کابینہ
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے محکمہ ڈاک کے لیے املاک کے انتظام کی اسکیم کو 1,491 کروڑ روپے کے مالیاتی تخمینے کے ساتھ جاری رکھنے کی منظوری دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 3:32PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے محکمہ ڈاک کی اس تجویز کو منظوری دے دی ہے کہ سولہویں مالیاتی کمیشن کی مدت کے دوران مالی سال 27-2026 سے 31-20230 تک مرکزی شعبے کی اسکیم ‘املاک کے انتظام کی اسکیم’جاری رکھی جائے۔ اس اسکیم کے لیے پانچ سالہ مدت کے دوران مجموعی طور پر 1,491 کروڑ روپے کا مالیاتی تخمینہ مختص کیا گیا ہے۔

اسٹریٹجک مقصد:

اس اسکیم کا مقصد محکمہ ڈاک کے املاک کے بنیادی ڈھانچے کو جامع طور پر تبدیل اور جدید بنانا ہے۔ اس میں ڈاک خانوں اور رہائشی کالونیوں کی تعمیر، ازسرنو تعمیر، تزئین کاری اور یکساں برانڈنگ کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی تاریخی ڈاک عمارتوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جدید کاری کی یہ حکمت عملی براہِ راست ابتدائی مرحلے میں ترسیل کی خدمات کو تقویت دیتی ہے، مالی شمولیت کو فروغ دیتی ہے اور ملک بھر میں شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کو بہتر بناتی ہے۔ یہ ڈیجیٹل انڈیا، آتم نربھر بھارت اور وکست بھارت کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے ڈاک نیٹ ورکس میں سے ایک کے طور پر، ہندوستانی ڈاک کا نظام 1.65 لاکھ ڈاک خانوں (دیہی  علاقوںمیں 1,49,385  ڈاک خانوں سمیت )پر مشتمل ہے، یہ نظام ڈاک میل کی ترسیل، بینکاری خدمات (پی او ایس بی/آئی پی پی بی)، بیمہ (پی ایل آئی)، آدھار خدمات، ڈاک خانوں میں پاسپورٹ سیوا کیندر اور ڈاک گھر نریات کیندروں (ڈی این کے) کے ذریعے دیہی دست کاروں کی معاونت کے لیے ایک اہم ذریعہ بنا ہوا ہے۔

عمل درآمد کا نظام الاوقات:

اسکیم پر پانچ سالہ مدت کے دوران مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا، جس کا آغاز مالی سال 27-2026 سے ہوگا اور یہ مالی سال 31-2030 تک جاری رہے گی۔

منظور شدہ اسکیم کے اہم اجزا:

  • نئی تعمیر (280 کروڑ روپے): محکمہ ڈاک کے خالی پلاٹوں پر 190 نئے ڈاک خانے کی عمارتیں تعمیر کرنا، تاکہ فی الحال کرائے کی عمارتوں میں قائم ڈاک خانوں کی جگہ ان عمارتوں کو استعمال کیا جا سکے اور کرایے کی ادائیگی کی ذمہ داری ختم ہو۔
  • تعمیر نو (108 کروڑ روپے): خستہ حال محکمہ جاتی ڈاک کی 50 عمارتوں کو منہدم کرکے دوبارہ تعمیر کرنا، تاکہ ان کی طویل مدتی ساختی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
  • تزئین کاری اور برانڈنگ (318 کروڑ روپے): ایس پی اے کے رہنما خطوط کے مطابق محکمہ جاتی 2,550 ذیلی ڈاک خانوں کو جدید بنانا اور ان میں یکساں برانڈنگ قائم کرنا۔
  • کرائے کی عمارتوں میں قائم ڈاک خانوں کو اپ گریڈکرنا (37.50 کروڑ روپے): کرائے کی عمارتوں میں چلنے والے 2,500 ڈاک خانوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنا اور ان میں یکساں برانڈنگ قائم کرنا۔
  • تاریخی ورثے کا تحفظ (180 کروڑ روپے): محکمہ ڈاک کی تاریخی  ورثے کی 20 نمایاں عمارتوں کی بحالی اور تحفظ، تاکہ محکمے کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔
  • رہائشی کالونیوں کی تزئین کاری (357.50 کروڑ روپے): ڈاک محکمے کی زیادہ ضرورت والی 150 رہائشی کالونیوں کی حالت بہتر بنانا، تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور اطمینان میں اضافہ ہو۔
  • دیگر معاون اور شمولیتی سرگرمیاں (100 کروڑ روپے): پائیدار سہولتوں، مثلاً شمسی توانائی اور بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام، نیز‘سوگمیہ بھارت ابھیان’ کے تحت سب کے لیے قابلِ رسائی بنیادی ڈھانچے، جیسے ریمپ اور بریل تحریر پر مشتمل اشارتی تختیاں، قائم کرنا۔ اس کے ساتھ صنف پرمرکوز ضروریات کے پیش نظر خواتین کے لیے بیت الخلا اور بچوں کو دودھ پلانے کے کمرے جیسی سہولتیں بھی فراہم کرنا۔
  •  مربوط ٹیکنالوجی مرکز (100 کروڑ روپے): بنگلورو میںسینٹر فار ایکسی لینس ان پوسٹل ٹیکنالوجی (سی ای پی ٹی) کے لیے مستقل عمارت اور بنیادی ڈھانچہ قائم کرنا، تاکہ جدید ڈاک ٹیکنالوجی (اے پی ٹی) کی خدمات کو فروغ دیا جا سکے اور مقامی طور پر تیار کردہ اوپن سورس ٹیک اسٹیک کو معاونت فراہم کی جا سکے۔

*****

 ( ش ح ۔ م ش۔اش ق)

U. No. 8225


(ریلیز آئی ڈی: 2341294) وزیٹر کاؤنٹر : 3