سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مقناطیسیت کی تشکیل کا ایک نیا طریقہ، جو کوانٹم معلومات محفوظ کرنے کے امکانات کے نئے دروازے کھول سکتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 3:15PM by PIB Delhi

سائنس دانوں نے نیٹ ورک کے باہمی رابطوں کی ساخت میں تبدیلی کرکے اس میں کوانٹم مقناطیسیت کی ایک غیر معمولی شکل کو قابو میں رکھنے کا طریقہ دریافت کر لیا ہے۔ اس دریافت کے کوانٹم آلات میں استعمال کے امکانات ہیں، مثلاً کوانٹم معلومات کو محفوظ کرنے میں۔

بہت سے نظام باہم تعامل کرنے والی اکائیوں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن کی مثالیں ہمارے کمرے میں موجود گیس سے لے کر سماجی نیٹ ورکس تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ہوائی جہاز کےمیگزینوں میں پروازوں کے راستوں کو ظاہر کرنے والے مرکز اور شاخوں پر مشتمل خاکے یہ واضح کرتے ہیں کہ باہمی رابطوں کا نظام لوگوں کو مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے میں کس طرح سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کی ایک اور قابلِ فہم مثال کووڈ-19 کے دوران بیماری پھیلانے والے سپر اسپریڈرز کی ہے، جنہوں نے بیماری کے پھیلاؤ میں مرکزی مراکز کا کردار ادا کیا۔

یہ مانوس مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ رابطوں کے مختلف انداز اجتماعی رویے کا تعین کر سکتے ہیں۔ تاہم، یہ تمام مثالیں کلاسیکی نظاموں سے تعلق رکھتی ہیں۔

رمن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آر آر آئی) کی ایک ٹیم، جو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کا ایک خودمختار ادارہ ہے، نے اس بات کا مطالعہ کیا کہ جب متعدد کوانٹم اکائیاں ایک دوسرے کے ساتھ تعامل کرتی ہیں تو کیا ہوتا ہے، اجتماعی ترتیب کا تعین کن عوامل سے ہوتا ہے اور کوانٹم اکائیاں خود کو کس طرح منظم کرتی ہیں۔

اس نظام کو سمجھنے کے لیے، ریوتھی بی۔ ایس۔، جو اس نئی تحقیق کی سرکردہ مصنفہ اور آر آر آئی میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو ہیں، اور شووَن دتہ، جو اس تحقیق کے شریک مصنف اور آر آر آئی کے شعبۂ نظریاتی طبیعیات میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، نے ایک مربع جالی کا تصور کیا، جس میں ایک مقام خالی (سوراخ) تھا، جبکہ دیگر تمام مقامات پر ایک ایک الیکٹران موجود تھا۔

شکل 1: اوپری قطار میں ایک مربع جالی کے اندر کثیر اجسام پر مشتمل کوانٹم نظام میں مقناطیسی ترتیب کی ممکنہ صورتیں دکھائی گئی ہیں۔ نچلی قطار میں دکھایا گیا ہے کہ مربع جالی میں ایک ترچھی لکیر شامل کرنے سے حاصل ہونے والی تبدیلی۔

الیکٹرانوں کی ایک ذاتی خاصیت ہوتی ہے جسے اسپن  کہا جاتا ہے، جو اوپر یا نیچے کی سمت میں ہو سکتا ہے۔ خالی مقام (سوراخ) ایک مقام سے دوسرے مقام تک حرکت کر سکتا ہے اور اس کی یہ حرکت الیکٹرانوں کے اسپن کی ترتیب کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں وہ کیفیت پیدا ہوتی ہے جسے سائنس دان ’’حرکی مقناطیسیت‘‘ (کائینیٹک میگنیٹزم) کہتے ہیں۔ روایتی مقناطیسیت کے برعکس، جو اسپن کے درمیان براہِ راست تعاملات سے پیدا ہوتی ہے، حرکی مقناطیسیت ذرات کی کوانٹم حرکت (حرکی توانائی) کے باعث وجود میں آتی ہے۔ حرکی مقناطیسیت خالصتاً کوانٹم میکانیاتی اثر ہے، جس کی کلاسیکی نظاموں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

اگر تمام اسپن ایک ہی سمت میں ہوں تو اسے فیرو میگنیٹک ترتیب  کہا جاتا ہے، اور اگر ایک دوسرے سے متصل اسپن مخالف سمتوں میں ہوں تو اسے اینٹی فیرو میگنیٹک ترتیب کہتے ہیں۔ ایک خالی مقام والی مربع جالی کے لیے پہلے یہ ثابت کیا جا چکا ہے کہ کم ترین توانائی کی حالت فیرو میگنیٹک ہوتی ہے۔

ریوتھی اور دتہ نے ظاہر کیا کہ نیٹ ورک کے باہمی رابطوں کی ساخت کے ذریعے مقناطیسی ترتیب کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، مربع جالی میں ایک ترچھا رابطہ شامل کرنے سے اس سے وابستہ دونوں الیکٹرانوں کے اسپن ایک دوسرے کے مخالف سمتوں میں ہو جاتے ہیں، جس سے کوانٹم میکینکی طور پر مخالف سمتوں میں ترتیب پانے والے اسپن کا ایک جوڑا بنتا ہے، جسے ’’سنگلٹ‘‘کہا جاتا ہے۔ باقی مقامات پر فیرو میگنیٹک ترتیب برقرار رہتی ہے اور خالی مقام نیٹ ورک میں حرکت کرتا رہتا ہے۔

ریوتھی نے کہا، ’’حیرت انگیز بات یہ ہے کہ میں تقریباً یقینی طور پر پیش گوئی کر سکتی ہوں کہ جہاں کہیں بھی میں ایک ترچھا رابطہ متعارف کراؤں گی، وہاں سنگلٹس تشکیل پائیں گے۔‘‘ ترچھا رابطہ شامل کرکے اور مقامی سطح پر باہمی رابطوں کی ساخت میں تبدیلی کے ذریعے وہ مجموعی مقناطیسی ترتیب کو اپنی مرضی کے مطابق تشکیل دینے میں کامیاب ہوئے۔ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اجتماعی کوانٹم ترتیب کو صرف ہندسی ساخت کی مدد سے بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

شکل 2: کثیر اجسام پر مشتمل کوانٹم نظام میں نہ صرف مجموعی مقناطیسی ترتیب کا تعین کیا جا سکتا ہے بلکہ اسے حسبِ منشا تشکیل بھی دیا جا سکتا ہے۔

 

دتہ نے کہا، ’’یہ بات کسی بھی طرح واضح یا متوقع نہیں ہے، کیونکہ اگر آپ کسی کلاسیکی نظام میں اسی طرح ہندسی ساخت میں تبدیلی کریں تو اس سے مقناطیسی ترتیب پر کوئی خاص اثر نہیں پڑتا۔‘‘

حسابی پیچیدگی کی وجہ سے طبیعیات داں کئی دہائیوں تک اس مسئلے پر تحقیق کرنے سے قاصر رہے۔ 20 مقامات پر مشتمل ایک جالی میں دو ملین ممکنہ ترتیبیں سامنے آتی ہیں، جو ایک حیران کن تعداد ہے۔ ریوتھی اور دتہ نے جدید عددی اور تجزیاتی طریقوں کے امتزاج کو بروئے کار لاتے ہوئے ان خردبینی نمونوں اور ان کی طبعی وجوہات کا پتا لگایا۔

فزیکل ریویو بی میں شائع ہونے والی یہ تحقیق اس لحاظ سے بھی بروقت ہے کہ تجرباتی میدان میں ہونے والی پیش رفت اب اس مرحلے تک پہنچ رہی ہے جہاں محققین اس پیچیدہ نظریے کو عملی طور پر مشاہدہ کر سکتے ہیں۔

اگرچہ یہ کام نظریاتی نوعیت کا ہے، تاہم یہ باہم تعامل کرنے والے ذرات کی کوانٹم حالتوں کو تشکیل دینے کے نئے امکانات کھولتا ہے، جن کے کوانٹم آلات میں استعمال کی گنجائش موجود ہے۔ مثال کے طور پر، ہماری روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی ہارڈ ڈرائیوز معلومات محفوظ کرنے کے لیے مقناطیسی نمونوں کا استعمال کرتی ہیں، لیکن ان میں معلومات صرف کلاسیکی بِٹس کی صورت میں محفوظ ہوتی ہیں۔ ان نیٹ ورکس میں موجود سنگلٹس الجھی ہوئی کوانٹم حالتیں ہیں اور انہیں کوانٹم معلومات محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اشاعت کا لنک https://doi.org/10.1103/stj9-srp1:

***

ش ح۔ ش ت۔ ر ب

U.NO.7975


(ریلیز آئی ڈی: 2339094) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी