پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 NOV 2026 8:10PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے تحت ڈاکٹر امبیڈکر فاؤنڈیشن (ڈی اے ایف) 26 نومبر بروز جمعرات کو قومی دارالحکومت کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر ( ڈی اے آئی سی) میں یومِ آئین کی تقریب کا انعقاد کر رہی ہے۔
یہ تقریب 26 نومبر 1949 کو آئینِ ہند کو اپنانے کی یاد منانے اور ملک کی آئینی و جمہوری بنیادوں کو استوار کرنے میں دستور ساز اسمبلی کی ڈرافٹنگ کمیٹی کے چیئرمین، بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی لازوال خدمات کی توثیق کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ تقریب ’’آئین @76: ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا آئینی وژن اور ہندوستانی جمہوریت کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر منعقد کی جائے گی۔
یہ موضوع انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے آئینی اصولوں کی مسلسل اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور آئینی اخلاقیات، جمہوری طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی جوابدہی اور ایک جامع معاشرے کے بارے میں ڈاکٹر امبیڈکر کے وژن کے ساتھ گہری وابستگی کو فروغ دیتا ہے۔ یہ عصرِ حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ہندوستان کے جمہوری ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں آئینی اقدار کے کردار پر غور و خوض کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔
سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے معزز مرکزی وزیر اور ڈاکٹر امبیڈکر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر وریندر کمار بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے معزز وزرائے مملکت جناب رام داس اٹھاولے اور جناب بی ایل ورما بھی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے سیکرٹری جناب سدھانش پنت بھی پروگرام میں شریک ہوں گے۔
تقریب کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ہندوستان کے سابق چیف جسٹس جناب جسٹس ادے امیش للت کے ذریعہ آئین کی تمہید پڑھی جائے گی۔
جسٹس للت ’’آئینی طرزِ حکمرانی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی وراثت ‘‘ کے موضوع پر یومِ دستور لیکچر بھی دیں گے۔
ان کے خطاب میں ہندوستانی آئین کے بنیادی اصولوں، ہندوستان کی آئینی جمہوریت کے ارتقاء میں ڈاکٹر امبیڈکر کی خدمات اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے و سماجی انصاف کو یقینی بنانے میں ان کے افکار کی مسلسل اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی ۔
اس تقریب میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں قائم ڈاکٹر امبیڈکر چیئرز سے وابستہ چیئر پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور ڈاکٹرل فیلوز کے ساتھ ساتھ ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین، اسکالرز، سینئر سرکاری افسران اور دیگر معزز مدعوئین یکجا ہوں گے ۔ تقریب کے ایک حصے کے طور پر ایک علمی نشست (اکیڈمک انٹرایکشن) بھی منعقد کی جائے گی، جو آئینی اقدار، سماجی تبدیلی، سماجی انصاف اور ہندوستانی جمہوریت کے مستقبل پر نظریات کے بامعنی تبادلے کے لیے ایک فورم فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر امبیڈکر چیئرز سے وابستہ اسکالرز اور تعلیمی نمائندوں کی شرکت ان کے فلسفے، فکری وراثت اور قوم کی تعمیر میں ان کی خدمات پر علمی مباحثے کو مزید تقویت بخشے گی۔ یہ نشست امبیڈکری فکر کی ترویج کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی اور تعلیمی اداروں و عوام الناس میں آئین کے تئیں زیادہ بیداری پیدا کرے گی۔
ہندوستان کا آئین، جسے دستور ساز اسمبلی نے 26 نومبر 1949 کو اپنایا اور 26 جنوری 1950 کو نافذ کیا، ہندوستان کے عوام کی اجتماعی امنگوں کا آئینہ دار ہے اور ایک خودمختار، سماج وادی، سیکولر اور جمہوری جمہوریہ کا ڈھانچہ قائم کرتا ہے۔ یومِ آئین، جسے ’سمودھان دیوس‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ہر سال 26 نومبر کو آئین کو اپنانے کی یاد منانے اور اس کی اقدار و اصولوں کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔
اس تقریب کے ذریعے ڈاکٹر امبیڈکر فاؤنڈیشن آئین کے بارے میں عوامی فہم کو مزید مضبوط بنانے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے افکار، فلسفے اور نظریات کے فروغ کے اپنے عزم کی توثیق کرنا چاہتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد آئینی جمہوریت، مساوات، وقار، اخوت اور سماجی شمولیت پر مکالمے کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے، جس سے ایک منصفانہ، بااختیار اور جامع ہندوستان کے وژن کو تقویت ملتی ہے۔
*******
(ش ح- ن ا)
U.N:8195