وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو انڈین نیول اکیڈمی، ایژیمالا میں خزاں ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کریں گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 2:20PM by PIB Delhi

انڈین نیول اکیڈمی میں خزاں ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ (پی او پی ) کا انعقاد 28 نومبر  ، 2026  ء کو ہوگا، جس میں صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو مہمانِ خصوصی  کے طور پر شرکت کریں گی اور   پریڈ کا معائنہ کرنے والی افسر  ہوں گی۔ اس موقع پر افسر ٹرینیز اپنی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کریں گے اور  بھارتی بحریہ میں کمیشن حاصل کرکے اپنی خدمات کا آغاز کریں گے۔

مختلف کورسز کے 400 سے زائد افسر ٹرینیز انڈین نیول اکیڈمی کے پریرا پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی اس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کریں گے۔ یہ پریڈ اکیڈمی میں ان کی تربیت کی تکمیل کی علامت ہوگی۔ اس پریڈ میں نظم و ضبط، مہارت اور اکیڈمی میں دی جانے والی اعلیٰ معیار کی تربیت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس کے ذریعے ٹرینیز کو قیادت اور خدمات سے وابستہ ذمہ داریوں اور چیلنجوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ٹرینیز نے ایک جامع تربیتی پروگرام مکمل کیا ہے، جس کا مقصد  ، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ خوبیوں، جسمانی قوت برداشت اور کردار کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ  ، ان میں فرض شناسی، عزت اور حوصلے کی بنیادی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

دوستانہ غیر ملکی ممالک کے افسر ٹرینیز کی اپنے  بھارتی ساتھیوں کے ساتھ شرکت، سمندری تعاون کو مضبوط بنانے اور دوست بحری ممالک کے ساتھ دیرپا تعلقات کو فروغ دینے کے  بھارت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انڈین نیول اکیڈمی میں ایک ساتھ تربیت حاصل کرنے سے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ ملتا ہے، پیشہ ورانہ تعلقات اور باہمی رفاقت مضبوط ہوتی ہے اور سمندری سلامتی و تعاون کے مشترکہ عزم کو تقویت  حاصل ہوتی ہے۔

تقریب کے دوران  ، تربیت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسر ٹرینیز کو تمغے اور ٹرافیاں پیش کی جائیں گی۔ اس تقریب کی خاص بات روایتی رسم ’ شپنگ آف اسٹرائپس‘ ہوگی، جو کمیشنڈ افسر کے عہدے عطا کیے جانے کی علامت ہے۔ اس رسم کے ذریعے ٹرینیز افسران کے درجے پر فائز ہوں گے اور انہیں اہلکاروں کی قیادت کرنے اور ملک کی عزت و وقار کے ساتھ خدمت انجام دینے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

اس اہم موقع  پر پاسنگ آؤٹ کورس کے اہلکاروں کے اہلِ خانہ بھی  موجود رہیں گے، جنہوں نے ان کے تربیتی سفر کے دوران ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا ہے۔ اس موقع پر انڈین نیول اکیڈمی کے تربیتی عملے کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے گا، جنہوں نے بحریہ کے مستقبل کے قائدین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

خزاں ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی براہِ راست نشریات  بھارتی بحریہ کے سرکاری سوشل میڈیا چینلز پر کی جائیں گی، تاکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک کے لوگ بھی اس تقریب کا مشاہدہ کر سکیں۔

 

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )

U.No. 8036


(ریلیز آئی ڈی: 2339595) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese