پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:12PM by PIB Delhi
وزارتِ دفاع کے ماتحت سابق فوجیوں کی بہبود سے متعلق محکمے کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ری سیٹلمنٹ (ڈی جی آر) نے 20 نومبر 2026 کو گروگرام میں واقع ایئر فورس اسٹیشن کے ‘54 ایئر اسٹورز پارک’ ((اے ایس پی) میں سابق فوجیوں (ای ایس ایم) کے لیے ایک جاب فیئر کا انعقاد کیا۔اس جاب فیئر میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جس میں 868 سے زائد سابق فوجیوں اور 56 ممتاز قومی و کثیرالقومی کمپنیوں نے شرکت کی۔ ان کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں روزگار کے 2,544 سے زائد مواقع فراہم کیے۔
اس روزگار میلے کا افتتاح جناب پروین اگروال، جوائنٹ سکریٹری (ای ایس ڈبلیو) نے کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز (ایس آئی ڈی ایم) کے ڈائریکٹر جنرل جناب رمیش کے بھی موجود تھے، جنہوں نے اعزازی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ معززین نے میلے میں شریک سابق فوجیوں اور کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی اور اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سابق فوجیوں کو کارپوریٹ شعبے میں بامقصد روزگار اور نئے مواقع فراہم کرنے میں معاون ہے۔
روزگار میلے میں بھرتی کرنے والی نمایاں کمپنیوں میں سی بی آر ای گروپ، ڈی ایل ایف لمیٹڈ، بگ بینگ بوم سولیوشنز، ایئر انڈیا سیٹس، جے سی بی، اوبیرائے گروپ آف ہوٹلز، ڈرون ورس، پالٹیک کولنگ ٹاورز اینڈ ایکوپمنٹس، ریلکسیو فٹ ویئرز، سومانی سیرامکس، چیک میٹ سکیورٹی سروسز، کے ای آئی انڈسٹریز، کے ٹینٹ اور ملٹی کلر اسٹیلز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت کئی دیگر معروف ادارے شامل تھے۔
اس روزگار میلے نے صنعتوں اور سابق فوجیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کے ذریعے سابق فوجیوں کو اپنی فنی مہارت، قائدانہ صلاحیتوں، انتظامی قابلیت اور دفتری امور کا تجربہ پیش کرنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ہی شریک کمپنیوں کو ایک ایسے نظم و ضبط کے پابند، ہنرمند اور تجربہ کار افرادی قوت کی بھرتی کا موقع بھی حاصل ہوا، جس کے پاس ادارہ جاتی اور عملی امور انجام دینے کی ثابت شدہ صلاحیت موجود ہے۔
اس طرح کی پہلوں کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ جنرل ری سیٹلمنٹ (ڈی جی آر) سبکدوش ہونے والے اور سبکدوش ہو چکے مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے روزگار کے مواقع اور بامقصد دوسری ملازمتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سے انہیں شہری زندگی میں آسانی سے قدم جمانے اور قوم کی تعمیر میں اپنے وسیع تجربے اور مہارتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملتا ہے۔
یہ پہل مسلح افواج کے سابق اہلکاروں کی برادری اور ہندوستان کے کارپوریٹ شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری کو فروغ دے کر سابق فوجیوں کی بہبود، بازآبادکاری اور بااختیار بنانے کے تئیں وزارتِ دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
****
(ش ح ۔ ک ا۔ ت ع)
U. No.7996