف نجی رہائشی اسکولوں میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے زیر عمل مخصوص علاقوں کے ہائی اسکولوں میں طلبہ کے لیے رہائشی تعلیم کی اسکیم (شریشٹھا) کا مقصد درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور ایسے ڈی نوٹیفائیڈ قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے، جو درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے زمروں میں شامل نہیں ہیں۔ اس کے ذریعے تعلیمی ترقی، سماجی ترقی اور ہمہ جہت نشوونما کے زیادہ مواقع پیدا کرنا مقصود ہے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد متعلقہ برادریوں کے ہونہار طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول تک رسائی فراہم کرکے تعلیمی عدم مساوات کو کم کرنا ہے، تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں اور اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاسکیں۔ عہدیدار نے کہا کہ معیاری اسکولی تعلیم تک رسائی تعلیمی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے اور زیادہ روشن اور محفوظ مستقبل کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ تیزی سے قریب آرہی ہے، اس لیے اہل طلبہ اور ان کے والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ آخری وقت میں پیش آنے والی دشواریوں سے بچنے کے لیے جلد از جلد درخواست کا عمل مکمل کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے بارے میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے اور معلومات کی تشہیر، خصوصاً دیہی، دور دراز اور سہولتوں سے محروم علاقوں میں، اس بات کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے کہ مستحق طلبہ معلومات کی کمی کے باعث تعلیم کے اس اہم موقع سے محروم نہ رہ جائیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے اشتراک سے منعقد کیے جانے والے شریشٹھا (این ای ٹی ایس) 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل 14 نومبر 2026 کو شروع ہوا تھا اور یہ 30 نومبر 2026 کو رات 11 بج کر 50 منٹ تک جاری رہے گا۔

عہدیدار نے بتایا کہ امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے درخواست فارموں میں ضروری تصحیحات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 2 دسمبر سے 4 دسمبر 2026 تک اصلاح کا موقع دستیاب رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شریشٹھا کا قومی داخلہ ٹیسٹ (این ای ٹی ایس) 2027، 10 جنوری 2027 کو منعقد کیا جائے گا۔
اہل امیدوار نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے سرکاری پورٹل https://exams.nta.nic.in/shreshta. کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
امیدواروں اور ان کے والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے سے پہلے سرکاری پورٹل پر دستیاب اہلیت کے معیار اور درخواست سے متعلق ہدایات کو غور سے پڑھ لیں۔
اساتذہ، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اہل طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے درمیان اس اسکیم سے متعلق معلومات عام کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس میں حصہ لے سکیں اور اس اقدام کے فوائد ملک بھر میں مستحقین تک پہنچائے جا سکیں۔
شریشٹھا جیسی مخصوص تعلیمی اسکیموں کے ذریعے وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات تعلیمی مواقع میں مساوات کو فروغ دینے، آنے والی نسلوں کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ سماجی و اقتصادی محرومیاں تعلیمی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ یہ عزم وکست بھارت 2047 کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8261)