پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 4:51PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی پنچایتی راج کی وزارت (ایم او پی آر) دیہی مقامی اداروں (آر ایل بی) کے لیے گرانٹس سے متعلق سولہویں مالیاتی کمیشن (16 ویں ایف سی) کی سفارشات پر عمل درآمد کے موضوع پر پہلی علاقائی ورکشاپ کل، 26 نومبر 2026 کو گوا میں منعقد کرے گی۔ اس ورکشاپ میں پنچایتی راج کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ مکتا شیکھر کے ساتھ گوا، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور راجستھان کی شریک ریاستوں کے سینئر افسران بھی شرکت کریں گے۔ اس ورکشاپ کا مقصد مغربی خطے کی ریاستوں کے درمیان سولہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات، عملی رہنما خطوط اور ان پر عمل درآمد سے متعلق شرائط کے بارے میں مشترکہ طور پر فہم و فراست پیدا کرنا ہے، تاکہ سولہویں مالیاتی کمیشن کی گرانٹس بروقت پنچایتوں تک پہنچیں اور دیہی شہریوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لانے کا ذریعہ بن سکیں۔
سولہویں مالیاتی کمیشن نے 27-2026 سے 31-2030 تک کی مدت کے لیے تمام 28 ریاستوں میں پنچایتی راج اداروں (پی آر آئیز) / دیہی مقامی اداروں (آر ایل بی) کو 4,35,236 کروڑ روپے کی گرانٹس دینے کی سفارش کی ہے۔ وزارتِ خزانہ کے محکمۂ اخراجات نے 21 مئی 2026 کو ان سفارشات پر عمل درآمد کے لیے عملی رہنما خطوط جاری کیے تھے۔ کمیشن نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ پنچایتی راج کی وزارت ریاستوں کو رہنمائی اور ضروری تعاون فراہم کرے اور سفارشات کے مختلف پہلوؤں سے واقف کرانے کے لیے علاقائی ورکشاپس منعقد کرے۔ گوا میں ہونے والی ورکشاپ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔
یہ ورکشاپ 3 جولائی 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں پنچایتی راج کی وزارت کے زیر اہتمام منعقدہ ریاستی وزرائے پنچایتی راج کی قومی ورکشاپ کے سلسلے کو آگے بڑھائے گی، جس میں پنچایتی راج اداروں، دیہی مقامی اداروں کے لیے سولہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔ قومی ورکشاپ میں جہاں پالیسی کی سمت کا تعین کیا گیا تھا، وہیں علاقائی ورکشاپس کے ذریعے یہ بات چیت زمینی سطح پر ان سفارشات پر عمل درآمد کے ذمہ دار افسران تک پہنچائی جارہی ہے۔
اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی (او ایس آر) میں اضافے کے لیے وزارت کی مسلسل کوششوں اور توجہ کے پیش نظر، اس ورکشاپ میں پنچایتوں کی مالی خود انحصاری کو فروغ دینے والے تجربات اور بہترین طور طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ میزبان ریاست گوا کے منتخب نمائندوں اور افسران کی بھی اس ورکشاپ میں شرکت متوقع ہے۔
مالی طور پر بااختیار، اہل اور جواب دہ پنچایتیں آتم نربھر پنچایت اور وِکست پنچایت کے تصور کا بنیادی ستون ہیں، جو آتم نربھر بھارت اور وِکست بھارت کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ مالی کمیشن کی گرانٹس کی بروقت منتقلی کے ساتھ اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں مسلسل اضافے سے پنچایتیں زیادہ اعتماد کے ساتھ منصوبہ بندی، خدمات کی فراہمی اور اپنی برادریوں کی بہتر انداز میں خدمت کرسکیں گی۔ اس ورکشاپ کا انعقاد حکومتِ گوا کے محکمۂ پنچایتی راج کے تعاون سے کیا جارہا ہے اور وزارت کو امید ہے کہ اس کے ذریعے تمام شریک ریاستوں کے درمیان نتیجہ خیز اور باہمی تعاون پر مبنی تبادلۂ خیال ہوگا۔
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
8245:U-No