فلم سازی کے ایک اہم مرکز کے طور پر گوا کی صلاحیت، فلموں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات اور اس کے منفرد قدرتی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت، 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (افّی) کے دوران منعقدہ ایک دلچسپ پینل مباحثے کے اہم موضوعات رہے۔ اس مباحثے کا عنوان ‘سنیما میں گوا’ تھا۔
کونکنی، ہندی اور بین الاقوامی سنیما سے وابستہ شخصیات نے اس مباحثے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس نشست میں معروف کونکنی فلم ساز راجندر تالک، ہندی فلموں کے ہدایت کار اور اسکرین رائٹر وجے کرشنا آچاریہ، اور فرانسیسی اداکارہ ماریانے بورگو نے شرکت کی۔ فلمی نقاد سچن چاٹے نے مباحثے کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔

گوا کو فلم سازی کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر ابھرنے کے امکانات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ہندی فلموں کے ہدایت کار اور اسکرین رائٹر وجے کرشنا آچاریہ نے ریاست کی منفرد بصری دلکشی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کیا، جو برسوں سے فلم سازوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوا کا اپنا ایک جداگانہ اور دلکش تشخص ہے، جو اسے سنیما میں استعمال ہونے والے دیگر روایتی مقامات سے ممتاز بناتا ہے۔ فلم ‘کبھی ہاں کبھی ناں’ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فلم کے کردار اور اس کا ماحول گوا سے اس قدر فطری طور پر جڑے ہوئے تھے کہ اس کہانی کا حقیقی حسن اور اثر صرف گوا ہی کے پس منظر میں نکھر سکتا تھا۔
فلم سازی کو معاشی اعتبار سے قابلِ عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آچاریہ نے ریاست میں ایک جدید فلم سٹی کے قیام کی تجویز پیش کی، جہاں مختلف بجٹ کے حامل فلم ساز اپنی فلموں کی شوٹنگ کر سکیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘فلم سازی میں لاگت ایک انتہائی اہم پہلو ہے۔ اگر گوا میں مسابقتی اخراجات پر موزوں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ مزید فلمی پروڈکشنز کو اپنی جانب راغب کر سکتا ہے۔’’انہوں نے فلمی اسکولوں اور فلمی خواندگی کے مراکز کے قیام کے امکانات کی جانب بھی توجہ دلائی۔ ان کے مطابق، ایسے ادارے مقامی افراد کو فلمی صنعت میں پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ یہ اقدامات آنے والی نسلوں پر دور رس اثرات مرتب کرنے کے ساتھ گوا کو ایک منفرد فنکارانہ و تخلیقی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب، معروف کونکنی فلم ساز راجندر تالک نے گوا میں فلم سٹی کے قیام کی افادیت اور اس کی معاشی عملیت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں فلم سازی کے لیے پہلے ہی وسیع امکانات موجود ہیں، جہاں قدرتی مناظر، روایتی مکانات اور تاریخی و ثقافتی ورثے کے مقامات فلموں کی شوٹنگ کے لیے مختلف النوع پس منظر فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلم سازی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات گوا کی ثقافتی شناخت اور قدرتی ماحول کے تحفظ سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔
تالک نے نشاندہی کی کہ فلمی مقامات کے طور پر گوا کے بیشتر حصے ابھی تک منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔ ان کے بقول، ‘‘گوا کا بمشکل دس فیصد حصہ ہی فلم سازی کے لیے دریافت کیا جا سکا ہے۔’’ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ فلم سازوں کے لیے ریاست کے نئے اور غیر دریافت شدہ مقامات تلاش کرنے اور وہاں کے متنوع ماحول سے ہم آہنگ کہانیاں تخلیق کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ گوا کے موجودہ قدرتی و ثقافتی مناظر کو دریافت کریں اور ایسے موضوعات و کہانیاں تلاش کریں جو ان مقامات کے ماحول میں فطری طور پر رچ بس جائیں۔
فرانسیسی اداکارہ ماریانے بورگو نے، جو گوا کو اپنا وطن بنا چکی ہیں، مباحثے میں ایک مقامی باشندے کے نقطۂ نظر سے اپنے خیالات پیش کیے۔ انہوں نے فلم سازی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ریاست کے قدرتی ماحول، روایتی مکانات اور منفرد ثقافتی ورثے کی قدر و اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم سازوں کو گوا میں شوٹنگ کے دوران حساسیت، ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تاکہ ریاست کی منفرد شناخت اور اس کے قدرتی و ثقافتی حسن کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے افّی کے دوران فلم ‘او ماریہ’ دیکھنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسی فلم کے ذریعے انہیں کونکنی سنیما میں مضمر غیر معمولی صلاحیتوں اور فنکارانہ خوبیوں کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
پینل مباحثے کے دوران سنیما میں گوا اور اس کے عوام کی روایتی اور یک رخی عکاسی کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ فلم سازوں کے لیے گوا کی متنوع ثقافت، معاشرت اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی نئی کہانیاں پیش کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاکہ سنیما میں ریاست کی زیادہ جامع، حقیقت پسندانہ اور ہمہ جہت تصویر پیش کی جا سکے۔
افّی لوائیڈ یہاں پڑھیں:https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا ک۔ر ب۔
U-8149