پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 5:42PM by PIB Delhi
نائب صدرِ جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج مہاراشٹر کے یوتمال میں واقع پریہ درشنی سہکاری سوت گرنی ( کو آپریٹو اسپننگ مل ) میں آنجہانی جناب جواہر لال دردہ کے کانسے کے قدِ آدم مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ آنجہانی جناب دردہ مجاہدِ آزادی، سیاست داں، صحافی اور لوک مت میڈیا گروپ کے بانی تھے۔
اس سے قبل نائب صدرِ جمہوریہ نے یوتمال میں واقع ’پریرنا استھل ‘ کا دورہ کیا اور آنجہانی جناب جواہر لال دردہ کو گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ، نائب صدرِ جمہوریہ نے بابوجی کی زندگی کو حب الوطنی، عوامی خدمت اور سماج کے تئیں عزم و لگن کا ایک غیر معمولی سفر قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد، خصوصاً 1942 کی ’بھارت چھوڑو تحریک‘ میں بابوجی کے کردار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد بھی انہوں نے ایک مدبر سیاست داں، عوامی نمائندے، وزیر اور صحافی کی حیثیت سے ملک کی خدمت جاری رکھی۔ انہوں نے مہاراشٹر کی ترقی، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔
نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آنجہانی جناب دردہ نے صنعت، توانائی، رہائش، تعلیم، صحت، زراعت اور امدادِ باہمی کے شعبے سمیت کئی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے خاص طور پر 1993 کی ان کی تاریخی صنعتی پالیسی کا ذکر کیا، جس کا مقصد مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں متوازن صنعتی ترقی کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے یوتمال میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام میں بابوجی کے تعاون کو بھی اجاگر کیا، جو ہر علاقے تک ترقی کے مواقع پہنچانے کے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دیہی ترقی کے حوالے سے بابوجی کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے ، نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ پریہ درشنی سہکاری سوت گرنی اس اہم تعلق کی بہترین مثال ہے ، جو کپاس کی کاشت، ٹیکسٹائل کی صنعت، روزگار کی فراہمی اور دیہی خوشحالی کے درمیان قائم ہے۔ انہوں نے مالی مشکلات سے اس ادارے کو دوبارہ بحال کرنے میں کسانوں، امدادِ باہمی کے ادارے کے اراکین، انتظامیہ اور کارکنوں کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امدادِ باہمی کے ادارے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور کسانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ٹیکسٹائل کے شعبے سے اپنے ذاتی تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے ، نائب صدرِ جمہوریہ نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اس شعبے کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ بھارت کے لیے بین الاقوامی تجارت کے بڑھتے ہوئے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے ، انہوں نے ٹیکسٹائل کی برآمدات کے روشن مستقبل کے تئیں امید ظاہر کی۔ ساتھ ہی اس شعبے کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے ملوں، مشینری، بُنائی، رنگائی اور پرنٹنگ کی سہولتوں کو جدید بنانے پر زور دیا۔
نائب صدرِ جمہوریہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک جیسی عظیم شخصیات کے ذریعے بھارت کی قومی زندگی میں مہاراشٹر کے نمایاں کردار کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی خودداری، آئینی اقدار اور حب الوطنی کے جذبے کے فروغ کے لیے ، ان عظیم شخصیات کی خدمات آج بھی ملک کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
بابوجی کے نظریات کو آگے بڑھانے کے لیے نئے عزم کی اپیل کرتے ہوئے ، نائب صدرِ جمہوریہ نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ امدادِ باہمی تحریک کو مضبوط بنائیں، کسانوں کو بااختیار بنائیں اور دیہی بھارت میں روزگار کے بامعنی مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی جناب جواہر لال دردہ کی خدمات اور وراثت سب کی شمولیت پر مبنی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کو مسلسل تحریک دیتی رہنی چاہیے۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب جشْنو دیو ورما، مہاراشٹر کے ٹیکسٹائل اور اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے وزیر جناب چندرکانت پاٹل، وزیر برائے تحفظِ اراضی و آبی وسائل جناب سنجے راٹھوڑ، لوک مت میڈیا گروپ کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر وجے دردہ، مہاراشٹر کے سابق کابینی وزیر اور لوک مت میڈیا گروپ کے چیف ایڈیٹر جناب راجندر دردہ، پریہ درشنی کوآپریٹو اسپننگ مل لمیٹڈ کے نائب صدر جناب کیرتی گاندھی، دردہ خاندان کے افراد، امدادِ باہمی شعبے کے نمائندے، کسان، کارکنان اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
*****
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )
U.No. 8249