صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صحت کے مرکزی وزیر  جناب جے پی نڈا نے 172 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے صحت اور ادارہ جاتی منصوبے  ملک کے نام وقف کیے؛  وزیرِ موصوف نے جے آئی پی ایم ای آر، پڈوچیری کے 15ویں جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا


ان وقف کیے گئے اقدامات سے جے آئی پی ایم ای آر میں کینسر کے علاج، قلبی خدمات، تحقیق، تشخیص اور سستی ادویات کی سہولیات کو فروغ  حاصل ہو گا

جے آئی پی ایم ای آر میں وقف کیے گئے 7 اقدامات میں کارڈیک کیتھ لیب کمپلیکس، ٹرو بیم لینیئر ایکسیلیریٹر اور تحقیق، اختراع اور صنعت کاری  کے مرکز شامل ہیں

ڈاکٹریٹ، سپر اسپیشلٹی، پوسٹ گریجویٹ، انڈر گریجویٹ، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ کورسز کے 816 طلباء کو ڈگریاں دی گئیں؛ 88 زمروں میں تمغے اور انعامات سے نوازا گیا

’’ پیشہ ورانہ تعلیم ایک اعزاز کے ساتھ سماجی ذمہ داری بھی ہے‘‘ : جناب جے پی نڈا نے   گریجویشن  کی ڈگری مکمل کرنے والے ڈاکٹروں سے معاشرے کی خدمت کرنے کی اپیل کی

 ’’ سال  2029  ء تک ہم انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی 75,000  نشستیں   مزید بڑھائیں گے‘‘ :  جے پی نڈا نے جے آئی پی ایم ای آر میں طبی تعلیم کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 4:18PM by PIB Delhi

صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و کھاد کے مرکزی وزیر جناب جگت پرکاش نڈا نے آج صحت و خاندانی بہبود  کی وزارت کے تحت قومی اہمیت کے حامل ادارے جواہر لعل انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (جے آئی پی ایم ای آر)، پڈوچیری میں صحت، تحقیق اور طلباء کی دیکھ بھال سے متعلق 7 اقدامات ملک کے نام وقف کیے۔ اس کے بعد ادارے کے 15ویں جلسۂ تقسیمِ اسناد میں  ، انہوں نے  گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں عطا کیں، جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا اور 88 زمروں میں تمغے اور انعامات پیش کیے۔

جے آئی پی ایم ای آر میں مجموعی طور پر 172.27 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم کی گئی ان 7 سہولیات کو  ملک کے نام وقف کرنا معیاری صحت خدمات تک رسائی کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس سے طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے ایک ممتاز مرکز کے طور پر ادارے کے کردار کو بھی مزید تقویت ملے گی۔ ان  میں درج ذیل اقدامات شامل ہیں:

