پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 NOV 2026 5:12PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار، سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے وزیرِ مملکت جناب بی ایل ورما کے ہمراہ کل قومی دارالحکومت کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر ( ڈی اے آئی سی) میں سماویش ( سنگل ایکسیس میکانزم فار آل ورٹیکلز آف ایمپاورمنٹ اینڈ سوشل ہارمنی ) اور نئے ای-انودان پورٹل کاآغاز کریں گے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ لانچ حکومتِ ہند کی وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے تحت محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات ( ڈی او ایس جے ای) کے ڈیجیٹل گورننس ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں پلیٹ فارموں کو محکمے کی اسکیموں اور پروگراموں کے نفاذ میں رسائی کو بہتر بنانے، خدمات کی فراہمی کو آسان کرنے، ادارہ جاتی کارکردگی کو بڑھانے اور زیادہ شفافیت و جوابدہی کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سماویش : اسکیموں اور خدمات تک رسائی کا ایک متحد ڈیجیٹل گیٹ وے
محکمہ برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے ذریعے تیار کردہ ’سماویش‘ ایک متحد ڈیجیٹل گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا، جو محکمے کی تمام اسکیموں، خدمات اور تنظیمی پورٹلوں کو ایک ہی مربوط پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔ اس کا مقصد شہریوں، استفادہ کنندگان اور دیگر متعلقہ فریقین کو ایک ہی ڈیجیٹل انٹرفیس کے ذریعے معلومات اور خدمات تک آسان، بلا تعطل اور صارف دوست رسائی فراہم کرنا ہے۔

’سماویش‘ محکمے کے 20 سے زائد پورٹلوں کو آپس میں مربوط کرتا ہے، جن میں نو ایسے پورٹل بھی شامل ہیں جو مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے لیے آغاز سے لے کر اختتام تک ڈیجیٹل ورک فلو فراہم کرتے ہیں۔ متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو یکجا کر کے، اس اقدام کا مقصد نیویگیشن کو آسان بنانا، رسائی کی رکاوٹوں کو کم کرنا اور بہبودی خدمات کی زیادہ مؤثر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
اس کی نمایاں خصوصیات میں ایک مشترکہ لاگ ان کی سہولت شامل ہے، جس کے ذریعے صارفین ایک ہی تصدیقی میکانزم کے تحت متعدد خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس پلیٹ فارم پر ’سماجک سہایک ‘ کے نام سے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک چیٹ بوٹ بھی دستیاب ہوگا، جسے ’بھاشنی‘ کے ساتھ انضمام کے ذریعے 22 سے زائد علاقائی زبانوں میں معلومات اور مدد فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، تاکہ مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے شہریوں کے لیے سرکاری خدمات کو مزید جامع اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔
یہ پورٹل ڈیجی لاکر اور پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم جیسے قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ساتھ انضمام کے ذریعے خدمات تک بلا تعطل رسائی کو مزید آسان بنائے گا۔ ایک مستحکم ’بینیفشری ڈیش بورڈ‘ اسکیموں کے نفاذ اور مستفیدین سے متعلق معلومات کی بہتر نگرانی اور ٹریکنگ میں معاون ثابت ہوگا۔
مصنوعی ذہانت، کثیر لسانی معاونت اور باہمی ربط رکھنے والے ڈیجیٹل ڈھانچے کے انضمام کے ذریعے، ’سماویش‘ محکمے کے لیے ایک زیادہ قابلِ رسائی، فعال اور شہریوں پر مرکوز ڈیجیٹل انٹرفیس قائم کرے گا ۔
نیا ’ای-انودان‘ پورٹل: گرانٹ ان ایڈ کے بندوبست کو آسان بنانا
نیا ’ای-انودان‘ پورٹل محکمے کی چار بڑی اسکیموں — نیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن ( این اے پی ڈی ڈی آر)، اسمائل ، اٹل ویو ابھیودے یوجنا( اے وی وائی اے وائی ) اور شریشٹھ — کے تحت گرانٹ ان ایڈ کے عمل کو ایک متحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لائے گا۔
اس جدید پورٹل کا مقصد محکمے کی اسکیموں کے تحت امداد حاصل کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں ، رضاکارانہ تنظیموں اور دیگر اداروں کے لیے ’کاروبار کرنے میں آسانی‘ کو فروغ دینا ہے۔ یہ درخواست دینے کے طریقہ کار کو آسان بنائے گا، دستاویزی تقاضوں کو کم از کم کرے گا اور دستاویزات کی خودکار تصدیق کا نظام متعارف کرائے گا، جس سے طریقہ کار کی پیچیدگیاں کم ہوں گی اور گرانٹ ان ایڈ کی تجاویز پر زیادہ مؤثر طریقے سے کارروائی ممکن ہو سکے گی۔
یہ پلیٹ فارم ٹیکنالوجی پر مبنی ای-انسپیکشن سہولیات کے ذریعے نگرانی اور جوابدہی کو بھی مضبوط بنائے گا، جس میں ویڈیو پر مبنی معائنے اور جیو ٹیگ شدہ شواہد شامل ہیں۔ یہ خصوصیات مختلف اسکیموں کے تحت معاونت حاصل کرنے والے اداروں اور منصوبوں کی بہتر نگرانی میں مددگار ثابت ہوں گی۔
پی ایف ایم ایس کے ساتھ انضمام سے فنڈز کی تقسیم اور ادائیگیوں کی آغاز سے لے کر اختتام تک ٹریکنگ ممکن ہو سکے گی، جس سے فنڈز کے استعمال میں زیادہ شفافیت یقینی ہوگی اور مالی جوابدہی مضبوط ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ متحد ڈیجیٹل فریم ورک گرانٹ کےبندوبست میں کارکردگی کو بہتر بنائے گا، بروقت پروسیسنگ میں سہولت فراہم کرے گا اور معاونت یافتہ منصوبوں و سرگرمیوں کے نفاذ کی نگرانی کو مؤثر بنائے گا۔
مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
لانچ تقریب میں دو اہم مفاہمتی یادداشتوں ( ایم او یو) کا تبادلہ بھی عمل میں آئے گا، جن کا مقصد تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانا اور ہنر مندی کے فروغ و روزگار کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔
پہلی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات اور ’بھاشنی‘ کے درمیان ہوگا، تاکہ کثیر لسانی رسائی اور ’سماویش‘ کے ساتھ لسانی ٹیکنالوجی کی خدمات کے انضمام کو آسان بنایا جا سکے۔ یہ تعاون 22 سے زائد علاقائی زبانوں میں معلومات اور خدمات تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا اور دستاویزات کا خلاصہ تیار کرنے سمیت ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات فراہم کرے گا، جس سے پلیٹ فارم کے جامع اور شہریوں پر مرکوز نقطہ نظر کو مزید تقویت ملے گی۔
دوسری مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات اور نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( این ایس ڈی سی) کے درمیان ہوگا، تاکہ ’پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا‘ ( پی ایم اجے ) کے گرانٹ ان ایڈ جزو کے تحت ہنر مندی اور روزگار کے لیے معاونت اور خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس شراکت داری کا مقصد مستفیدین کے لیے ہنر مندی کے فروغ اور روزگار سے متعلق اقدامات کو مضبوط بنانا ہے، جس سے روزگار کے مواقع تک بہتر رسائی اور ان کی سماجی و اقتصادی بااختیاری میں مدد ملے گی۔
’سماویش‘ اور نئے ’ای-انودان‘ پورٹل کا آغاز بہبودی پروگراموں کے زیادہ مؤثر نفاذ کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور ادارہ جاتی شراکت داری سے فائدہ اٹھانے کے محکمے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ توقع ہے کہ ان اقدامات سے محکمے کے خدمات فراہم کرنے کے ڈھانچے مضبوط ہوں گے، شہریوں اور عمل درآمد کرنے والی تنظیموں کے لیے رسائی میں آسانی ہو گی اور جامع، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی کے وسیع تر مقصد کو آگے بڑھایا جائے گا ۔
(ش ح- ن ا)
U.N:8187