پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 10:03PM by PIB Delhi
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کی جانب سے ایک اور کامیاب کارروائی میں تریپورہ کے اگرتلہ میں 8 کلوگرام میتھم فیٹامائن کی گولیاں (یابا) ضبط کی گئیں اور منشیات کے ایک اسمگلر کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی آر آئی کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو چلائی گئی اس مہم سے شمال مشرقی خطے میں مصنوعی منشیات کی سرحد پار اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ڈی آر آئی کی مسلسل کوششوں میں ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

منشیات کی کھیپ کی نقل و حرکت کے حوالے سے موصول ہونے والی مخصوص اطلاع کی بنیاد پر ، ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکا۔ جب مشتبہ سفید رنگ کی ماروتی سوزوکی سوئفٹ ڈیزائر کو دیکھا گیا اور رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس کے ڈرائیور نے تیزی سے گاڑی بھگا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے فوری طور پر تعاقب کیا اور اِچھا بازار کے ریلوے کراسنگ کے قریب گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی میں سوار افراد گاڑی چھوڑ کر پیدل بھاگنے کی کوشش کرنے لگے۔ تاہم، عہدیداروں نے ان میں سے ایک کو پکڑ لیا، جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لینے پر اگلی مسافر سیٹ کے فٹ ویل میں چھپائی گئی ایک پلاسٹک کی تھیلی برآمد ہوئی۔ تھیلی میں آٹھ کالے پیکٹ تھے، جن میں سے ہر ایک میں پانچ سفید پیکٹ رکھے گئے تھے اور ان سفید پیکٹوں میں نارنگی رنگ کی دس گولیاں تھیں، جن پر میتھم فیٹامائن ہونے کا شبہ تھا۔
برآمد شدہ 8 کلوگرام (خالص) میتھم فیٹامائن کی گولیوں کو گاڑی سمیت نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹانسز ( این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ اس ایکٹ کے تحت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ ضبطی شمال مشرقی خطے میں مصنوعی( سنتھیٹک) منشیات کی بڑی کھیپوں کو روکنے کے لیے ڈی آر آئی کی مسلسل کوششوں کو مزید تقویت دیتی ہے۔ علاقے میں ڈی آر آئی کی جانب سے حال ہی میں چلائی گئی مہمات کے نتیجے میں میتھم فیٹامائن گولیوں اور کرسٹل میتھم فیٹامائن کی بڑی مقدار ضبط کی گئی ہے، جن میں گزشتہ ہفتے سلچر میں 20 کلوگرام یابا گولیوں کی ضبطی؛ اور گزشتہ ماہ سلچر اور آئیزول میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بالترتیب 20 کلوگرام کرسٹل میتھم فیٹامائن اور 30 کلوگرام میتھم فیٹامائن گولیوں کی ضبطی شامل ہے۔
ضبطی کی یہ مسلسل کارروائیاں علاقے میں سرگرم منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورک کی شناخت کرنے اور انہیں ناکام بنانے میں ڈی آر آئی کی خفیہ معلومات اکٹھا کرنے کی صلاحیت اور عملی مستعدی کو اجاگر کرتی ہیں۔
******
(ش ح- ن ا)
U.N:8022