شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

غیر کارپوریٹ شعبے کے کاروباری اداروں کا سہ ماہی بلیٹن(کیو بی یو ایس ای)


(جائزے کی مدت: جولائی 2026 سے ستمبر 2026)

غیر کارپوریٹ شعبے میں سالانہ مضبوط شرحِ نمو درج

کاروباری اداروں کی تعداد میں 19 فیصد اور روزگار کے مواقع میں 17 فیصد اضافہ

خدمات کا شعبہ بدستور ترقی کا اہم محرک بنا ہوا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 4:00PM by PIB Delhi

اہم جھلکیاں:

  • جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران کاروباری اداروں کی تعداد اور روزگار میں سال بہ سال نمایاں اضافہ درج کیا گیا، جس سے اس شعبے میں اب تک کی کسی بھی سہ ماہی کے مقابلے میں سب سے زیادہ شرحِ نمو ظاہرہے۔
  • کاروباری اداروں کی تخمینہ تعداد 9.47 کروڑ درج ہوئی، جس  سے سال بہ سال 18.81 فیصد اضافے کی نمائندگی ہوتی ہے۔
  • غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے میں روزگار پانے والوں کی تعداد 15.03 کروڑ تک پہنچ گئی۔ دیگر خدمات کے شعبے نے ترقی کے اہم محرک کی حیثیت سے ابھرتے ہوئے روزگار میں 33 فیصد سے زیادہ اضافہ درج کیا۔
  • گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا۔
  • جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران کاروباری اداروں کے رجسٹریشن کی شرح بڑھ کر 43.28 فیصد درج کی گئی، جو جولائی سے ستمبر 2025 کے مقابلے میں 6 فیصد سے زیادہ پوائنٹس کا اضافہ ہے۔
  • غیر نقدی لین دین کو وسیع پیمانے پر قبولیت حاصل رہی، جہاں تقریباً ہر 10 میں سے 8 کاروباری اداروں (80 فیصد) نے غیر نقدی لین دین کے طریقے اپنائے۔

 

این ایس او کی طرف سے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے لیے غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے کے تخمینے جاری

قلیل مدتی اشاریوں کی دستیابی کو مستحکم بنانے کے اپنے عزم کے تحت، قومی شماریاتی دفتر (این ایس او)، وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ (ایم او ایس پی آئی) کی جانب سے 2025 سے غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے کے اہم نتائج پر مبنی سہ ماہی بلیٹن شائع کیے جا رہے ہیں۔ جولائی سے ستمبر 2026 کے لیے جاری کیا جانے والا موجودہ بلیٹن، غیر کارپوریٹ شعبے کے کاروباری اداروں کا سہ ماہی بلیٹن(کیو بی یو ایس ای) ، غیر کارپوریٹ شعبے کے کاروباری اداروں کے سالانہ جائزے(اے ایس یو ایس ای) کا سہ ماہی ایڈیشن ہے، جس سےاس شعبے کے اہم سہ ماہی تخمینے فراہم ہوتے ہیں۔ کیو بی یو ایس ای  ہندوستانی معیشت کے ایک انتہائی متحرک شعبے سے متعلق بروقت، قابلِ اعتماد اور قابلِ عمل اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے این ایس او کے مسلسل عزم کی نمائندگی ہے، جو باخبر پالیسی سازی، تحقیق اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہوگا۔

جہاں اے ایس یو ایس ای مالی اور غیر مالی اشاریوں کے وسیع تر مجموعے کے تفصیلی سالانہ تخمینے جاری کرتا ہے، وہیں کیو بی یو ایس ای اسی طریقۂ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے غیر کارپوریٹ غیر زراعتی کاروباری اداروں کے حجم، ساخت اور روزگار کے خاکے سے متعلق باقاعدہ سہ ماہی تخمینے فراہم کرتا ہے۔ سہ ماہی اعداد و شمار کا مقصد اس شعبے میں قلیل مدتی تبدیلیوں اور رجحانات کی نمائندگی کرنا ہے۔

غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبہ ہندوستانی معیشت میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں اس کا حصہ نمایاں  ہونےکے ساتھ ساتھ روزگار کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے اور مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں اور سپلائی چین کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس شعبے کی اہمیت کے پیشِ نظر، این ایس او نے 22-2021میں اے ایس یو ایس ای کا آغاز کیا۔ اس کے بعد مسلسل تین سالانہ دورانیے کے جائزے انجام دیئےگئے ، جن کے ذریعے اس شعبے کی ساخت، کام کاج اور اقتصادی کارکردگی کے بارے میں جامع اور یکساں معلومات فراہم کی گئیں۔ یہ پریس نوٹ جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے بلیٹن سے متعلق ہے۔ یہ وزارت کی ویب سائٹ (https://mospi.gov.in) پر دستیاب ہے۔

اے ایس یو ایس ای2026 کے دائرۂ کار، نمونہ جاتی طریقۂ کار اور اعداد و شمار جمع کرنے کے نظام کا مختصر جائزہ اختتامی نوٹ میں پیش کیا گیا ہے۔

جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے نتائج کی اہم جھلکیاں:

غیر کارپوریٹ شعبے میں سال بہ سال مضبوط ترقی درج

غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے میں اداروں کی تعداد کے لحاظ سے سال بہ سال 18.81 فیصد کی نمایاں ترقی درج کی گئی، جس کے نتیجے میں جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران اداروں کی تخمینہ تعداد بڑھ کر 9.47 کروڑ تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں یہ تعداد 7.97 کروڑ تھی۔ شہری علاقوں میں 22.05 فیصد کی نمایاں ترقی ریکارڈ کی گئی، جو اس اضافے کا اہم محرک بن کر ابھری ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں بھی 16.05 فیصد کا نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔

سال بہ سال بنیاد پر سب سے زیادہ شرحِ نمو درج کرنے والے پانچ اہم صنعتی شعبوں میں خوردہ تجارت، مرمت اور دیکھ ریکھ کی خدمات، زمینی نقل و حمل کی سرگرمیاں، ذاتی خدمات کی سرگرمیاں اور ملبوسات کی تیاری شامل ہیں۔

افرادی قوت کے رجحانات: غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے میں ملازمت کرنے والے افراد کی تخمینہ تعداد جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران بڑھ کر 15.03 کروڑ تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 16.86 فیصد کی نمایاں سالانہ ترقی ظاہر کرتی ہے۔ خدمات کے شعبے نے اس اضافے میں اہم محرک کا کردار ادا کیا اور اس شعبے میں افرادی قوت کی تخمینہ تعداد میں 33 فیصد سے زیادہ کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سہ ماہی اعداد و شمار کی بنیاد پر اداروں اور ملازمین کی تخمینہ تعداد نقشہ 1 میں پیش کی گئی ہے:

افرادی قوت کی ساخت میں تبدیلیاں:

جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے دوران غیر کارپوریٹ شعبے کی افرادی قوت میں کام کرنے والے مالکان کا تناسب بدستور سب سے زیادہ درج کیا گیا۔ مجموعی ملازمین میں ان کا حصہ 61.99 فیصد ہے، جبکہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں یہ تناسب 59.98 فیصد تھا۔ اگرچہ مجموعی روزگار میں اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کا تناسب کم ہوا، تاہم اسی مدت کے دوران ایسے ملازمین کی کل تعداد میں تقریباً 5 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔

جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران دیہی روزگار میں ترقی کی شرح شہری روزگار کے مقابلے میں معمولی طور پر زیادہ درج کی گئی۔ دیہی علاقوں میں سال بہ سال 17.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہری علاقوں میں یہ اضافہ 16.30 فیصد ہے۔

سرگرمیوں کے وسیع زمروں (مینوفیکچرنگ، تجارت اور دیگر خدمات) کے تحت اداروں اور ملازمین کا فیصد حصہ بالترتیب نقشہ 2 اور نقشہ 3 میں پیش کیا گیا ہے۔

نقشہ 3: سرگرمیوں کے وسیع زمروں (جولائی تا ستمبر 2026) کے لحاظ سے ملازمین کا فیصد حصہ

نقشہ 2: سرگرمیوں کے وسیع زمروں (جولائی تا ستمبر 2026) کے لحاظ سے اداروں کا فیصد حصہ

 

خدمات کا شعبہ بدستور ترقی کا اہم محرک برقرار:

اگرچہ تمام شعبوں میں وسیع پیمانے پر ترقی کا رجحان دیکھا گیا، تاہم دیگر خدمات کے شعبے میں تمام شعبوں کے مقابلے میں سال بہ سال سب سے زیادہ ترقی درج کی گئی۔ اس شعبے میں اداروں کی تخمینہ تعداد میں 29 فیصد اور روزگار میں 33 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے بعد تجارتی شعبے کا مقام رہا، جہاں اداروں کی تعداد میں 11.70 فیصد اور روزگار میں 8.36 فیصد کی ترقی ریکارڈ کی گئی۔ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی درج کی گئی، جہاں سال بہ سال بنیاد پر اداروں کی تعداد میں 10.55 فیصد اور روزگار میں 3.52 فیصد اضافہ ہوا۔

خواتین کی شرکت:

اس شعبے کی افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت کا تناسب قابلِ ذکر اور مسلسل بڑھتا ہوا درج کیا گیا ہے، جو مجموعی روزگار کا 31 فیصد سے زیادہ ہے۔ یہ جولائی تا ستمبر 2025 کی اسی مدت کے دوران درج کیے جانے والے 28.70 فیصد کے تناسب سے قدرے زیادہ ہے۔ خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت اس شعبے کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے، جو خواتین کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافے اور جامع اقتصادی ترقی کے فروغ میں ادا کیا جا رہا ہے۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بڑھتا استعمال اور رسمی معیشت کی جانب پیش قدمی:

غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے کے اداروں میں انٹرنیٹ کے استعمال سے معیشت کے مختلف اداروں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ افزا عکاسی ہوتی ہے۔ اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق، غیر کارپوریٹ شعبے کے تقریباً 84 فیصد اداروں نے کاروباری مقاصد کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کیا ہے۔ مزید برآں، تقریباً 80 فیصد اداروں نے لین دین کے لیے غیر نقدی ادائیگی کے طریقے اپنائے ہیں، جن میں آن لائن بینکنگ، یو پی آئی، پی او ایس آلات اور ادائیگی کے دیگر ڈیجیٹل ذرائع شامل ہیں۔

کسی نہ کسی شکل میں رجسٹریشن کرانے والے اداروں کا تخمینہ تناسب 43.28 فیصد درج کیا گیا، جو گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 6 فیصد سے زائد پوائنٹس زیادہ ہے۔ یہ رجحان اداروں کے ضابطہ جاتی نظام میں بڑھتے ہوئے انضمام کی نشاندہی کرتا ہے۔

جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے لیے کیو بی یو ایس ای کے اہم اشاریے:

اشارے

جولائی - ستمبر 2026

کارو باری اداروں کی تعداد ('00 میں)

9,47,159

ملکیتی اور شراکتی اداروں کا فیصد

98.80

با اجرت کارکنان والے اداروں کا فیصد

12.16

ملازمین کی تعداد ('00 میں)

15,02,790

اجرت پر بھرتی کارکنوں کی تعداد ('00 میں)

3,48,940

خودکام کرنے والے مالکان کا فیصد حصہ

61.99

اجرت پر بھرتی ملازمین کا فیصد حصہ

23.22

دوسرے ملازمین کا فیصد حصہ (بشمول بلا معاوضہ فیملی ورکرز)

14.79

 

اختتامی نوٹ: غیر کارپوریٹ شعبے کے اداروں کے سالانہ جائزے (اے ایس یو ایس ای) میں کوریج، نمونہ جاتی اسکیم اور اعداد و شمار جمع کرنے کے طریقۂ کار کا مختصر تعارف:

اے .کوریج:

اے.1. جغرافیائی اعتبار سے یہ سروے پورے ہندوستان کے دیہی اور شہری علاقوں کا احاطہ کرتا ہے (سوائے جزائر انڈمان و نکوبار کے بعض ایسے دیہات کے جہاں تک رسائی دشوار ہے)۔

اے.2.شعبہ جاتی اعتبار سے اس سروے میں تین شعبوں، یعنی مینوفیکچرنگ، تجارت اور دیگر خدمات سے وابستہ غیر کارپوریٹ غیر زراعتی اداروں کے اعداد و شمار جمع کیے جاتے ہیں۔

اے.3. ملکیت کے اعتبار سے اس سروے میں ملکیتی اداروں، شراکت داری (محدود ذمہ داری والی شراکت داریوں کے علاوہ)، کوآپریٹیوز، سوسائٹی / ٹرسٹ وغیرہ سے تعلق رکھنے والے غیر کارپوریٹ غیر زراعتی اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

بی.نمونہ جاتی اسکیم:

یہ سروے کثیر مرحلہ جاتی زمرہ بند نمونہ جاتی اسکیم کے تحت انجام دیا گیا ہے، جس میں پہلے مرحلے کی اکائیاں (ایف ایس یو) دیہی علاقوں میں شمار کے گاؤں ہیں (سوائے دیہی کیرالَم کے، جہاں پنچایت وارڈ کو پہلے مرحلے کی اکائیوں کے طور پر شمارکیا گیا ہے) اور شہری علاقوں میں یو ایف ایس (اربن فریم سروے) بلاکس ہیں، جنہیں وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ دونوں شعبوں میں آخری مرحلے کی اکائیاں (یو ایس یو) ادارے ہیں۔ بڑے ایف ایس یو کی صورت میں نمونہ لینے کے لیے درمیانی مرحلہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت دیہی علاقوں میں بستیوں کے مجموعے اور شہری علاقوں میں ذیلی بلاکس کو اختیار کیا گیا ہے۔

سی. نمونے کا حجم:

ملک گیر سطح پر جولائی 2026 سے ستمبر 2026 کے دوران پہلے مرحلے کی کل 6,002 اکائیوں کا سروے کیا گیا، جن میں دیہی شعبے کے 2,411 گاؤں اور شہری شعبے کے 3,591 یو ایف ایس بلاکس شامل ہیں۔ اس تعداد میں جزائر انڈمان و نکوبار، لکشدیپ، لداخ اور اروناچل پردیش و ناگالینڈ کے دیہی علاقوں کی ایف ایس یو شامل نہیں ہیں، کیونکہ دشوار گزار میدانی حالات کے باعث ان علاقوں میں فیلڈ ورک کے دوران ذیلی دورانیے سے متعلق پابندیاں عائد نہیں کی گئی تھیں، اس لیے انہیں اس سہ ماہی بلیٹن میں شامل نہیں کیا گیا۔ چنانچہ، ان ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مذکورہ علاقوں کو چھوڑ کر، سروے کیے گئے اور اس بلیٹن میں شامل کیے گئے اداروں کی تعداد 1,80,025 ہے، جن میں 77,038 دیہی اور 1,02,987 شہری ادارے شامل ہیں۔

ڈی. اعداد و شمار جمع کرنے کا طریقۂ کار:

یہ سروے ایریا فریم کی بنیاد پر انجام دیا گیا ہے اور دیہی و شہری دونوں شعبوں میں منتخب پہلے مرحلے کی اکائیوں (ایف ایس یو) میں اداروں کی فہرست تیار کی گئی۔ ان ایف ایس یو میں درج اداروں میں سے نمونہ جاتی خاکہ کے مطابق مطلوبہ تعداد میں اداروں کا سروے کیا گیا۔ زیادہ تر اعداد و شمار منتخب اداروں سے زبانی پوچھ تاچھ کے ذریعے جمع کیے گئے، جن کا تعلق ’ماہانہ‘ مذکورہ مدت سے تھا۔ سروے کے لیے اعداد و شمار ٹیبلٹ کے ذریعے کمپیوٹر اسسٹڈ پرسنل انٹرویوئنگ (سی اے پی آئی) کے طریقۂ کار کو بروئے کار لاکرجمع کیے گئے ہیں۔

ای. اے ایس یو ایس ای کے پہلے جاری کردہ تخمینوں کے ساتھ سہ ماہی نتائج کا موازنہ اور احتیاطی نکات:

