پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 3:51PM by PIB Delhi
مسلح افواج کی طبی خدمات (اے ایف ایم ایس) کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ملٹری اسپتال، میرٹھ میں منعقدہ آنکھوں کے جراحی کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 412 افراد کی بینائی بحال کرنے کے لیے مفت آپریشن کیے۔ پانچ روزہ یہ کیمپ 25 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوا۔ اس کیمپ کے ذریعے خطے کے لوگوں کی زندگیوں میں روشنی کی نئی کرن پیدا ہوئی۔ ان میں 197 ضرورت مند باشندے بھی شامل تھے، جن کے موتیا بند، کالا موتیا، آنکھ کے پردے اور اس سے متعلقہ امراض اور آنکھ پر گوشت بڑھنے (پٹریجیم) کے آپریشن کیے گئے۔ اس کیمپ کی خاص بات موتیا بند کے شدید مرض میں مبتلا تقریباً 60 ایسے مریضوں کے کامیاب آپریشن کی انجام دیہی، جو مکمل طور پر نابینا ہو چکے تھے۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران اے ایف ایم ایس کے ماہرینِ چشم اور طبی افسران نے باغپت، بلند شہر، ہاپوڑ، شاملی اور مرادآباد میں موتیا بند اور آنکھوں کی دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے 12,000 سے زائد مریضوں کی جانچ کی، جس سے دور دراز کے قصبوں اور گاؤں کے باشندوں تک بھی طبی سہولیات کی رسائی یقینی بنائی گئی۔ ملٹری اسپتال، میرٹھ میں منعقدہ اس کیمپ کے دوران تقریباً 5,000 مریضوں کی جانچ کی گئی۔ جن مریضوں کو آپریشن کی ضرورت پائی گئی، انہیں ملٹری اسپتال لایا گیا، جہاں 22 سے 24 نومبر 2026 کے درمیان 412 آپریشن کیے گئے۔


کیمپ کی اختتامی تقریب میں اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے سینک کلیان وکاس نگم اورمحکمہ تعلقات عامہ (پی آر ڈی) ڈاکٹر سومندر تومر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے مریضوں اور طبی ٹیم کے ارکان سے بات چیت کی اور بڑے پیمانے پر شہریوں کی مدد کے لیے آگے آنے کی ہندوستانی فوج کی کوششوں کی بھرپور ستائش کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آرمڈ فورسز میڈیکل سروسز (ڈی جی اے ایف ایم ایس) ایئر مارشل سندیپ تھریجا نے طبی ٹیم کی نمایاں خدمات کی ستائش کی اور پیشہ ورانہ مہارت، خصوصی خدمت اور مریضوں کی ہمدردانہ نگہداشت کے میدان میں ایک نیا معیار قائم کرنے پر اسے مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف ایم ایس کی توجہ صرف سابق فوجیوں اور برسرِ خدمت فوجی اہلکاروں کے زیرِ کفالت افراد تک محدود نہیں ہے، بلکہ ان شہریوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے، جنہیں ایسی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
412 آپریشن کسی بھی سابقہ کیمپ میں انجام دیے گئے آپریشنوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے، جس سے معیاری صحت خدمات کی فراہمی اور ہمدردانہ خدمت کے میدان میں ایک نیا معیار قائم ہوا ہے۔ یہ آپریشن آرمی اسپتال (ریسرچ اینڈ ریفرل) کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے انجام دیے، جس کی قیادت شعبۂ امراضِ چشم کے سربراہ بریگیڈیئر سنجے کمار مشرا کر رہے تھے۔ وہ آپریشن درشٹی کی قیادت بھی کر رہے ہیں، جو بڑے پیمانے پر منعقد کیے جانے والے خصوصی آنکھوں کے جراحی کیمپوں کا ایک سلسلہ ہے۔ اس کے تحت ملک کے دور دراز اور طبی سہولیات سے محروم علاقوں تک آنکھوں کے جدید علاج کی سہولیات پہنچائی جاتی ہیں۔ اس کیمپ کا انعقاد ہیڈکوارٹر سوریا کمانڈ کے زیرِ نگرانی کیا گیا۔

*****
(ش ح – م ش ع –م ذ)
U. No.8228