وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

بہار کے ویشالی میں نتیش سیتو کے افتتاح اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کے آغاز کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 4:22PM by PIB Delhi

بھارت ماتا کی جے۔

بھارت ماتا کی جے۔

اسٹیج پر موجود تمام معزز شخصیات، یہاں اتنی بڑی تعداد میں تشریف لائے بہار کے میرے پیارے بھائیو اور بہنو! میں یہاں وزیر اعلیٰ صاحب اور این ڈی اے کے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے آپ سب کے درمیان سے گزرنے، آپ سب کے دیدار کرنے اور آپ سب کو سلام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ لوگوں کا یہ اتنا بڑا مجمع ہے کہ میرا نہیں خیال کہ کیمرے میں بھی یہ پورا منظر قید ہو پائے گا۔ اتنا بڑا عوامی مجمع! یہ ترقی کے تئیں بیداری کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

ساتھیو!

لوک آستھا کا عظیم تہوار چھٹھ ابھی اختتام پذیر ہوا ہے۔ ہماری ماؤں اور بہنوں نے سخت محنت اور عقیدت کے ساتھ بغیر پانی پیے برت  رکھ کر اپنے کنبے ، سماج اور پوری دنیا کی بھلائی کی دعائیں مانگی ہیں۔ اب چھٹھی مئیا کے آشیرواد سے ہم یہاں ترقی کا تہوار منا رہے ہیں۔

ساتھیو!

بہار کے اس ترقیاتی سفر میں ہم ’ سب کا ساتھ،  سب کا وکاس   ‘ کے منتر کو لے کر آگے بڑھے ہیں۔ ہم نے جمہوریت کی طاقت کو عوامی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج این ڈی اے حکومت اپنی موجودہ مدتِ کار کا ایک سال مکمل کر رہی ہے۔ اس موقع پر اس تقریب کے انعقاد کے لیے جمہوریت کی عظیم سرزمین ویشالی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ میں اس موقع پر ویشالی اور بہار کی سرزمین کو سلام کرتا ہوں۔ میں این ڈی اے کے تمام اتحادی جماعتوں، لاکھوں کارکنوں اور بہار کے تمام باشندوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو!

تقریباً تین دہائی پہلے بہار نے امید اور اعتماد کی ایک نئی راہ منتخب کی تھی۔ جس بہار کو کئی دہائیوں تک بدحالی کا سامنا کرنا پڑا، اسے قابلِ احترام نتیش جی کی قیادت میں بہتر حکمرانی کا نیا بھروسہ ملا۔ نتیش جی نے اتنے برسوں تک وزیر اعلیٰ کے طور پر بہار کی خدمت کی۔ اب نتیش جی کے آشیرواد سے اس مہم کو سمراٹ چودھری جی اور ان کی پوری ٹیم آگے بڑھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں آج یہاں بھی ہزاروں کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ میرے دوست رام ولاس جی کی روح جہاں بھی ہوگی، وہ ابھی ہمیں دیکھ کر ہم پر پھولوں کی بارش کر رہی ہوگی، کیونکہ ہم ان کے خوابوں کو بھی پورا کر رہے ہیں۔

ساتھیو!

گنگا میا پر تعمیر کردہ درگاہ-بیدو پور چھ لین والے کیبل پل کو عوام کے نام وقف کیا گیا ہے۔ اس جدید پل کا نام قابلِ احترام نتیش جی کے اعزاز میں ’نتیش سیتو‘ رکھا گیا ہے۔ یہ ان کی خدمت اور لگن کے اعتراف میں بہار کے باشندوں کی جانب سے پیش کیا جانے والا احترام ہے۔ اس پل سے پٹنہ اور ویشالی کے درمیان فاصلے اور آمد و رفت کی دشواریاں کم ہو گئی ہیں۔ اب فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ دودھ اور دہی کو بڑی منڈیوں تک پہنچانا آسان ہو جائے گا۔ یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرنے میں اور بزرگوں کو دوائیں حاصل کرنے میں کافی سہولت ہوگی۔

ساتھیو!

بہار میں جدید سڑکوں کا نیٹ ورک بھی تیزی سے تیار کیا جا رہا ہے۔ آج اورنگ آباد-چور داہا چھ لین ہائی وے کا افتتاح کیا گیا ہے۔

ساتھیو!

آپ کی محبت کے لیے میں آپ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ مجھے اگلے پروگرام کے لیے اتر پردیش پہنچنا ہے۔ آپ کی محبت میرے لیے باعثِ افتخار ہے۔ میرے پاس وقت بہت کم ہے، اس لیے آج اپنی بات یہیں مکمل کرنی ہوگی۔ لیکن میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج میں اس پروگرام میں جن نوجوانوں کو دیکھ رہا تھا، وہ واقعی دل کو خوش کرنے والا منظر تھا۔ میرے ملک اور میرے بہار کے نوجوانوں کو اس بات کی پوری سمجھ ہے کہ ترقی کی کتنی اہمیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں اتنا جوش اور ولولہ نظر آ رہا ہے۔

ساتھیو!

آج کئی ہائی وے منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔ ان منصوبوں پر سیکڑوں کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

ساتھیو!

سڑکوں کے نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ آج بہار میں توانائی اور شہری ترقی کی صورتِ حال بھی تیزی سے بدل رہی ہے۔ اسی سمت میں بکسر تھرمل پاور پلانٹ کی تعمیر، پیر پینتی تھرمل پاور پلانٹ کے ٹرانسمیشن سسٹم کا سنگِ بنیاد، پھلواریہ ڈیم اور اس پر شمسی توانائی کے پلانٹ جیسے کئی بڑے کام بھی کیے گئے ہیں۔ ایک وقت تھا  ، جب بہار کے ہزاروں گاؤں تک بجلی نہیں پہنچی تھی، لیکن آج وہی میرا بہار بجلی کی پیداوار کا ایک بڑا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

بھائیو اور بہنو!

آج شہری آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے  100   جدید پی ایم-ای-بسوں کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت آج ہزاروں غریب خاندانوں کو ان کے پکے مکانوں کی چابیاں بھی سونپی گئی ہیں۔ ان تمام ترقیاتی کاموں کے لیے میں بہار کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو!

ہمارا بہار ایک طویل سفر طے کرکے آج اس مقام تک پہنچا ہے۔ ورنہ آپ کو یاد ہوگا کہ این ڈی اے کی حکومت آنے سے پہلے حالات کیسے تھے؟ اس وقت گھوٹالوں کی گنتی ہوتی تھی، لیکن آج بہار میں ہونے والی سرمایہ کاری کے اعداد و شمار پیش کیے جاتے ہیں۔ اس وقت جرائم کے اعداد و شمار سامنے آتے تھے، لیکن اب مجرموں کے خلاف کارروائی کی باتیں موضوعِ بحث بنتی ہیں۔ این ڈی اے کے دورِ حکومت میں ترقی کی دوڑ دکھائی دے رہی ہے۔ شمالی بہار ہو، نالندہ-گیا جی ہو، شاہ آباد-کیمور ہو یا راجدھانی پٹنہ، ہر علاقے میں ترقی کی نئی داستان لکھی جا رہی ہے۔

ساتھیو!

ڈبل انجن حکومت میں بہار کی ترقی کی رفتار کیا ہے، اس کی مثال گزشتہ ایک سال کے دوران کیے گئے کام بھی ہیں۔ آپ دیکھیے، این ڈی اے حکومت میں بہار میں 2   لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے سرمایہ کاری معاہدے کیے گئے ہیں۔ گیا جی میں  6   ہزار کروڑ روپے کے اسٹیل منصوبے پر کام شروع ہو رہا ہے۔ موتیہاری سمیت بند پڑی چینی ملوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے گنے کی حوصلہ افزائی کی نئی پالیسی لائی گئی ہے۔ کسانوں کے لیے ہر کھیت تک پانی پہنچانے کی غرض سے ۱۱ ہزار نئے ٹیوب ویل لگانے کی پہل کی گئی ہے۔ آب پاشی کے لیے  12   گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک سال میں  200   سے زیادہ نئے ڈگری کالج شروع کیے گئے ہیں۔ ہماری بیٹیوں کے لیے ’’ ماں سیتا خواتین یونیورسٹی‘‘ کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ بہار کی ترقی کے ان کاموں کی فہرست اتنی طویل ہے کہ اسے کسی ایک اسٹیج سے گنایا نہیں جا سکتا۔ بہار کی ترقی کو یہاں آکر ہی محسوس کیا جا سکتا ہے۔

ساتھیو!

جب نیک نیتی سے کام کیا جاتا ہے تو اس کے نتائج بھی نظر آتے ہیں۔ جس ملک میں کانگریس کئی دہائیوں تک ’غریبی ہٹاؤ‘ کے نعرے لگاتی رہی، غریبوں کو گمراہ کرتی رہی اور ووٹ بٹورتی رہی، وہاں ہم نے صرف  12  سال کے اندر 50  کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا ہے۔ یہ حکومت کی قوتِ ارادی کا نتیجہ ہے اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے چلائی جانے والی سرکاری اسکیموں کا ثمر ہے۔

ساتھیو!

ملک غربت کے خلاف یہ لڑائی اس لیے جیت رہا ہے، کیونکہ ہم نے کروڑوں غریبوں کی زندگی آسان بنانے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ ہم نے  80   کروڑ لوگوں کو مفت راشن فراہم کیا، کروڑوں کنبوں کو پکے مکان دے کر انہیں تحفظ کا احساس دلایا اور مفت علاج کی ضمانت دے کر انہیں مہنگے علاج کے بوجھ سے نجات دلائی۔ ہم نے بیت الخلاء، بجلی اور پانی کی سہولتیں پہنچا کر کروڑوں غریبوں کو باعزت زندگی فراہم کی۔ اس کے نتیجے میں غریبوں کے اندر بھی خود اعتمادی پیدا ہوئی اور انہوں نے غربت کو شکست دے کر آگے بڑھنا شروع کیا۔

ساتھیو!

غربت کے خلاف مہم میں ہمارے بہار کا بہت بڑا تعاون ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ڈبل انجن حکومت نے یہاں پوری محنت کے ساتھ کام کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے اسکیمیں بنائیں اور ریاست میں این ڈی اے حکومت نے انہیں نافذ کیا۔ عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو گھر گھر تک پہنچایا گیا۔ آپ دیکھیے، یہاں بہار میں  43   لاکھ کنبوں کو پکے مکان ملے ہیں۔ ابھی اگست میں ہی مزید 11  لاکھ مکانوں کی منظوری دی گئی ہے۔ بہار کے تقریباً  75  لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت ہزاروں کروڑ روپے بھیجے گئے ہیں۔ حکومت نے سیلف ہیلپ گروپس کو   ، جو تعاون فراہم کیا، اس کی بدولت یہاں دیہی علاقوں کی  50   لاکھ خواتین لکھ پتی دیدی بن گئی ہیں۔ ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج بہار کے کروڑوں لوگ غربت سے باہر نکلے ہیں اور ملک بھی اس کامیابی تک پہنچا ہے۔

ساتھیو!

اب ہمیں نہ رکنا ہے اور نہ تھکنا ہے۔ این ڈی اے کی تمام اتحادی جماعتوں کو مل کر ایک مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بہار بنانے کے لیے مسلسل کام کرنا ہے۔ اسی عزم کے ساتھ، ایک بار پھر آپ سب کو ترقی کے اس غیر معمولی سفر کے لیے میں بہت بہت نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ آپ سب کا بہت بہت شکریہ!

بھارت ماتا کی جے۔

بھارت ماتا کی جے۔

بھارت ماتا کی جے۔

بہت بہت شکریہ!

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )

U.No. 8039


(ریلیز آئی ڈی: 2339566) وزیٹر کاؤنٹر : 12