اس سہ ماہی بلیٹن میں پیش کیے جانے والے تخمینے بالخصوص زیرِ غور سہ ماہی کے دوران غیر کارپوریٹ غیر زراعتی شعبے سے متعلق ہیں۔ اس بلیٹن میں موجودہ سال کی زیرِ غور سہ ماہی کا گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی سے تقابل کیا گیا ہے۔ سال بہ سال بنیاد پر اس طرح کا تقابل ممکنہ موسمی تغیرات کو مدنظر رکھتا ہے اور دو برسوں کے یکساں عرصے کے درمیان موازنہ کیے جانے کے باعث سالانہ شرحِ نمو کے رجحانات کا زیادہ بامعنی جائزہ لینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اگرچہ اے ایس یو ایس ای کے نمونہ جاتی خاکے میں ایریا فریم کے استعمال کے ذریعے سہ ماہی تخمینے تیار کرنے کی گنجائش موجود ہے، تاہم سہ ماہی نمونے کا حجم سالانہ نمونے کے حجم کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ اس کے علاوہ، دیہی شعبے کے لیے استعمال کیا جانے والا ایریا فریم 2011  کی مردم شماری  پرمبنی ہے۔ یہ بلیٹن نمونے کی موزونیت اور تخمینوں کی قابلِ اعتماد حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

سروے کو متعلقہ فریقوں کی ضروریات کے مطابق موزوں اور مؤثر بنانے کی مسلسل کوششوں کے تحت، اے ایس یو ایس ای 2026 میں چند تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ اے ایس یو ایس ای سوالنامے کے آئی سی ٹی بلاک کو جامع طور پر نئے سرے سے ترتیب دیا گیا ہے اور اس میں پالیسی سے متعلق مزید سوالات شامل کیے گئے ہیں، تاکہ اس شعبے میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے استعمال کی وسعت اور نوعیت کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے۔ مزید برآں، اے ایس یو ایس ای 2026 میں این آئی سی 2008 کی جگہ این آئی سی 2025 کو اپنایا گیا ہے، جسے اے ایس یو ایس ای کے سابقہ ادوار میں استعمال کیا جاتا تھا۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں موٹر گاڑیوں کی دیکھ ریکھ اور مرمت نیز موٹر سائیکلوں، موپیڈ، اسکوٹروں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی دیکھ ریکھ اور مرمت جیسی بعض سرگرمیاں، جنہیں این آئی سی 2008 کے تحت تجارت کے زمرے میں شمار کیا جاتا تھا، اب این آئی سی 2025 کے تحت خدمات کے شعبے میں شامل کی گئی ہیں۔ اسی نسبت سے اے ایس یو ایس ای 2026 میں ان سرگرمیوں سے وابستہ تمام اداروں کو ’’دیگر خدمات‘‘ کے زمرے میں شمار کیا گیا ہے۔

لہٰذا، صارفین سہ ماہی اعداد و شمار میں ہونے والی تبدیلیوں کی تشریح کرتے وقت احتیاط برتیں اور نمونہ جاتی تغیرات کے ممکنہ اثرات، سرگرمیوں کی سطح میں قلیل مدتی اتار چڑھاؤ اور درجہ بندی و سوالنامے میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھیں۔ یہ بات اہم ہے کہ اے ایس یو ایس ای غیر زراعتی معیشت کے صرف ایک حصے کا احاطہ کرتا ہے، یعنی مینوفیکچرنگ، تجارت اور خدمات (تعمیرات کو چھوڑ کر) کے شعبوں میں غیر کارپوریٹ اداروں کو زیر غور لاتا ہے۔ لہٰذا، کیو بی یو ایس ای میں پیش کیے جانے والے غیر کارپوریٹ شعبے کے سہ ماہی نتائج میں نظر آنے والے رجحانات کا مجموعی معیشت کا احاطہ کرنے والے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے متعلقہ سہ ماہی تخمینوں سے براہِ راست مطابقت رکھنا ضروری نہیں ہے۔ حسب ضرورت، تخمینوں کی بہتر اور باخبر تشریح کو ممکن بنانے کے واسطےسہ ماہی بلیٹن میں پیش کیے جانے والے تخمینوں کے ساتھ اعتماد کے وقفے (کنفیڈنس انٹرول) بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کا بلیٹن وزارت کی ویب سائٹ (https://www.mospi.gov.in) پر دستیاب ہے۔ اشاعتوں اور رپورٹوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ذیل میں دیا گیا کیو آر کوڈ اسکین کریں۔

****

) ش ح – م ش ع- اش ق  )  

U-No. 8137


(ریلیز آئی ڈی: 2340449) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , Tamil , Kannada