پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 6:54PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و تکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج 'ہیلتھ ایکس ایلیویٹ 2026' سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے تیزی سے پھیلتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، بایو ٹیکنالوجی اور ہیلتھ کیئر جدت طرازی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں، اور حفظانِ صحت کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے مصنوعی ذہانت، جینومکس اور پریسیژن میڈیسن کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن کر ابھرا ہے، جس میں 60 فیصد سے زائد اسٹارٹ اپس ٹیئر- II اور ٹیئر- III شہروں اور چھوٹے قصبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپس اور جدت طرازی کے موضوع پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں شعبۂ صحت کے رہنماؤں، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور ماہرین نے شرکت کی، جہاں بھارت میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں جدت طرازی کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فائر چیٹ سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں ایک غیر معمولی تبدیلی آئی ہے، جو 2014 میں تقریباً 350 اسٹارٹ اپس سے بڑھ کر آج 2.5 لاکھ سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن کر ابھرا ہے، جس میں 60 فیصد سے زائد اسٹارٹ اپس ٹیئر- II اور ٹیئر- III شہروں سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اسٹارٹ اپس کی ترقی اب صرف بنگلورو، دہلی اور ممبئی جیسے بڑے میٹروپولیٹن شہروں تک محدود نہیں رہی ہے۔ ڈیجیٹل رسائی اور سازگار ماحول نے ملک بھر کے ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کے لیے معلومات، وسائل اور مواقع کو دستیاب بنا دیا ہے، جس سے چھوٹے شہروں اور قصبوں کے باصلاحیت نوجوانوں کو بھی اسٹارٹ اپ تحریک میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے روایتی ٹیکنالوجی اور سائنس پر مبنی شعبوں سے ہٹ کر کاروباری سرگرمیوں کے ابھرتے ہوئے رجحان پر بھی روشنی ڈالی۔ زراعت پر مبنی اسٹارٹ اپس کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری کامیابی کے لیے ضروری نہیں کہ کسی کے پاس بہت اعلیٰ تعلیمی ڈگری ہو، بلکہ اس کے لیے جذبے، یکسوئی اور ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
وزیر موصوف نے بھارت کے بایو ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی نمایاں توسیع پر روشنی ڈالی، جو ان کے بقول 2014 میں تقریباً 50 تا 60 اسٹارٹ اپس سے بڑھ کر آج تقریباً 10,000 تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف گرم خطوں میں پائی جانے والی بیماریوں کے علاج کے حل تیزی سے تیار کر رہا ہے، بلکہ ان امراض کے لیے بھی مؤثر حل تلاش کر رہا ہے جو اس سے قبل بنیادی طور پر دنیا کے دیگر حصوں سے منسوب کیے جاتے تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ویکسین کے شعبے میں بھارت کی پیش رفت نے عالمی سطح پر ملک کی حفظانِ صحت کی صلاحیتوں کو دیکھنے کا نظریہ بدل دیا ہے۔ انہوں نے کووڈ-19 کے لیے ملک کی اپنی ڈی این اے ویکسین کی تیاری اور تقریباً 30 ممالک کو اس کی فراہمی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے جینیاتی اور تھیراپیوٹک تحقیق میں ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی، جس میں ہیموفیلیا کے جینیاتی علاج کا کامیاب تجربہ بھی شامل ہے، جس کے نتائج معروف طبی جریدے 'نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن' میں شائع ہوئے تھے۔
نیوکلیئر میڈیسن کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بھارتی محققین ایکیوٹ لمفوبلاسٹک لیوکیمیا (خون کے سرطان کی ایک قسم) سمیت مختلف بیماریوں کے لیے کم لاگت حل تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب روایتی طور پر ملک سے منسوب بیماریوں کے علاج سے آگے بڑھ رہا ہے اور ایسے سستے و قابلِ استطاعت علاجی اور تشخیصی حل تیار کر رہا ہے جو وسیع تر عالمی اہمیت کے حامل ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بایو ٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر تحقیق اور جدت طرازی میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شراکت داروں کو تحقیق و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ترغیب دے رہی ہے، اور امید ظاہر کی کہ بھارت آنے والی دہائی میں عالمی سطح پر تسلیم بلاک بسٹر ڈرگ تیار کرے گا۔
