پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 6:48PM by PIB Delhi
وزارت کوئلہ نے 20 نومبر 2026 کو ”کوئلہ اور لگنائٹ کی کانوں کے لیے کان کنی کے منصوبے اور کانوں کی بندش کے منصوبے کی تیاری سے متعلق رہنما خطوط، 2026“ جاری کیے ہیں۔ یہ رہنما خطوط ان کے اجرا کی تاریخ سے 30 دن بعد نافذ العمل ہوں گے۔ ان رہنما خطوط میں کان کنی کے منصوبوں کی تیاری اور کانوں کی بندش کے لیے منظم اور سائنسی طریقۂ کار پر مبنی ایک نتیجہ خیز فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔ یہ موجودہ قانونی ڈھانچے کی تکمیل کرتے ہیں اور ان تعمیلی تقاضوں کی تکرار سے گریز کرتے ہیں جو دیگر قانونی دفعات کے تحت پہلے ہی شامل ہیں۔
ان رہنما خطوط کے تحت جانچ پڑتال اور منظوری کے مختلف مراحل کے لیے متعین مدت مقرر کی گئی ہے، تاکہ فیصلے وقت کی پابندی کے ساتھ کیے جا سکیں۔ کانوں کی بندش سے متعلق کاموں کے لیے ایسکرو اکاؤنٹ سے رقم کی واپسی کے دعوے کی وصولی کے بعد ادائیگی کی مدت گھٹا کر ایک ماہ کر دی گئی ہے، جس میں دعووں کی نمونہ جاتی جانچ کا التزام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، ایسکرو اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کے لیے ہر پانچ سال بعد پیش کیے جانے والے دعووں کی تصدیق کرنے والی ایجنسیوں کے دائرۂ کار کو بھی وسیع کیا گیا ہے۔
ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے، ان رہنما خطوط میں زیرِ زمین کوئلہ گیس کاری کو کان کنی کے ایک طریقۂ کار کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور ”زیر زمین گیس کاری کے لیے کوئلہ اور لگنائٹ کے بلاکس/ کانوں کے کان کنی منصوبے کی تیاری اور منظوری سے متعلق رہنما خطوط، 2026“ کو ان رہنما خطوط کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، منصوبوں کے نفاذ کے ذمہ دار فریقوں کو موجودہ حالات کے مطابق زیادہ لچک فراہم کی گئی ہے، جس سے کانوں کو تیزی سے فعال بنانے میں مدد ملے گی۔
توقع ہے کہ ان رہنما خطوط سے آسان، عملی اور وقت کی پابندی پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ ملے گا اور کانوں کو تیزی سے فعال بنانے میں مدد ملے گی، جس سے ملک کی توانائی کی سلامتی کو تقویت حاصل ہوگی۔ یہ رہنما خطوط ایک واضح اور مرکوز ضابطہ جاتی فریم ورک فراہم کرتے ہیں، ساتھ ہی سائنسی بنیادوں پر کانوں کی بندش اور مقامی برادریوں کے مفاد میں ان کے متبادل استعمال کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 8158