شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ممبئی میں 23 نومبر 2026 کو مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)، کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور صنعتی پیداوار کے اشاریہ (آئی آئی پی) کی نئی سیریز ڈیٹا یوزر  کانفرنس کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 5:32PM by PIB Delhi

شماریات و پروگرام  کےنفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) نے علمی شراکت دار کے بطور ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے اشتراک سے 23 نومبر 2026 کو ممبئی میں ’’مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)، کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور صنعتی پیداوار کے اشاریہ (آئی آئی پی) کی نئی سیریز پر ڈیٹا ڈیٹا  یوزر کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا۔ سال 2026 کے دوران مختلف اوقات میں جی ڈی پی، سی پی آئی اور آئی آئی پی کے نظرثانی شدہ سیریز کے اجرا کے بعد اس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، تاکہ ڈیٹا صارفین کو ہر نظرثانی شدہ سیریز میں شامل طریقۂ کار سے متعلق تبدیلیوں، اعداد و شمار کے ذرائع اور اہم اصلاحات سے واقف کرایا جا سکے۔ اس کا مقصد ان تبدیلیوں اور ان کے نتیجے میں مرتب ہونے والے تخمینوں پر پڑنے والے اثرات کو بہتر طور پر سمجھنے میں بھی سہولت فراہم کرنا تھا۔

اس کانفرنس میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، سیبی، ماہرینِ معاشیات، معاشی پیش گوئی کرنے والے ماہرین، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، مالیاتی اداروں اور بینکاری شعبے کے ماہرین، علمی و تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں، صنعت اور سرمایہ کار تنظیموں، سرکاری ڈیٹا یوزرس کے نمائندوں اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس میں وزارتِ شماریات و پروگرام نفاذ کے ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) ڈاکٹر دلیپ سنگھ نے استقبالیہ پیش کیا؛ وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر سوربھ گرگ نے کانفرنس کے پس منظر اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی؛ ریزرو بینک آف انڈیا کی ڈپٹی گورنر ڈاکٹر پونم گپتا نے افتتاحی خطاب کیا؛ ایچ ڈی ایف سی  بینک کے سابق چیئرمین جناب دیپک پاریکھ نے کلیدی خطبہ دیا؛ جبکہ وزارتِ شماریات و پروگرام  کے نفاذ کے قومی اکاؤنٹس ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جناب سدھارتھ کنڈو نے اظہارِ تشکر کیا۔ ان اشاریوں کی نظرثانی شدہ سیریز سے متعلق مختصر تعارفی نوٹ پر مشتمل ایک کتابچہ بھی شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔

ڈاکٹر دلیپ سنگھ، ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ معاشی تجزیے، پالیسی سازی اور باخبر فیصلہ سازی کی بنیاد میکرو اکنامک اعداد و شمار پر قائم ہے اور جی ڈی پی، سی پی آئی اور آئی آئی پی مشترکہ طور پر معاشی سرگرمیوں اور ترقی کی جامع تصویر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ساخت، پیداواری عمل، کھپت کے رجحانات اور ٹیکنالوجی میں مسلسل تبدیلیوں کے پیش نظر شماریاتی نظام کو بھی بدلتے ہوئے معاشی حقائق کی صحیح عکاسی کرنے کے واسطے مسلسل ترقی کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزارتِ شماریات و پروگرام  کےنفاذ نے ان تینوں اشاریوں کی بنیادی سال کی نظرثانی کا عمل مکمل کرکے سال 2026 کے دوران ان کی نئی سیریز جاری کی ہیں، جن میں انتظامی اور سروے پر مبنی اعداد و شمار کے زیادہ استعمال، وسیع تر دائرۂ کار اور طریقۂ کار میں اہم اصلاحات کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ماہرین کی کمیٹیوں، مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، ریزرو بینک آف انڈیا اور دیگر اداروں کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔

ڈاکٹر سوربھ گرگ، سکریٹری، وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ نے کانفرنس کے پس منظر اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک سال بعد ممبئی میں اس کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس مرتبہ بنیادی سال پر نظرثانی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ نئی سیریز کے تحت پہلی سہ ماہی کے جی ڈی پی تخمینے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ دوسری سہ ماہی کے تخمینے جلد ہی جاری کیے جانے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو سال پر محیط اس عمل کی تکمیل مختلف ماہرین کی کمیٹیوں، دیگر وزارتوں اور محکموں، ریاستی حکومتوں، ریزرو بینک آف انڈیا اور دیگر ضابطہ جاتی اداروں کے تعاون سے ممکن ہو سکی ہے۔مستقبل کے لائحۂ عمل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے وزارت کی ترجیحات بھی بیان کیں، جن میں مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) کے بنیادی سال کو نظر ثانی کر کے 23-2022 کرنا اور زیادہ باریک بینی سے فیصلہ سازی کے لیے ضلعی گھریلو پیداوار کے تخمینے تیار کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ، قومی حسابات کے نظام (ایس این اے) 2025 کے نفاذ کی تیاری، جس میں فلاح و بہبود اور رسد سے متعلق حسابات، اثاثے کی حالت سے اعداد و شمار کی اہمیت کا اعتراف اور قدرتی وسائل کی قدر کا تعین شامل ہے؛ خلائی، ثقافتی، ڈیجیٹل اور شہری معیشتوں کے لیے سیٹلائٹ اکاؤنٹس تیار کرنا؛ خدمات کی پیداوار کے اشاریہ کو مستحکم بنانا اور قومی صنعتی و مصنوعات کی درجہ بندیوں کو اپ ڈیٹ کرنا بھی شامل ہے۔ یہ تمام اقدامات وِکسِت بھارت 2047 کے ہدف کے حصو ل کے لیے بروقت، متعلقہ اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔

ڈاکٹر پونم گپتا، ڈپٹی گورنر، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اپنے افتتاحی خطاب میں تینوں اشاریوں کے بنیادی سال کی نظرثانی کا عمل بروقت مکمل کرنے پر وزارتِ شماریات و پروگرام  کےنفاذ کو مبارکباد پیش کی اور ڈیٹا  کےصارفین کے ساتھ وزارت کی وسیع تر مشاورت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سال پر نظرثانی محض ایک معمول کاتکنیکی اپ ڈیٹ نہیں ہے، بلکہ اس کے ذریعے معیشت کی ساخت، کھپت کے رجحانات اور ترقی کے ذرائع میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کی عکاسی ہوتی ہے، جن کی بہتر پیمائش پالیسی سازی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے نظرثانی شدہ سیریز کی اہم خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے نیشنل اکاؤنٹس میں ڈبل ڈیفلیشن اور انتظامی اعداد و شمار کے وسیع تر استعمال، سپلائی یوز ٹیبل کے فریم ورک کے ذریعے جی ڈی پی کے طلب اور رسد پر مبنی تخمینوں میں ہم آہنگی، سی پی آئی میں تازہ ترین طریقۂ کار اور بنیادی افراطِ زر کی زیادہ درست پیمائش، نیز آئی آئی پی میں ٹیکنالوجی اور کھپت پر مبنی شعبوں کو زیادہ وزن دینے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی پالیسی کے نقطۂ نظر سے ان اصلاحات کے نتیجے میں مختلف دورانیے میں جاری ہونے والے تخمینوں میں زیادہ استحکام اور نظرثانی کی کم گنجائش متوقع ہے۔ انہوں نے اعداد و شمار کے ایک مستقل صارف کی حیثیت سے آر بی آئی کی اس دلچسپی کا بھی اعادہ کیا کہ نظرثانی کا طریقۂ کار واضح اور متوقع ہو اور وزارت کے ساتھ مسلسل تبادلۂ خیال جاری رہے۔

ایچ ڈی ایف سی  بینک کے سابق چیئرمین جناب دیپک پاریکھنے اپنے کلیدی خطاب میں پانچ دہائیوں سے زائد کے تجربے کی روشنی میں اس بات پر زور دیا کہ میکرو اکنامک ڈیٹا کیسے بازاروں کی سمت متعین کرتے ہیں، سرمایہ کاروں کے رجحانات پر اثر انداز ہوتے ہیں اور بینکوں، کمپنیوں اور پالیسی سازوں کے فیصلوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس چیز کی پیمائش کی جاتی ہے، اسی کا بہتر انتظام کیا جا سکتا ہے اور جس کی نگرانی کی جاتی ہے، اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔‘‘ ان کے مطابق اعداد و شمار میں زمینی حقیقت کی درست عکاسی ہونی چاہیے اور عوامی مفاد کی خدمت انجام دینے والے شماریاتی اداروں کی خودمختاری اور دیانت داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سال 2026 کو ہندوستان کے شماریاتی نظام کی جدید کاری  کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظرثانی کے ذریعے قومی حسابات سے متعلق پہلے سامنے آنے والے خدشات کو دور کیا گیا ہے۔ انہوں نے زیادہ تواتر سے دستیاب اشاریوں اور رات کے وقت روشنی اور آن لائن سرچ کے رجحانات جیسے اعداد و شمار کے نئے ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال کا خیرمقدم کیا، تاہم  انہوں نے اس بات سےخبردار بھی کیا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے ساتھ مناسب حفاظتی اقدامات ضروری ہیں اور یہ انسانی فہم و بصیرت کا متبادل نہیں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مکانات سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کی ضرورت پر بھی زور دیا، کیونکہ اس شعبے کے دیگر متعلقہ صنعتی شعبوں کے ساتھ مضبوط سابقہ اور لاحقہ وابط ہیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد جی ڈی پی، سی پی آئی اور آئی آئی پی کی نئی سیریز پر تین تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں وزارتِ شماریات و پروگرام  کےنفاذ اور ریزرو بینک آف انڈیا کے افسران نے طریقۂ کار میں کی جانے والی تبدیلیوں، اعداد و شمار کے ذرائع اور اہم اصلاحات کے بارے میں تفصیلی معلومات پیش کیں۔

پروفیسر بسنت کمار پردھان، ڈائریکٹر (وائس چانسلر)، آئی جی آئی ڈی آر کی صدارت  میں  منعقدہ پہلے تکنیکی اجلاس میں بنیادی سال 23-2022 کے ساتھ جی ڈی پی کی نئی سیریز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزارتِ شماریات و پروگرام  کےنفاذ کے نیشنل اکاؤنٹس ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب راجیش کمار شرما نے وضاحت کی کہ اس نظرثانی میں معیشت کی ساخت، نسبتی قیمتوں اور کھپت کے رجحانات میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اعداد و شمار کے نئے ذرائع اور تازہ ترین بین الاقوامی معیارات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اہم تبدیلیوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اے ایس یو ایس ای اور پی ایل ایف ایس کے اعداد و شمار کے استعمال سے غیر کارپوریٹ شعبے کی سالانہ پیمائش کو زیادہ مستحکم اور براہِ راست بنایا گیا ہے؛ ایم سی اے-21 میں جمع کردہ تفصیلات کے ذریعے مختلف سرگرمیوں میں کارپوریٹ کی مجموعی ویلیو ایڈڈ (جی وی اے) کی تقسیم کی گئی ہے؛ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کی طرف سے فراہم کی جانے والی خوراک سبسڈی، سرکاری پنشن میں شراکت اور سرکاری رہائش گاہوں کے تخمینہ کرایے کے حساب کتاب کے طریقۂ کار پر نظرثانی کی گئی ہے؛ زراعت کے علاوہ مستقل قیمتوں پر مینوفیکچرنگ کے مجموعی ویلیو ایڈڈ (جی وی اے) کے تخمینے کے لیے ڈبل ڈیفلیشن کا طریقہ متعارف کرایا گیا ہے؛ نجی حتمی کھپت کے اخراجات کے تخمینے کو بہتر بنایا گیا ہے؛ اور قومی حسابات کے ساتھ مربوط سپلائی یوز ٹیبل کے دائر ہ کو وسیع کیا گیا ہے۔ سہ ماہی قومی حسابات کی تیاری کے طریقۂ کار میں کی جانے والی تبدیلیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن میں تناسبی بینچ مارکنگ، تازہ ترین پرائس انڈیکس اور جی ایس ٹی، ای-واہن اور پی ایف ایم ایس سے حاصل ہونے والے انتظامی اعداد و شمار کے زیادہ مؤثر استعمال کو شامل کیا گیا۔ شرکاء کو 31 اگست 2026 کو شائع تفصیلی’نیشنل اکاؤنٹس اسٹیٹسٹکس‘ اور 21 ستمبر 2026 کو ’قومی حسابات کے اعداد و شمار کی تیاری کے ذرائع اور طریقۂ کار‘ سے متعلق دستاویز کے اجرا کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے اسسٹنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر انیربان سانیال نے  رواں سہ ماہی کی حقیقی جی ڈی پی اور غیر زراعتی مجموعی ویلیو ایڈڈ (جی وی اے) کی شرحِ نمو کے بارے میں آر بی آئی کے ماڈل پر مبنی فوری تخمینے پیش کیے۔ ان تخمینوں میں تقریباً 120 زیادہ تواتر والے اشاریوں اور ڈائنامک فیکٹر ماڈل، مشین لرننگ ماڈلز اور رِج ریگریشن سمیت مختلف طریقوں سے استفادہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں ڈائنامک فیکٹر ماڈل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

کیئر ایج گروپ کی چیف اکانومسٹ محترمہ رجنّی سنہا کی صدارت میں منعقد ہونے والے دوسرے تکنیکی اجلاس میں بنیادی سال 2024=100 کے ساتھ سی پی آئی کی نئی سیریز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ کے پرائس اسٹیٹسٹکس ڈویژن نے اس نظرثانی کو ہندوستان کے قیمتوں سے متعلق شماریاتی نظام کو جدید بنانے اور خوردہ افراطِ زر کی پیمائش کو گھریلو کھپت کے موجودہ رجحانات اور بدلتے ہوئے بازارکے ڈھانچے سے ہم آہنگ رکھنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ نظرثانی شدہ سیریز میں  اخراجات کے وزن کے تعین کے لیے گھریلو کھپت کے اخراجات کے سروے 24-2023کوبروئے کار لایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کھپت کی اشیا و خدمات کے تازہ ترین زمرے، نظرثانی شدہ پیمائشی ڈھانچہ، جغرافیائی اور بازارکی کوریج میں توسیع، کو آئی سی او پی 2018 کی درجہ بندی کو اپنانے اور پرائس کلیکشن و اشاریہ مرتب کرنے کے بہتر طریقۂ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سی پی آئی 2024 کے سلسلے میں انتظامی اور ای- کامرس کے اعداد و شمار کے وسیع پیمانے پر استعمال کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے افراطِ زر کی پیمائش اور مالیاتی پالیسی پر ان تبدیلیوں کے مرتب ہونے والے اثرات پر اپنی تفصیلی پیشکش کی۔

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب روی شنکر کی صدارت میں منعقدہ تیسرے تکنیکی اجلاس میں بنیادی سال 23-2022 کے ساتھ صنعتی پیداوار کے اشاریہ (آئی آئی پی) کی نئی سیریز  پر گفتگو کی گئی۔ اس سلسلے کو وزارتِ شماریات و پروگرام کےنفاذ کے اقتصادی شماریات ڈویژن (ای ایس ڈی) نے پیش کیا۔ وزارت کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محترمہ انکیتا سنگھ نے بنیادی سال کو12-2011 سے تبدیل کرکے 23-2022 کرنے سے متعلق پیشکش کی، جس میں نئی سیریز کے تحت متعارف کرائی گئی طریقۂ کار اور دائرۂ کار سے متعلق اہم اصلاحات کو اجاگر کیا گیا۔

نظرثانی شدہ آئی آئی پی کی نئی سریز میں نئے شعبوں، یعنی ’’آبی سپلائی، سیوریج اور فضلہ کے نظم‘‘ اور ’’گیس کی فراہمی‘‘ کو شامل کرکے اس کے دائرۂ کار کو وسیع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کان کنی اور پتھر نکالنے کے شعبے میں معمولی معدنیات اور نایاب زمینی معدنیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مزید تفصیلی درجہ بندی کے تحت اب کان کنی اور پتھر نکالنے کے شعبے میں تین ذیلی شعبہ جاتی اشاریے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں دھاتی معدنیات، غیر دھاتی معدنیات اور ایندھن کی معدنیات شامل ہیں۔ اسی طرح، بجلی کے اشاریے کو اب دو ذیلی اشاریوں کے تحت جاری کیا جائے گا، جن میں قابلِ تجدید اور غیر قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو الگ الگ ظاہر کیاجاناہے۔ شعبہ جاتی اور ذیلی شعبہ جاتی وزن کا تعین بنیادی سال 23-2022 کے لیے قومی حسابات کے اعداد و شمار اور صنعتوں کے سالانہ سروے (اے ایس آئی) سے حاصل کردہ متعلقہ معلومات کی بنیاد پر نظرثانی کے بعد کیا گیا ہے۔ نئی سیریز کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ ایسی فیکٹریوں کی جگہ دوسری فیکٹریوں کو شامل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے جو بند ہو چکی ہوں، پیداوار روک چکی ہوں یا اپنی مصنوعات کی اقسام تبدیل کر چکی ہوں۔ اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ پورے سلسلے کے دوران نمونہ نمائندہ حیثیت برقرار رکھے۔ مزید برآں، بین الاقوامی سفارشات کے مطابق قیمتوں میں کمی کے اثرات کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے آؤٹ پٹ پروڈیوسر پرائس انڈیکس (آؤٹ پٹ پی پی آئی)کو بروئے کارلایا جا رہا ہے۔ چین لنکڈ آئی آئی پی کی تیاری بھی اس کی افادیت اور قابلِ اعتماد ہونے کا جائزہ لینے کے لیے تجرباتی بنیادوں پر کی جائے گی۔

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے صنعتی اور کارپوریٹ شعبے کے تجزیے اور اعداد و شمار کی فراہمی کے موضوع پر بھی ایک پیشکش  دی۔ اس میں بتایا گیا کہ درج شدہ کمپنیوں کے مالیاتی نتائج، آڈٹ شدہ سالانہ کھاتوں اور سہ ماہی سروے سے حاصل ہونے والے کارپوریٹ شعبے کے اعداد و شمار مالیاتی پالیسی کی تشکیل میں معاون ہوتے ہیں، جی ڈی پی کے اعداد و شمار جاری ہونے سے قبل طلب کی صورتحال کا جائزہ لینے میں مدد دیتے ہیں اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مالیاتی استحکام کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔ آر بی آئی نے اپنے ڈیٹا بیس آن انڈین اکانومی (ڈی بی آئی ای) اور آر بی آئی ڈیٹا موبائل ایپلی کیشن کو بھی متعارف کرایا اور معاشی اعداد و شمار کی بروقت دستیابی، رسائی اور معیاری بنانے کے لیے جاری اقدامات کو اجاگر کیا۔

ہر تکنیکی اجلاس کے بعد کھلی بحث کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے اعداد و شمار کے نئے ذرائع، طریقۂ کار اور پالیسی سازی و معاشی پیش گوئیوں پر ان کے اثرات کے حوالے سے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں۔ وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ اور ریزرو بینک آف انڈیا کے افسران نے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیے۔ اختتامی اجلاس میں الوداعی کلمات پیش کیے گئے، جس کے بعد وزارتِ شماریات و پروگرام  کےنفاذ کے نیشنل اکاؤنٹس ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے اظہارِ تشکر کیا۔

اس کانفرنس میں اعداد و شمار کے صارفین اور سرکاری اعداد و شمار مرتب کرنے والے اداروں کو طریقۂ کار میں کی گئی تبدیلیوں، ان کی تشریح اور ان کے اثرات پر براہِ راست تبادلۂ خیال کرنے کا اہم موقع فراہم ہوا۔ اس کے ذریعے وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ نے ’’ترقی کے واسطے اعداد و شمار‘‘ اور وِکسِت بھارت 2047 کے وژن کے مطابق سرکاری شماریاتی معلومات کی بہتر تفہیم اور مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

****

) ش ح – م ش ع- اش ق  )  

U-No. 8148

 


(ریلیز آئی ڈی: 2340499) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi