صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ نے بھونیشور میں ہومیوپیتھی کے قومی سائنسی کنونشن کی رونق بڑھائی


ہمارے اداروں، محققین، اساتذہ اور طبی ماہرین کو ایک ایسے ہیلتھ کیئر سسٹم کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جو سب کے لیے قابلِ رسائی، منصفانہ، سائنسی اعتبار سے ذمہ دار اور عوامی ضروریات کے تئیں حساس ہو: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 4:30PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (25 نومبر 2026) اڈیشہ کے بھونیشور میں ہومیوپیتھی کے قومی سائنسی کنونشن میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہومیوپیتھی بھارت کے متنوع نظامِ صحت کا ایک اہم حصہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران بھارت  میں اس نے ادارہ جاتی سطح پر وسیع پیمانے پر اپنی جگہ بنائی ہے اور تعلیمی اداروں، صحت مراکز اور صحتِ عامہ کے نیٹ ورکس کے ذریعے عوام کے لیے قابلِ رسائی ہوگئی ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہومیوپیتھی کی مستقبل کی ساکھ اور علمی حیثیت کا انحصار بڑی حد تک اس کی تحقیق کی سائنسی صداقت اور اس کے ذریعے حاصل ہونے والے طبی شواہد کے معیار پر ہوگا۔ انہوں نے تحقیقی اداروں، میڈیکل کالجوں، یونیورسٹیوں اور پیشہ ورانہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے مضبوط ماحول کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہومیوپیتھی کا قومی سائنسی کنونشن بامعنی علمی تبادلے، ادارہ جاتی شراکت داری اور مستقبل کے لیے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے شرکا، بالخصوص نوجوان محققین اور پیشہ ور افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہومیوپیتھی کی ترقی کے ساتھ سائنسی تحقیق، علمی معیار اور پیشہ ورانہ جواب دہی کے تئیں غیر متزلزل عزم بھی ضروری ہے۔ تحقیق کی بنیاد مستند طریقۂ کار، مناسب طور پر وضع کردہ طبی مطالعات، منظم دستاویز بندی اور شفاف رپورٹنگ پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے متعدد مراکز پر مبنی مطالعات، منظم جائزوں، شواہد کے تجزیے، ادویاتی اور بنیادی تحقیق کے ساتھ ساتھ قابلِ اعتماد طبی معلوماتی ذخائر کی تیاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کی حدود کو تسلیم کرنے، ناموافق نتائج کو بھی سامنے لانے اور نتائج اخذ کرنے میں سائنسی شواہد کو رہنما اصول بنانے کے لیے علمی دیانت داری کا مظاہرہ کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ طبی پیشے کا تقاضا محض تعلیمی قابلیت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس کے لیے فکری نظم و ضبط، سائنسی مزاج، دیانت داری، ہمدردی اور مسلسل سیکھتے رہنے کا عزم ضروری ہے۔ انہوں نے ہومیوپیتھی کے نوجوان معالجین پر زور دیا کہ وہ سوال کرنے کی عادت اپنائیں اور سیکھنے کا عمل کبھی ترک نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں تحقیق کرنے کا حوصلہ، شواہد تلاش کرنے کے لیے صبر اور نئے علم کو قبول کرنے کی انکساری ہونی چاہیے۔ انہیں یہ بات کبھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ہر مریض کے پیچھے ایک انسان ہوتا ہے، جس کی اپنی امیدیں، خدشات اور عزتِ نفس ہوتی ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جب بھارت 2047 تک وِکست بھارت کے قومی ہدف کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، تو  ہیلتھ کیئر اور تعلیم اس کے دو اہم ترین ستون بنے رہیں گے۔ ہمارے اداروں، محققین، اساتذہ اور طبی ماہرین کو ایک ایسا ہیلتھ کیئر نظام تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جو سب کے لیے قابلِ رسائی، منصفانہ، سائنسی اعتبار سے ذمہ دار اور عوامی ضروریات کے تئیں حساس ہو۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ قومی کنونشن سائنسی مکالمے کی حوصلہ افزائی کرے گا، ادارہ جاتی شراکت داری کو فروغ دے گا اور اہل، اخلاقی اقدار کے حامل اور سماجی طور پر ذمہ دار طبی ماہرین کی نئی نسل کو تحریک دے گا۔

صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.8237


(ریلیز آئی ڈی: 2341376) وزیٹر کاؤنٹر : 5