بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 NOV 2026 1:06PM by PIB Delhi
بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں ( ایم ایس ایم ای) کی وزارت، حکومت ہند نے 19 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں انڈیا ایس ایم ای فورم کے اشتراک سے خواتین کی صنعت کاری کا دن 2026 منایا۔ اس تقریب میں پالیسی سازوں، صنعت کے رہنماؤں، مالیاتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور خواتین کاروباری شخصیات نے شرکت کی تاکہ خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے پر غور و خوض کیا جا سکے۔

اس تقریب کا انعقاد چار اہم موضوعات کے ارد گرد کیا گیا تھا- فعال کریں، تیز کریں، ڈیجیٹلائز کریں اور گلوبلائز کریں- جس میں خواتین کی فنانس، مارکیٹس، ٹیکنالوجی اور عالمی قدر کی چینوں تک زیادہ رسائی کے ساتھ خواہش مند کاروباری رہنماؤں سے کامیاب کاروباری رہنماؤں تک منتقلی کی سہولت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ ان مباحثوں کا مقصد خواتین کاروباریوں کو جامع اقتصادی ترقی اور وکست بھارت 2047 کے وژن کے کلیدی محرک کے طور پر پیش کرنا تھا۔

اس تقریب میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے مرکزی وزیر جناب جیتن رام مانجھی نے بطور مہمانِ خصوصی اور ایم ایس ایم ای نیز محنت و روزگار کی وزیرِ مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے نے بطور مہمانِ اعزازی شرکت کر کے رونق بخشی۔ تقریب میں راجستھان اور ہماچل پردیش کے سابق گورنر اور انڈیا ایس ایم ای فورم کے چیف پیٹرن جناب کلراج مشرا، وزارتِ ایم ایس ایم ای کے سیکریٹری جناب بھرت کھیڑا، ایم ایس ایم ای وزارت کے سینئر افسران، صنعت کے نمائندوں، خواتین صنعت کاروں اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس میں وزارتِ دیہی ترقیات ، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس اور سڈبی سمیت مختلف مرکزی وزارتوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آندھرا پردیش، بہار اور جموں و کشمیر کے ریاستی دیہی روزی روٹی مشن کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ یو این ویمن، ایمپاور، گیٹس فاؤنڈیشن، ڈیجیٹل ایمپاورمنٹ فاؤنڈیشن اور ویدانتا کی سی ایس آر جیسی ترقیاتی اور انسان دوست تنظیموں نے بھی مباحثوں میں اپنا حصہ ڈالا۔
کلیدی خطابات اور جھلکیاں
ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر جناب جیتن رام مانجھی نے خاندانوں، معاشرے اور معیشت کو مضبوط بنانے میں خواتین کے کثیر جہتی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 38 فیصد ایم ایس ایم ایز کی قیادت خواتین کر رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین صنعت کاروں کی مدد کرنے میں وزارت کی اسکیموں کی اہمیت پر زور دیا اور مارکیٹ کے مواقع بڑھانے، ایم ایس ایم ای ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اور ٹی آر ای ڈی ایس( ٹریڈز) کے ذریعے بروقت ادائیگیوں کو آسان بنانے کے کلیدی محرکات کے طور پر بین الاقوامی تعاون اور ایم ایس ایم ای ڈیولپمنٹ ایکٹ، 2026 میں کی گئی ترامیم پر روشنی ڈالی۔

اپنے کلیدی خطاب میں ایم ایس ایم ای اور محنت و روزگار کی وزیرِ مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو کاروبار، خاندانوں اور برادریوں میں رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے بااختیار بنانے کی غرض سے مالی خودمختاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے خواتین صنعت کاروں کی بڑھتی ہوئی مالی ساکھ کو اجاگر کیا اور کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے خواتین کی قیادت والے سیلف ہیلپ گروپوں کو قابلِ اعتماد قرض دہندگان کے طور پر تسلیم کرنا ان کی مالی صلاحیتوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا عکاس ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں مختلف سرکاری اقدامات کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پرائم منسٹر ز ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام( پی ایم ای جی پی) نے خواتین کے لیے 25 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کی ہے، جبکہ خواتین کی ملکیت والی مائیکرو اور اسمال انٹرپرائزز سے سرکاری خریداری نے لازمی 3 فیصد خریداری کے ہدف کو عبور کر لیا ہے۔

