پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 4:30PM by PIB Delhi
جناب راجا (نام تبدیل کیا گیا ہے) کا سفر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ صفائی کارکنوں کی شناخت اور ان کی باضابطہ پروفائلنگ کتنی اہم ہے، تاکہ انہیں باوقار روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
نمستے اسکیم کے ذریعے صفائی کے کام کو مشینوں کے استعمال، تحفظ، باضابطہ روزگار اور کارکنوں کے لیے بہتر ذریعۂ معاش کے مواقع کی جانب منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سیور اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کے کام سے وابستہ بہت سے کارکنوں کے لیے غیر رسمی روزگار کے انتظامات کا مطلب غیر یقینی آمدنی، خطرناک کام کے حالات اور پیشہ ورانہ تحفظ یا باضابطہ شناخت تک محدود رسائی ہوتا ہے۔
منی پور کے 27 سالہ گریجویٹ راجا کے لیے باوقار اور مستحکم روزگار کا حصول مالی تحفظ اور پیشہ ورانہ شناخت کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔
گریجویشن مکمل کرنے کے باوجود راجا ٹھیکیداروں کے ذریعے غیر رسمی طور پر سیور اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کا کام کر رہے تھے۔ ان کے کام میں بے قاعدہ آمدنی، پیشہ ورانہ تحفظ کے محدود انتظامات اور ملازمت سے متعلق باضابطہ سہولیات کا فقدان تھا۔ ان کے خاندان کا انحصار غیر یقینی آمدنی پر ہونے کی وجہ سے روزگار کا استحکام نہ ہونا مسلسل مشکلات کا باعث تھا۔
میکانائزڈ صفائی کے نظام کے لیے قومی ایکشن (نمستے) اسکیم کا مقصد سیور اور سیپٹک ٹینک کارکنوں (ایس ایس ڈبلیوز) کی شناخت، پروفائلنگ اور انہیں معاونت و مواقع تک رسائی فراہم کرکے ان کے روزگار کو باضابطہ بنانا اور کام کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔
نمستے اسکیم کے تحت باضابطہ پروفائلنگ کے ذریعے راجا کو سیور اور سیپٹک ٹینک کارکن کے طور پر شناخت دی گئی، جس سے انہیں ادارہ جاتی سطح پر روزگار کا موقع فراہم کرنے میں مدد ملی۔

15 اکتوبر 2025 کو راجا کو منی پور ہائی کورٹ میں ہنرمند یومیہ اجرت والے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) آپریٹر کے طور پر ملازمت دی گئی۔ اس روزگار کے موقع نے انہیں آمدنی کا ایک زیادہ یقینی ذریعہ فراہم کیا اور ان کے کام اور مہارتوں کو بہتر پیشہ ورانہ شناخت دلانے میں مدد کی۔
اب وہ یومیہ 480 روپے کماتے ہیں، جو ماہانہ تقریباً 14,400 روپے بنتے ہیں۔ ٹھیکیداروں کے ذریعے بے قاعدہ کام سے باضابطہ ادارہ جاتی ملازمت کی جانب منتقلی نے ان کی آمدنی میں زیادہ استحکام اور ملازمت کے حالات میں بہتری پیدا کی ہے، جس سے انہیں طویل مدتی مالی استحکام کی سمت آگے بڑھنے میں مدد مل رہی ہے۔
ان کا تجربہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ باضابطہ شناخت اور روزگار کے مواقع صفائی کارکنوں کو غیر رسمی ملازمت کے انتظامات سے نکل کر زیادہ استحکام، وقار اور پیشہ ورانہ تحفظ کی جانب بڑھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
*****
ش ح۔ک ح۔ش ہ ب
U N-8238