وزیر موصوف نے بھارت کی متنوع آبادی اور جینیاتی وسائل کی بدولت ہیلتھ کیئر تحقیق کے شعبے میں ملک کو حاصل منفرد برتری پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جینیاتی ڈیٹا کی جامع تفہیم محققین کو ایسی بصیرت اور نتائج اخذ کرنے میں مدد دے سکتی ہے جو نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سائنسی برادری کے لیے بھی اہم اور مفید ثابت ہوں گے۔
حفظانِ صحت میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اے آئی کو ایک الگ شعبے کے بجائے تمام شعبوں میں مددگار اور بااختیار بنانے والے ایک آلے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے بیماریوں کی تشخیص، ڈیٹا جمع کرنے اور تجزیہ کرنے میں اس کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جو کام پہلے گھنٹوں یا دنوں میں ہوتے تھے، وہ اب اے آئی کی مدد سے چند منٹوں میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
'جینوم انڈیا' پہل قدمی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اے آئی جینیاتی معلومات کے تجزیے میں سہولت فراہم کر رہا ہے اور متنوع آبادی والے گروہوں کے مطالعے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 10,000 افراد کی جین سیکوینسنگ مکمل کر لی ہے، جس کے ڈیٹا میں 80 مختلف آبادی والے گروہ شامل ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت انفرادی اور پریسیژن میڈیسن کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس میں ہر مریض کی جینیاتی ساخت، طرزِ زندگی، ماحول اور سالماتی خصوصیات کے مطابق علاج تجویز کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق میں ہونے والی پیش رفت ڈاکٹروں کو اس قابل بنا سکتی ہے کہ وہ ایک جیسی بیماری یا تشخیصی رپورٹوں والے مریضوں کے لیے بھی زیادہ انفرادی نوعیت کے نسخے تجویز کر سکیں۔
انہوں نے بیماریوں سے بچاؤ کی حفظانِ صحت، ابتدائی تشخیص اور ایسے بائیو مارکرز پر تحقیق کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی زور دیا جو بیماریوں کے لاحق ہونے سے پہلے ہی ان کے امکانات کی نشاندہی کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ حمل سے متعلق ذیابیطس پر ہونے والی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنسدان ایسے بائیو مارکرز پر کام کر رہے ہیں جو زچگی کے وقت خواتین میں ذیابیطس کے خطرے کا اندازہ لگانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، جس سے بعد ازاں زیادہ مؤثر دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ممکن ہو سکے گا۔
اس گفتگو کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت میں بتدریج ڈیپ ٹیک اور سائنس پر مبنی کاروباری اداروں کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے، جن میں بایو ٹیکنالوجی، کوانٹم ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور خلائی شعبہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے شعبوں کو نجی شرکت کے لیے کھولنے سے کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، اور ان شعبوں میں کامیاب کاروباروں کے ابھرنے سے صنعت کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس کو اپنا پہلا بڑا گاہک حاصل کرنے میں درپیش چیلنجز سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ایک زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے کی سمت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس کو دی جانے والی معاونت میں زیادہ خطرہ مول لینے کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے کی گئی تبدیلیوں کا حوالہ دیا، جن میں سی ایس آئی آر کے ایک ضابطے کے تحت اس شرط کو ختم کرنا بھی شامل ہے جس کے مطابق فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے کسی اسٹارٹ اپ کا کم از کم تین سال سے قائم ہونا ضروری تھا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے حکومت، صنعت، محققین اور شعبۂ صحت کے ماہرین کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ الگ تھلگ رہ کر کام کرنے کا دور اب ختم ہو چکا ہے، اور مہارت، وسائل اور سرمایہ کاری کو یکجا کرنے سے جدت طرازی کی رفتار تیز کرنے اور تحقیق کو عملی اطلاق کے مزید قریب لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ہیلتھ کیئر جدت طرازی کا مقصد سب کے لیے سستی اور قابلِ رسائی طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک مربوط اور 'ہول آف نیشن' نقطہ نظر کی ضرورت ہوگی، جس میں حکومت، صنعت اور طبی ماہرین مل کر کام کریں، اور اس کے ساتھ ہی تحقیق اور جدت طرازی کی معاونت کے لیے فلاح و بہبود کے کلچر کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے۔




**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8256