مزید برآں، راجستھان اور ہماچل پردیش کے سابق گورنر اور انڈیا ایس ایم ای فورم کے چیف پیٹرن جناب کلراج مشرا نے ’آتم نربھر بھارت‘ کے وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے خواتین کو روزگار کے متلاشیوں کے بجائے روزگار پیدا کرنے والی صنعت کاروں میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ’لکھ پتی دیدی‘ جیسے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن، گروتھ کیپیٹل تک رسائی اور مسلسل ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے زمینی سطح کی مہارتوں اور مقامی پیداواری صلاحیتوں کو عالمی ویلیو چینوں سے جوڑنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزارتِ ایم ایس ایم ای کے سیکریٹری جناب بھرت کھیڑا نے ایم ایس ایم ای کے شعبے میں خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ہونے والی نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ 10 کروڑ سے زائد کاروباری اداروں میں سے تقریباً 38 فیصد کی ملکیت خواتین کے پاس ہے۔ انہوں نے ایم ایس ایم ای ایکو سسٹم میں صنفی مساوات لانے کے حکومت کے وژن کا اعادہ کیا۔

انہوں نے محض کاروباری اداروں کو باضابطہ شکل دینے سے آگے بڑھ کر عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی، ایکویٹی سرمایہ کاری اور متنوع ویلیو چینز میں انضمام کے ذریعے خواتین کی قیادت والے کاروباروں کو مارکیٹ رہنما بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں، وزارتِ ایم ایس ایم ای کے ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈیولپمنٹ کمشنر ڈاکٹر رجنیش نے بھارت کی اقتصادی ترقی میں خواتین صنعت کاروں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ملک کی 7.8 فیصد اقتصادی نمو کے پیچھے ایک کلیدی محرک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی افرادی قوت میں بڑھتی ہوئی شمولیت، کاروباری قرض تک بہتر رسائی اور بھارت کے آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے ابھرنے والے نئے مواقع خواتین کے لیے کاروباری ترقی اور قوم کی تعمیر میں مزید نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔
چار موضوعاتی تکنیکی اجلاس: خواتین کی قیادت والے کاروباری اداروں کو فعال بنانا ، تیزی لانا ، وسعت دینا اور عالمی سطح پر لے جانا
کانفرنس میں چار تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے، جن میں خواتین صنعت کاروں، صنعتی ماہرین، پالیسی سازوں اور بین الاقوامی نمائندوں نے شرکت کی تاکہ خواتین کی قیادت والے کاروباری اداروں کو مضبوط بنانے کے عملی طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اجلاس اول – فعال بنانا : خواہش سے کاروباری ادارے تک
وزارتِ ایم ایس ایم ای کی جوائنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر محترمہ رکمنی اتری کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں خواہش مند خواتین صنعت کاروں کے لیے ایک سازگار ماحولیاتی نظام تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس دوم – تیزی لانا : بقا سے وسعت تک
وزارتِ ایم ایس ایم ای کے جوائنٹ سیکریٹری جناب ونمرا مشرا کی صدارت اور نظامت میں ہونے والے اس اجلاس میں خواتین کی قیادت والے کاروباری اداروں کو وسعت دینے اور انہیں مسابقتی بنانے میں مدد کرنے کی حکمتِ عملیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سوم – ڈیجیٹائز کرنا : ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا
وزارتِ ایم ایس ایم ای کی ڈائریکٹر محترمہ انکیتا پانڈے کی صدارت اور نظامت میں ہونے والے اس اجلاس میں خواتین صنعت کاروں کے لیے مواقع بڑھانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس چہارم – عالمی سطح پر لے جانا : مقامی سے عالمی سطح تک
وزارتِ ایم ایس ایم ای کی جوائنٹ سیکریٹری( ایس ایم ای) محترمہ مرسی ایپاؤ کی صدارت اور نظامت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں بین الاقوامی تجارت اور عالمی ویلیو چینوں میں خواتین کی قیادت والے کاروباری اداروں کی شرکت بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
خواتین کی قیادت میں کاروباری اداروں کی ترقی کے عزم کا اعادہ
خواتین کی صنعت کاری کے دن 2026 نے کاروباری ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جامع اقتصادی ترقی میں خواتین کی شمولیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ اس کانفرنس نے حکومت، صنعت، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مکالمے اور تعاون کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں خواتین کی قیادت والے کاروباروں کو مضبوط بنانے کے قابلِ عمل طریقوں کی نشاندہی کی جا سکے۔

وزارتِ ایم ایس ایم ای ایک ایسے سازگار ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ خواتین صنعت کاروں کو مالیات، ٹیکنالوجی، مہارتوں، منڈیوں اور عالمی مواقع تک رسائی حاصل ہو، تاکہ وہ اپنے عزائم کو کامیاب کاروباری اداروں میں تبدیل کرنے کے قابل بن سکیں اور 'وکست بھارت 2047' کے وژن میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔
****
(ش ح- ن ا)
U.N:8028