  • مرکز برائے تحقیق، اختراع اور صنعت کاری (30.28 کروڑ روپے): اس مرکز کا مقصد جینومکس، پروٹیومکس اور میٹابولومکس میں جدید سہولیات کے ساتھ ساتھ فلو سائٹومیٹری، سیل کلچر، کنفوکل مائیکروسکوپی اور جدید امیجنگ کے پلیٹ فارمز کے ذریعے جے آئی پی ایم ای آر کے کثیر شعبہ جاتی تحقیقی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ مرکز باہمی اشتراک سے بایومیڈیکل تحقیق کو فروغ دے گا اور سائنسی دریافتوں کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال میں عملی طور پر بروئے کار لانے میں مدد کرے گا۔
  •  دھنونتری ہاؤس (42.26 کروڑ روپے): یہ 7 منزلہ عمارت (جی پلس 7) میں قائم لڑکوں کا 400 بستروں پر مشتمل ہاسٹل ہے، جس میں 200 دو بستروں والے کمرے، ایئر کنڈیشنڈ ڈائننگ ہال اور مطالعہ گاہ، مسافر لفٹیں، شمسی توانائی سے پانی گرم کرنے کا نظام اور معذور افراد کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات شامل ہیں۔
  •  ملٹی اسپیشلٹی کنسلٹنگ یونٹ، یانم میں 64 سلائس سی ٹی اسکینر (4.73 کروڑ روپے): اس سہولت کے ذریعے یانم اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے مریضوں کو جدید تشخیصی امیجنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے انہیں دور دراز کے صحت مراکز میں بھیجنے کی ضرورت کم ہوگی۔
  •  ویریئن ٹرو بیم ہائی انرجی لینیئر ایکسیلیریٹر (26 کروڑ روپے): ریجنل کینسر سینٹر میں نصب یہ مشین جدید ریڈیوتھراپی تکنیکوں، جن میں آئی ایم آر ٹی، وی ایم اے ٹی، اسٹیریوٹیکٹک ریڈیو سرجری اور اسٹیریوٹیکٹک باڈی ریڈیوتھراپی شامل ہیں، کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس سے آس پاس کے صحت مند ٹشوز کو محفوظ رکھتے ہوئے سرطان کا زیادہ درست علاج ممکن ہوگا۔ اس کے ذریعے روزانہ تقریباً 70 مریضوں کے علاج کی توقع ہے۔
  •  جدید 4 ڈی  سی ٹی سمیلیٹر (9 کروڑ روپے): ریجنل کینسر سینٹر میں قائم یہ مشین رسولی کی درست جگہ کا تعین کرنے، سانس لینے کے دوران اس کی حرکت کا جائزہ لینے اور درست ریڈیوتھراپی کی منصوبہ بندی میں مدد دیتی ہے۔ اسے ٹرو بیم نظام کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ کینسر کے علاج کی ان دونوں سہولیات پر مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
  •  جدید ترین کارڈیک کیتھرائزیشن لیبارٹری کمپلیکس (تقریباً 60 کروڑ روپے): اس کمپلیکس میں بائی پلین اور سنگل پلین کیتھ لیبز، 16 بستروں پر مشتمل پوسٹ کیتھ کارڈیک کریٹیکل کیئر یونٹ (جس میں بستروں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 16 کر دی گئی ہے) اور ایک مخصوص ریڈیل سوئیٹ شامل ہے۔ اس سے بچوں اور بالغوں میں دل کی پیچیدہ بیماریوں کے علاج اور دیکھ بھال کی سہولیات بہتر ہوں گی۔
  •  اے ایم آر آئی ٹی فارمیسی کے 3 آؤٹ لیٹس: یہ فارمیسی آؤٹ لیٹس سپر اسپیشلٹی بلاک، ایس ایس بی اینیکس بلاک اور ریجنل کینسر سینٹر اینیکس بلاک میں قائم کیے گئے ہیں۔ یہاں سستی ادویات، جراحی میں استعمال ہونے والی اشیا اور امپلانٹس فراہم کیے جائیں گے، جن پر 50 فی صد تک بچت ہوگی اور مریضوں کے جیب سے ہونے والے اخراجات میں کمی آئے گی۔

اس موقع پر جناب نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں وکست بھارت کے ہدف کی جانب عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور ایک ترقی یافتہ بھارت کے لیے صحت مند بھارت کا ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ ہند صحت خدمات تک رسائی میں توسیع، مضبوط عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے اور ہر شہری کے لیے معیاری اور سستی طبی سہولیات کے ذریعے سب کے لیے صحت کی سہولت (یونیورسل ہیلتھ کوریج) کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت ایک ایسے صحت نظام کی تعمیر کے لیے بھی کام کر رہی ہے جو زیادہ مستحکم، جامع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ وزیر  موصوف نے کہا کہ حکومت ان مقاصد کی تکمیل کے لیے ملک بھر کے ممتاز سرکاری صحت اداروں کو مسلسل بااختیار بنا رہی ہے۔

صحت کے مرکزی وزیر  نے کہا کہ ملک کے نام وقف کیے گئے یہ نئے اقدامات عوام کی صحت اور مستقبل میں سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں میں جدید بایومیڈیکل تحقیق اور اختراع، تعلیمی بنیادی ڈھانچے، جدید تشخیصی سہولیات، کینسر کے درست علاج، قلبی نگہداشت اور ادویات تک بہتر رسائی جیسے وسیع شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر مرکز برائے تحقیق، اختراع اور صنعت کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے اور سائنسی دریافتوں کو صحت کی عملی سہولیات میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے  ، انہوں نے سیڈاراپیٹ میں ملٹی آرگن ٹرانسپلانٹیشن سینٹر اور ٹراما کیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن کے لیے ایک مخصوص مرکز قائم کرنے کے جے آئی پی ایم ای آر کے منصوبے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سہولیات خطے میں انتہائی خصوصی طبی خدمات تک رسائی میں بڑی تبدیلی لائیں گی، صحت کی سہولیات سے محروم برادریوں تک جدید طبی خدمات پہنچائیں گی اور کمزور طبقات کے خاندانوں پر مالی بوجھ کم کریں گی۔ جناب نڈا نے آیوشمان بھارت اور دیگر عوامی صحت پروگراموں کے ذریعے معاشرے کے غریب ترین اور کمزور ترین طبقات سمیت سبھی کے لیے معیاری اور جدید طبی سہولیات قابلِ رسائی بنانے میں جے آئی پی ایم ای آر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں  کنبوں کے لیے یہ ادارہ امید، وقار اور مالی تحفظ کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے جے آئی پی ایم ای آر سے وابستہ تمام افراد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال، تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں مزید اعلیٰ معیار قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔

جناب نڈا نے ادارے کے میگزین ’ ونکم جے آئی پی ایم ای آر‘ کا بھی اجرا کیا، جس کا خصوصی شمارہ ’ وکست بھارت  2047 ‘ پر مبنی ہے۔ اس کے علاوہ ، انہوں نے ممتاز شخصیات اور جے آئی پی ایم ای آر کے عہدیداروں سے بات چیت بھی کی۔

اس کے بعد صحت کے مرکزی وزیر  جلسۂ تقسیمِ اسناد میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے طلباء کو ڈگریاں عطا کیں، انعامات پیش کیے اور جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  ، صحت کے مرکزی وزیر  نے  گریجویٹ طلباء، فیکلٹی ممبران اور والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس موقع کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا، جو تعلیم حاصل کرنے کے مرحلے سے قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کی جانب سفر کی علامت ہے۔ انہوں نے قومی اہمیت کے حامل ادارے اور طبی تعلیم، تحقیق اور صحت خدمات کی فراہمی کے ایک ممتاز مرکز کے طور پر جے آئی پی ایم ای آر کی شاندار روایت کو سراہا۔ انہوں نے جدید طبی نگہداشت کے شعبے میں ادارے کی کامیابیوں، خصوصاً اعضا عطیہ کرنے اور ان کی پیوندکاری، روبوٹک سرجری کے شعبے میں اس کے اہم کام اور کینسر کے پیچیدہ علاج میں مہارت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے میں  26-2025 ء   کے دوران 46,815 سے زیادہ سرجریاں کی گئیں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں طبی تعلیم اور صحت خدمات کے شعبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے  ، جناب نڈا نے بھارت کے طبی تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر توسیع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمس کی تعداد 6 سے بڑھ کر 23، میڈیکل کالجوں کی تعداد 387 سے بڑھ کر 863 اور ایم بی بی ایس کی نشستوں کی تعداد 51,000 سے بڑھ کر 1.43 لاکھ ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق  2029  ء تک انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم کی 75,000 مزید نشستیں بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس دوران تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور انڈر گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ نشستوں کے درمیان توازن یقینی بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے آیوشمان آروگیہ مندر، پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم، آیوشمان بھارت پی ایم-جے اے وائی اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن جیسے اقدامات کے ذریعے احتیاطی اور بنیادی صحت خدمات سے لے کر ثانوی اور اعلیٰ سطح کی طبی نگہداشت تک، صحت خدمات کی فراہمی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ آیوشمان بھارت پی ایم-جے اے وائی کے اثرات پر زور دیتے ہوئے  ، انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 13 کروڑ سے زیادہ مریضوں کو اسپتال میں داخل کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس سے صحت خدمات پر لوگوں کے اپنی جیب سے ہونے والے اخراجات میں کمی آئی ہے، جو پہلے 64 فی صد تھے اور اب گھٹ کر 42 فی صد رہ گئے ہیں۔ قابلِ رسائی، سستی اور معیاری صحت خدمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  ، انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ ای-نسخوں اور ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ سمیت ڈیجیٹل صحت کے حل اپنائیں اور ملک کے صحت خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا تعاون دیں۔

جناب نڈا نے  گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء سے مزید اپیل کی کہ وہ ان لوگوں اور اداروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھیں  ، جنہوں نے ان کے تعلیمی سفر میں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ طبی تعلیم ایک اعزاز ہے، جو معاشرے کی اجتماعی کوششوں اور وسائل کے ذریعے ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی کامیابیاں صرف ان کی انفرادی محنت کا نتیجہ نہیں ہیں، بلکہ اس میں والدین، اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور ادارہ جاتی نظام سے وابستہ کئی دیگر افراد کا تعاون بھی شامل ہے۔ جناب نڈا نے اپنے خطاب کے اختتام پر گریجویٹ طلباء سے اپیل کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اور سماجی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور لگن، ہمدردی اور عزم کے ساتھ مریضوں اور برادریوں کی خدمت کرتے ہوئے معاشرے کو اپنا حصہ واپس لوٹائیں۔

پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر جناب کے  کیلاش ناتھن نے جے آئی پی ایم ای آر کو پڈوچیری کا فخر اور طبی تعلیم و صحت خدمات کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے پڈوچیری اور پڑوسی ریاستوں میں عوامی صحت اور کمیونٹی ہیلتھ خدمات کے فروغ میں ادارے کے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صحت و خاندانی بہبود کی  وزارت کی فلاحی اسکیموں، خصوصاً آیوشمان بھارت کو نافذ کرنے اور عوام کو قابلِ رسائی و معیاری صحت خدمات فراہم کرنے میں ادارے کے  رول کی ستائش کی ۔  گریجویشن مکمل کرنے والے  طلباء اور انعام حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے  ، انہوں نے ان سے اپیل کی کہ وہ مریضوں اور معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنے پیشہ ورانہ سفر میں  ، جہاں بھی جائیں گے، وہاں جے آئی پی ایم ای آر کے سفیر کی حیثیت سے کام کریں گے۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو صحت کی سہولیات سے محروم طبقات کی خدمت اور ایک صحت مند و مضبوط بھارت کی تعمیر کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے  گریجویٹ طلباء کی کامیابیوں میں فیکلٹی ممبران اور والدین کی لگن اور تعاون کا بھی اعتراف کیا۔

جلسۂ تقسیمِ اسناد میں مجموعی طور پر 816 طلباء کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ ان میں سے 592 ڈگریاں ڈاکٹریٹ، میڈیکل، ڈینٹل اور سپر اسپیشلٹی کورسز میں دی گئیں، جب کہ مزید 224 ڈگریاں نرسنگ، پبلک ہیلتھ اور الائیڈ ہیلتھ کورسز میں عطا کی گئیں۔ اپنے اپنے مضامین میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو 88 زمروں میں تمغے اور انعامات پیش کیے گئے۔

اس تقریب میں  گریجویٹ طلباء کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا اور طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے جے آئی پی ایم ای آر کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

جے آئی پی ایم ای آر کی صدر ڈاکٹر چترا سرکار نے جلسۂ تقسیمِ اسناد کی صدارت کی، جب کہ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ویر سنگھ نیگی نے ادارے کی رپورٹ پیش کی، جس میں طبی تعلیم، مریضوں کی دیکھ بھال اور تحقیق کے شعبوں میں جے آئی پی ایم ای آر کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران،  گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء ، ان کے اہلِ خانہ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )

U.No. 8048


(ریلیز آئی ڈی: 2339643) وزیٹر کاؤنٹر : 15
یہ ریلیز پڑھیں: English , Tamil