ایک ایسا معاشرہ جو مبارک مواقع پر ٹرانس جینڈر خواتین کا خیرمقدم کرتا ہے، لیکن روزمرہ زندگی میں اکثر انہیں عزت اور قبولیت دینے سے گریز کرتا ہے، نیپالی فیچر فلم ’ایلیفینٹس اِن دی فوگ‘ کا مرکزی تضاد ہے۔ فلم کے ہدایت کار اور اسکرین رائٹر ابیناش بکرم شاہ اور مرکزی اداکار پشپا تھنگ لاما نے گوا میں منعقدہ بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے موقع پر پریس سے بات چیت کے دوران فلم اور اس کے موضوعات پر گفتگو کی۔
79ویں کانز فلم فیسٹیول کے ’اَن سرٹین ریگارڈ‘ سیکشن میں جیوری ایوارڈ اور بہترین ساؤنڈ کری ایشن ایوارڈ حاصل کرنے والی اس فلم نے بین الاقوامی سطح پر نیپالی سنیما کے لیے ایک اور اہم سنگ میل قائم کیا ہے۔

نیپال کے پس منظر میں بنی فلم ’ایلیفینٹس اِن دی فوگ‘ کی کہانی پیراٹی نامی ایک ٹرانس جینڈر خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو تین بیٹیوں کی ماں ہے اور اپنے محبوب کے ساتھ نئی زندگی بسانے کا خواب دیکھتی ہے۔ تاہم، اس کی امیدوں کو اس وقت دھچکا لگتا ہے جب جنگلی ہاتھیوں سے گاؤں کی حفاظت کے لیے منعقدہ رات کی گشت کے دوران اس کی سب سے چھوٹی بیٹی اپسرا لاپتہ ہو جاتی ہے۔ تلاش کا عمل آگے بڑھنے کے ساتھ فلم مادریت، شناخت، ذاتی آزادی اور سماجی محرومی کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیتی ہے۔
فلم کے کانز تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملنے والی پذیرائی ان کے لیے ایک ناقابل یقین تجربہ ہے اور عالمی پلیٹ فارم پر نیپالی سنیما کی نمائندگی کرنے پر انہیں اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ایوارڈ حاصل کرنا خاص طور پر خوشی کا باعث ہے۔ ان کے مطابق بہترین ساؤنڈ کری ایشن ایوارڈ اس فلم کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جس کا مقصد ان آوازوں اور تجربات کو نمایاں کرنا ہے جو اکثر سنے نہیں جاتے۔
فلم کے عنوان کی وضاحت کرتے ہوئے شاہ نے بتایا کہ ہاتھی اصل اسکرین پلے کا حصہ نہیں تھے، لیکن رفتہ رفتہ وہ فلم کے مرکزی موضوع کی علامت بن گئے۔ انہوں نے ہاتھیوں اور ٹرانس جینڈر افراد کے درمیان مماثلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھی جب معاشرے کی مقرر کردہ حدود میں رہتے ہیں تو ان کی تعظیم کی جاتی ہے، لیکن ان حدود سے تجاوز کرنے پر انہیں خوف کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اسی طرح ٹرانس جینڈر افراد کا مبارک مواقع پر خیرمقدم کیا جاتا ہے، لیکن روزمرہ زندگی میں اکثر انہیں عزت اور قبولیت سے محروم رکھا جاتا ہے۔ اس تضاد کے ذریعے فلم حاشیے پر موجود برادریوں کے تئیں معاشرے کی مشروط قبولیت پر سوال اٹھاتی ہے۔

پشپا تھنگ لاما کے لیے پیراٹی کا کردار ادا کرنا ایک مشکل ہونے کے ساتھ ساتھ گہرا ذاتی تجربہ بھی تھا۔ خود ایک ٹرانس جینڈر خاتون ہونے کے اپنے تجربے کی روشنی میں انہوں نے ان مشکلات کو اجاگر کیا جن کا سامنا ٹرانس جینڈر افراد کو سماجی قبولیت اور شناخت حاصل کرنے کے لیے اب بھی کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے فلم کو اپنے تجربات وسیع تر ناظرین تک پہنچانے اور اپنی برادری کی کہانیوں کو دیکھنے، سننے اور سمجھنے کا موقع قرار دیا۔
اس کردار کی تیاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے لاما نے کہا کہ اس کے لیے انہیں حقیقی زندگی کے تجربات اور جذبات سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ کردار کے سفر کو اندر سے سمجھنا پڑا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں نقطۂ نظر، ثابت قدمی اور معاشرے کا سامنا کرنے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں اپنی والدہ کی تربیت اور تعلیمات کے اثرات کا بھی ذکر کیا۔
ہدایت کار نے بتایا کہ اس فلم کو تیار کرنے میں تقریباً تین سال لگے۔ پیراٹی کے سفر اور ہاتھیوں کی علامت کے ذریعے ’ایلیفینٹس اِن دی فوگ‘ شناخت اور اپنائیت سے وابستہ سماجی حدود کا جائزہ لیتی ہے اور علامتی طور پر قبول کیے جانے اور روزمرہ زندگی میں عزت و وقار سے محروم رکھے جانے کے درمیان فرق کو اجاگر کرتی ہے۔
پریس سے اس بات چیت کی نظامت لیکشمی پریا نے کی۔
پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے:
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :8198 )