پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 3:26PM by PIB Delhi
‘سومناتھ سوابھیمان پرو’ کے تحت منعقد کی جانے والی ‘یووا سومناتھ یاترا’ کو مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے نئی دہلی کے صفدرجنگ ریلوے اسٹیشن سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ مختلف کالجوں اور تعلیمی اداروں کے 1100 سے زائد طلبہ اس خصوصی ٹرین کے ذریعے گجرات کے سومناتھ کے سفر پر روانہ ہوئے ہیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ ایک ہزار سال سے زائد عرصے کے دوران بار بار حملوں کے باوجود سومناتھ مندر آج بھی ہندوستان کے پائیدار ثقافتی ورثے کی علامت کے طور پر قائم ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ماضی کی نسلوں نے نہ صرف اپنے عقیدے بلکہ ملک کی گراں قدر روایات اور ورثے کا بھی تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سومناتھ کی تاریخ ہندوستان کے عقیدے، استقامت اور ثقافتی تسلسل کی عکاسی کرتی ہے۔
نوجوان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ کوئی عام سفر نہیں، بلکہ ہندوستان کی جدوجہد اور استقامت کی تاریخ کو سمجھنے اور اس کے شاندار ورثے کو آگے بڑھانے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہندوستان کے علمی سرمایے، تعمیراتی ورثے اور ثقافتی کامیابیوں پر فخر کریں، جنہوں نے دنیا کو متاثر کیا ہے اور آج بھی کر رہی ہیں۔
‘سومناتھ سوابھیمان پرو’ کے تحت اب تک 35,000 سے زائد عقیدت مندوں کو سومناتھ مہادیو کے درشن کا موقع مل چکا ہے۔ اس پہل کے ذریعے سومناتھ مندر کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت اور ہندوستان کے ورثے میں اس کے دیرپا مقام کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ ثقافت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سمر نندا نے کہا، ‘‘سومناتھ سوابھیمان پرو کے تحت 17 ریاستوں کے عقیدت مند سومناتھ مہادیو کے درشن کر چکے ہیں۔ سومناتھ مندر کی ازسرِ نو تعمیر کی 75ویں سالگرہ بھی 11 مئی 2026 کو معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی موجودگی میں منائی گئی تھی۔ یووا سومناتھ یاترا نوجوان نسل کو سومناتھ اور اس کی بھرپور تاریخی و روحانی اہمیت سے جوڑنے کی ایک اہم پہل ہے۔’’
ٹرین کی روانگی سے قبل ریلوے اسٹیشن پر سادھو بینڈ نے عقیدت پر مبنی موسیقی کے پروگرام پیش کیے، جس سے روحانیت اور جوش و خروش سے بھرپور ماحول پیدا ہو گیا۔ ان بھکتی موسیقی کی پیش کشوں نے نوجوان شرکاء میں جوش و جذبہ پیدا کیا اور اس موقع کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔
این سی سی کی خواتین کیڈٹس کی جانب سے رسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جس سے اس موقع کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔
اس پہل کا مقصد نوجوان نسل کو ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے اور تاریخی عظمت سے جوڑنا اور سومناتھ کی تاریخی اہمیت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنا ہے۔
20 سے 25 نومبر 2026 تک مقرر اس خصوصی ٹرین کا سفر نئی دہلی کے صفدرجنگ ریلوے اسٹیشن سے گجرات کے ویراول جنکشن تک ہوگا۔ وہاں سے طلبہ اس مقدس مندر کی تاریخی اور روحانی اہمیت کا تجربہ کرنے کے لیے سومناتھ روانہ ہوں گے۔







****
(ش ح ۔ک ا۔ ت ع)
U. No.7978