پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:31PM by PIB Delhi
معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے سماجی انصاف اورتفویض اختیارات کی وزرات جانب سے محکمہ جاتی سربراہی اجلاس کے انعقاد اور بامعنی تبادلۂ خیال کو ممکن بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے سماجی انصاف، سماجی تفویض اختیارات اور منشیات سے پاک ہندوستان کے مقاصد کے حصول کے لیے اجتماعی اقدامات اور ’حکومت کے تمام شعبوں کے مشترکہ نقطۂ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔
جمعرات کو یہاں قومی دارالحکومت کے سشما سوراج بھون میں منعقدہ ‘سما ویشی نیتی سنکلپ’ کے عنوان سے دو روزہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس کے مکمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے حکومت کی فلاحی پہلوں کے دور رس اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت سے باہر آنے والے تقریباً 50 کروڑ افراد نے حقیقی معنوں میں سماجی تفویض اختیارات کا تجربہ کیا ہے۔

منشیات سے پاک ہندوستان مہم کو ملک گیر جن آندولنمیں تبدیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر میں ہر شہری، خاندان، تعلیمی ادارے اور برادری کو اپنا تعاون دینا چاہیے۔
جناب مودی نے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہاکہ وہ مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کریں اور بیداری پیدا کرنے کے اقدامات کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے والدین کو بھی اس بات کے تئیں حساس بنانے پر زور دیا کہ وہ نشہ آور اشیا کے استعمال اور لت کی ابتدائی علامات کو پہچان سکیں۔
بازآبادکاری اور سماج میں دوبارہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نشے کی لت پر کامیابی سے قابو پانے والے افراد کی زندگی کے سفر امید کا ایک مضبوط پیغام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ‘‘یہ سفر امید کا سب سے مضبوط پیغام دیتے ہیں۔ ۔ ان سے ثابت ہوتا ہے کہ نشے کی لت سے نجات ممکن ہے اور منشیات سے پاک زندگی ہی باوقار زندگی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے کسانوں سے غیر قانونی فصلوں کی کاشت ترک کرنے کی بھی اپیل کی اور منشیات کے ناجائز استعمال کے خلاف قومی مہم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وزارتوں، ریاستی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور روحانی تنظیموں کی مشترکہ اور مربوط کوششوں پر زور دیا۔

روحانی رہنماؤں کے اثر و رسوخ کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشن میں روحانی گروؤں اور تنظیموں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رہنمائی لاکھوں لوگوں کو منشیات سے پاک زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دے سکتی ہے۔
معذور افراد کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں وزیر اعظم نے ‘دیویانگ’ کی اصطلاح کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معذور افراد کے وقار، احترام اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔
جناب مودی نے معاشرے میں دیویانگ جن کے تئیں مثبت سوچ کو فروغ دینے کے لیے اس اصطلاح کے وسیع پیمانے پر استعمال اور اسے مقبول بنانے کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معذور افراد کی پوشیدہ صلاحیتوں اور خوبیوں کی شناخت کی جائے، انہیں پروان چڑھایا جائے اور تسلیم کیا جائے، نیز ان کی شرکت اور خدمات کے لیے مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔

