57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

فلمیں راتوں رات دنیا تو نہیں بدل سکتیں، لیکن ذہنوں کے دریچے کھول سکتی ہیں اور مکالمے کو فروغ دے سکتی ہیں: فلم 'فادر لینڈ' کی پروڈیوسر ایوا پُشچنسکا


بھارت اور پولینڈ کی مشترکہ تاریخ پر مبنی فلم کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا: ایوا پُشچنسکا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 2:03PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339517Views: 7

گوا، 21 نومبر 2026

57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کی افتتاحی فلم 'فادر لینڈ' کی پروڈیوسر اور معروف پولش فلم ساز محترمہ ایوا پُشچنسکا نے کہا کہ فلمیں راتوں رات دنیا تو نہیں بدل سکتیں، لیکن یہ ذہنوں کے دریچے وا کر سکتی ہیں، مکالمے کو فروغ دے سکتی ہیں اور لوگوں کو اپنے اردگرد کی دنیا پر غور و فکر کرنے کی ترغیب دے سکتی ہیں۔

افّی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے باہمی گفتگو کی حوصلہ افزائی اور متنوع نقطۂ نظر کی تفہیم کو فروغ دے کر لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں سنیما کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں اپنی فلموں کے ذریعے لوگوں سے مکالمہ کرنا ہوگا۔ ہمیں لوگوں کے ذہنوں کو زندگی کے دیگر پہلوؤں اور دنیا کے دوسرے رخ کی جانب کھولنا ہوگا۔"

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at1.21.01PM_20261121140641_ea75aa.jpeg

عصرِ حاضر کے معاشروں میں پائی جانے والی تقسیم پر غور کرتے ہوئے محترمہ پُشچنسکا نے مشاہدہ کیا کہ کوئی بھی ایک بیانیہ یا ایجنڈا واحد درست نقطۂ نظر کی نمائندگی کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ لوگ ایک دوسرے کی بات سننے کے بجائے تیزی سے اپنے ہی بیانیوں پر ڈٹے رہنے کا رجحان رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "کوئی ایک ایجنڈا یا کوئی ایک بیانیہ ایسا نہیں ہے جو مکمل طور پر درست ہو۔ ایک دوسرے سے بات کریں، آئیے مشترکہ نکات تلاش کریں۔"

فلم 'فادر لینڈ' کو متعدد پہلوؤں پر مشتمل ایک کہانی قرار دیتے ہوئے، محترمہ پُشچنسکا نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ فلم ایسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے جو موجودہ دور کی دنیا سے گہری مطابقت رکھتے ہیں۔ 1949 کے منقسم یورپ کے پس منظر میں بنی یہ فلم مشرق و مغرب کی تقسیم اور ان اختلافات کی عکاسی کرتی ہے جو آج بھی معاشروں کو متاثر کر رہے ہیں۔ یہ فلم شناخت اور وابستگی سے متعلق سوالات بھی اٹھاتی ہے، خاص طور پر ایک ایسی دنیا میں جو نقل مکانی کے دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا، "آپ کا وطن (فادر لینڈ) کہاں ہے؟ کیا یہ وہ ملک ہے جہاں آپ رہتے ہیں، یا یہ وہ زبان ہے جو آپ بولتے ہیں؟ کیا یہ وہ جگہ ہے جہاں سے آپ کی تاریخ جڑی ہے، یا وہ ملک جہاں آپ آباد ہیں؟"—اور اس طرح انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فلم افراد اور ان کے وطن کے درمیان پیچیدہ تعلق کا کس طرح جائزہ لیتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at1.21.01PM(1)_20261121140707_5116c2.jpeg

معروف جرمن ادیب تھامس مان اور ان کے خاندان کی داستان کے ذریعے، فلم 'فادر لینڈ' ثقافت اور معاشرے کے باہمی رشتے کا بھی جائزہ لیتی ہے۔ محترمہ پُشچنسکا نے مشاہدہ کیا کہ ادب اور ثقافتی شخصیات لوگوں کو مثالی نمونے اور حوصلہ افزائی و تحریک کے سرچشمے فراہم کر سکتی ہیں۔ یہ فلم مزید آگے بڑھ کر پیچیدہ خاندانی تعلقات کی باریکیوں کو بھی پرکھتی ہے، جن میں والدین اور اولاد، بہن بھائیوں اور فنکاروں کے آپسی رشتے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ نامور فنکاروں کے بچوں کو درپیش آزمائشوں اور ان سے وابستہ ان توقعات کا بھی احاطہ کرتی ہے کہ وہ اپنے والدین کی کامیابیوں کے ہم پلہ ثابت ہوں۔ وسیع تر تناظر میں، یہ فلم اس بات کا جائزہ لیتی ہے کہ کس طرح بڑے تاریخی تغیرات عام افراد کی روزمرہ زندگیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں اور انہیں نیا رخ دیتے ہیں۔

فلم کے ویژول ٹریٹمنٹ کی وضاحت کرتے ہوئے محترمہ پُشچنسکا نے کہا کہ 'فادر لینڈ' کو بلیک اینڈ وائٹ اور 4:3 کے اسپیکٹ ریشو میں فلمایا گیا ہے، جس میں ہدایت کار پاول پاولیکووسکی کے ساتھ ان کی گزشتہ فلموں 'ایڈا'  اور 'کولڈ وار' میں اپنائے گئے بصری انداز کی پیروی کی گئی ہے۔ اس انتخاب کا مقصد فلم میں دکھائے گئے دور کو حقیقی اور مستند تاثر دینا تھا۔ انہوں نے کہا، "ہم چاہتے تھے کہ فلم اس دور کے لحاظ سے حقیقی نظر آئے جس کی ہم بات کر رہے ہیں۔ 'فادر لینڈ' کو اس ثلاثی کی تیسری فلم کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔"

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-21at1.56.06PM_20261121140740_33b230.jpeg

فلم سازی کے عمل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے وضاحت کی کہ 'فادر لینڈ' پولینڈ، جرمنی، اٹلی اور فرانس کی ایک بین الاقوامی مشترکہ پیشکش ہے۔ اگرچہ فلم کی کہانی جرمنی کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے، لیکن اس کی تقریباً 95 فیصد فلم بندی پولینڈ میں کی گئی، جبکہ تخلیقی اور تکنیکی ٹیمیں بھی زیادہ تر پولش ماہرین پر مشتمل تھیں۔ پولینڈ نے ایسے موزوں مقامات فراہم کیے جو 1949 کے جرمنی کا منظرنامہ دوبارہ تخلیق کر سکتے تھے، جن میں تباہ حال اور نظر انداز شدہ گلیاں، عمارتیں اور چھوٹے قصبے شامل تھے۔

محترمہ پُشچنسکا نے ہندوستان اور پولینڈ کی مشترکہ تاریخ پر مبنی ایک فلم بنانے میں بھی دلچسپی ظاہر کی، خاص طور پر ان پولش بچوں کی داستان پر جنہوں نے دوسری جنگِ عظیم کے دوران ہندوستان میں پناہ حاصل کی تھی۔ افّی کے فیسٹیول ڈائریکٹر جناب آشوتوش گواریکر کے ساتھ اپنی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے—جنہوں نے اس موضوع پر پہلے ہی ایک اسکرپٹ تحریر کر رکھا ہے—انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں بات چیت کا عمل جاری رہے گا اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں گے۔

اس اجلاس کی نظامت جناب سید ربیع ہاشمی نے کی۔

افی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

 

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:8031


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339517
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026