وزیر اعظم کے خطاب سے اس بات کی ضرورت کو تقویت ملی کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان مسلسل تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور فلاحی پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اس سربراہی اجلاس میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزراء ، 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء، دونوں محکموں کے سکریٹریوں، 35 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سکریٹریوں، نیز وزارت اور شریک ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور شمولیتی سماجی ترقی و تفویض اختیارات کے لیے باہمی اشتراک کی کوششوں کو مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔

سربراہی اجلاس میں چار موضوعاتی ترجیحات پر غور و خوض
دو روزہ محکمہ جاتی سربراہی اجلاس کا آغاز 18 نومبر 2026 کو افتتاحی اجلاس کے ساتھ ہوا، جس سے مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے خطاب کیا۔ اس موقع پر محکمۂ سماجی انصاف اورتفویض اختیارات (ڈی او ایس جے ای) اور محکمۂ تفویض اختیارات برائے معذور افراد (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی) کے سکریٹریوں نے تمہیدی کلمات پیش کیے اور منشیات کی مانگ میں کمی، وظائف، بروقت مداخلت اور قابل رسائی سہولیات سے متعلق پالیسی ترجیحات اور ان پر عمل درآمد کے چیلنجوں کو اجاگر کیا۔
پہلے دن چار موضوعات پر غور و خوض کیا گیا، جن میں نشہ مکت بھارت کے لیے انسدادمنشیات اور منشیات کی مانگ میں کمی کے اقدامات کو نئے انداز سے ترتیب دینا؛ قابل رسائی وظائف اور بااختیار طلبہ؛ بروقت مداخلت اور معذوری کے بوجھ میں کمی؛ اور وکست بھارت کے لیے سوگمیہ بھارت شامل تھے۔
چار متوازی گروپ اجلاسوں میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء اور سینئر افسران کو بہترین طریقۂ کار کے تبادلے، عمل درآمد سے متعلق چیلنجوں پر تبادلۂ خیال اور واضح مدتِ تکمیل کے ساتھ قابلِ عمل اقدامات کی نشاندہی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔
1۔ نشہ مکت بھارت کے لیے انسدادِ منشیات اور منشیات کی مانگ میں کمی کے اقدامات کو نئے انداز سے ترتیب دینا
اس اجلاس کی صدارت ہماچل پردیش کے وزیر برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات ڈاکٹر (کرنل) دھنی رام شانڈل نے کی، جبکہ راجستھان کے سماجی انصاف او رتفویض اختیارات کےوزیر جناب اویناش گہلوت نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں منشیات کی روک تھام اور اس کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوششوں کو ایک مسلسل جن آندولن میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں جن اہم اقدامات پر اتفاق کیا گیا، ان میں دسمبر 2026 سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو نشہ مکتی سنکلپ دیوس کے طور پر منانا؛ ہر گرام سبھا اور میونسپل وارڈ کے اجلاس کے مستقل ایجنڈے میں منشیات کی روک تھام کو شامل کرنا؛ اور مارچ 2029 تک ہر ضلع میں کم از کم ایک نشہ چھڑانے کا مرکز قائم کرنا شامل ہیں۔
ریاستوں نے کئی اختراعی اقدامات سے متعلق اپنے تجربات بھی پیش کیے، جن میں چندی گڑھ کے وڈا کلبس، پنجاب کے سورما(ایس او اوآر ایم اے) ایمبیسڈرس، میگھالیہ کا ڈریم سولیس ہوم، جموں و کشمیر کی 100 روزہ مہم اور ہریانہ کی جانب سے نشہ چھڑانے کے مراکز کی درجہ بندی کے لیے اسٹارز ریٹنگشامل ہیں۔
ڈاکٹر شانڈل نے گھر والوں، اسکولوں اور برادریوں کے ذریعے منظم اور مسلسل اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی روک تھام نہ صرف صحت عامہ کی ایک مؤثر پالیسی ہے بلکہ معاشی اعتبار سے بھی سودمند ہے۔
جناب گہلوت نے سرکاری سطح پر چلائے جانے والے پروگراموں سے آگے بڑھ کر برادریوں کی قیادت میں عوامی شمولیت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سماجی انصاف اورتفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے یقین دلایا کہ اس تبادلۂ خیال کے نتائج قومی لائحۂ عمل کی تیاری میں رہنمائی فراہم کریں گے۔

2۔ قابل رسائی وظائف، بااختیار طلبہ
اتر پردیش حکومت کے وزیر جناب عاصم ارون کی صدارت اور ہریانہ حکومت کے وزیر جناب کشن کمار بیدی کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں وظائف کی فراہمی کے لیے ایک مربوط، قابلِ رسائی اور طلبہ کی ضروریات کو مرکزیت دینے والا نظام وضع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں درخواست دینے کے طریقۂ کار کو آسان بنانے، مرکز اور ریاستوں کے درمیان محفوظ ڈیجیٹل انضمام، درخواستیں جمع کرانے میں معاونت کی سہولت، وظائف کی بروقت ادائیگی اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ آمدنی سے متعلق اہلیت کے معیار اور وظائف کی رقم پر نظرثانی سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ریاستوں نے اپنی کامیاب پہلوں کو اجاگر کیا، جن میں اڈیشہ، گجرات اور اتر پردیش کے مشترکہ وظیفہ جاتی پلیٹ فارم؛ آندھرا پردیش کا ون اسٹاپ اسکالرشپ پورٹل؛ مدھیہ پردیش میں درخواستوں کی پیشگی جانچ؛ اور کرناٹک و تمل ناڈو میں اختیار کیے گئے خودکار منظوری کے طریقۂ کار شامل ہیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کی فراہمی، حکومتوں کے درمیان تال میل اور شفاف طریقۂ کار کو یقینی بنانا ضروری ہے، تاکہ اہل طلبہ کو وظائف کی امداد بروقت اور بلا کسی پریشانی کے حاصل ہو سکے۔
3۔ بروقت مداخلت اور معذوری کے بوجھ میں کمی
بہار حکومت کی وزیر ڈاکٹر شویتا گپتا کی صدارت اور میزورم حکومت کی وزیر محترمہ پی لال رِن پوئی کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں نشوونما میں تاخیر اور معذوری سے متاثرہ بچوں کی ابتدائی مرحلے میں شناخت، بروقت تشخیص اور مداخلت کے نظام کو مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس سلسلے میں اہم ترجیحات میں صحت، غذائیت، تعلیم اور معذوری سے متعلق خدمات کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا؛ دور سے بازآبادکاری کی سہولیات اور موبائل خدمات کا دائرہ وسیع کرنا؛ مربوط ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم تیار ک ؛ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی میں اضافہ کرنا شامل تھا۔
مغربی بنگال نے اپنا سن سپرش ماڈل پیش کیا، جس کے تحت 20 نکاتی سوال نامے کے ذریعے برادری کی سطح پر آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) کی ابتدائی جانچ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر گپتا نے اس بات پر زور دیا کہ معذوری کے بوجھ کو کم کرنے اور مستحقین تک بنیادی سطح پر مدد پہنچانے کے لیے ابتدائی مرحلے میں پہچان اور موجودہ خدمات کے درمیان تال میل انتہائی اہم ہے۔
محترمہ لال رِن پوئی نے والدین میں بیداری، مسلسل نگرانی اور گھر والوں ، اداروں اور خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان مشترکہ ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

4۔ وکست بھارت کے لیے سوگمیہ بھارت
چوتھے موضوعاتی اجلاس میں اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ عوامی بنیادی ڈھانچے، نقل و حمل کے نظام اور رقمی خدمات کی منصوبہ بندی کے ابتدائی مرحلے ہی سے عالمگیر رسائی اور شمولیتی ڈیزائن کو مرکزی حیثیت دی جائے۔ تبادلۂ خیال میں رسائی کی سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے، مؤثر نگرانی کے نظام وضع کرنے اور عوامی سہولیات کے ڈیزائن اور ان کی جانچ میں معذور افراد کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔
ریاستوں نے کئی بہترین طریقۂ کار پیش کیے، جن میں کیرالہ کی کوچی میٹرو اور واٹر میٹرو شامل ہیں، جہاں ہندوستانی اشاروں کی زبان میں تربیت یافتہ عملہ اور قابل رسائی سہولیات دستیاب ہیں؛ تمل ناڈو میں چنئی ایگمور اور مضافاتی ریلوے اسٹیشنوں پر رسائی کی سہولیات کو بہتر بنانا، جس میں بریل سہولت سے آراستہ لفٹیں، چھو کر راستے کی نشاندہی کرنے والے فرش اور سماعت کے آلات استعمال کرنے والوں کے لیے انڈکشن لوپس شامل ہیں؛ گوا میں سیاحتی مقامات کو قابل رسائی بنانا؛ گجرات میں احمد آباد جن مارگ کی ایسی بسیں جن میں سوار ہونے کے لیے سطح ہموار رکھی گئی ہے؛ اور آسام کے اسکولوں میں رکاوٹوں سے پاک بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو لازمی قرار دینا شامل ہیں۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے اس بات پر زور دیا کہ قابل رسائی سہولیات کوئی اضافی انتظام نہیں ہیں، بلکہ مساوی مواقع اور باوقار زندگی کی بنیاد ہیں۔ بالخصوص 2047 تک وکست بھارت کے قومی وژن کے تناظر میں ان کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔
گوا کے وزیر جناب سبھاش پھل دیسائی نے اس بات کی وکالت کی کہ رسائی کی سہولیات کو بعد میں شامل کرنے کے بجائے ڈیزائن اور منصوبہ بندی کے مرحلے ہی سے ان کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔
آسام نے ایک مخصوص قومی مشن کے قیام، ضلع سطح پر نگرانی اور رسائی سے متعلق تقاضوں کی عدم تعمیل پر مناسب جرمانے عائد کرنے کی تجاویز کو اجاگر کیا۔
علمی تبادلۂ خیال اور بہترین طریقۂ کار کی نمائش
مکمل اجلاسوں کے دوران ماہرین ڈاکٹر ورشا گاتھو (سابقہ اے وائی جے این آئی ایس ایچ ڈی) اور پروفیسر جے ایس ٹھاکر (پی جی آئی ایم ای آر) نے قومی پالیسیوں کے ساتھ امریکہ، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ، تھائی لینڈ اور افریقی یونین کے بہترین عالمی طریقۂ کار پیش کیے۔
سشما سوراج بھون میں منعقدہ ایک نمائش میں دونوں محکموں کی اسکیموں، پہلوں، کامیابی کی داستانوں،ڈیجیٹل ایپلی کیشنز اور پورٹلز کو پیش کیا گیا۔ اس نمائش کے ذریعے شرکاء کو اختراعی اقدامات اور خدمات کی فراہمی کے مؤثر نمونوں کو سمجھنے کا موقع ملا۔
ایک جامع اور بااختیار ہندوستان کے عزم کا اعادہ
اس تبادلۂ خیال کے اختتام پر مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور متفقہ لائحۂ عمل کے نکات پر مقررہ مدت میں عمل درآمد کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس سربراہی اجلاس نے پالیسی ترجیحات کو مربوط عملی اقدامات میں تبدیل کرنے، ریاستی سطح پر کامیاب طریقۂ کار سے فائدہ اٹھانے اور اجتماعی ذمہ داری کے ذریعے عمل درآمد کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔
منشیات کی مانگ میں کمی، تعلیمی مواقع تک مساوی رسائی، معذور افراد کے لیے بروقت مداخلت اور عالمگیر رسائی کے مشترکہ مقصد کے ساتھ ’سم ویشی نیتی سنکلپ 2026‘ نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کے مطابق ایک شمولیتی، بااختیار، قابلِ رسائی اور منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
منشیات کی مانگ میں کمی، تعلیمی مواقع تک مساوی رسائی، معذور افراد کے لیے بروقت مداخلت اور ہمہ گیر رسائی پر مشترکہ توجہ کے ساتھ ‘سماویشی نیتی سنکلپ 2026’ نے وکست بھارت @2047 کے وژن کے مطابق ایک جامع، بااختیار، قابل رسائی اور منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
***
ش ح۔ ش آ ۔م الف
U. No- 7994