پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 1:53PM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے 45ویں بھارت بین الاقوامی تجارتی میلہ (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں قائم صحت پویلین کو عوام کی جانب سے حوصلہ افزا پذیرائی مل رہی ہے۔ انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے زیر اہتمام یہ تجارتی میلہ 14 سے 27 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ صحت پویلین میں پہلے پانچ دنوں (14 سے 18 نومبر 2026) کے دوران مجموعی طور پر 12,189 سے زیادہ افراد کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ تعداد صحت سے متعلق بیداری، احتیاطی جانچ اور حکومت کے صحت سے متعلق مختلف اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں عوام کی گہری دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔
ہیلتھ پویلین کا افتتاح 14 نومبر 2026 کو نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ایم سرینواس نے مرکزی سکریٹری صحت محترمہ پونیا سلیلا سریواستو کی موجودگی میں کیا۔’یوا بھارت، سوستھ بھارت‘کے موضوع پر مبنی یہ پویلین عوامی شمولیت، صحت سے متعلق تعلیم اور حکومت کے صحت پروگراموں اور خدمات کے بارے میں معلومات کی فراہمی کا ایک اہم پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔ بچوں، نوجوانوں، خاندانوں اور معاشرے کے دیگر طبقات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پویلین میں منعقد کی جانے والی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

صحت سے متعلق بیداری کو فروغ دینے کے لیے انٹرایکٹو سرگرمیوں اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد
عوام تک صحت سے متعلق معلومات پہنچانے کی جاری کوششوں کے تحت ’ٹی بی مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت نکڑ ناٹک پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں اور فیلریا کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بھی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد تپِ دق، اس کی علامات، پھیلنے کے طریقوں، بچاؤ، بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے بارے میں میلے میں آنے والے افرادکو حساس بنانا اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اہم طبی پیغامات کو اختراعی اور دلچسپ انداز میں پیش کرنے کے لیے میجک شو کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کے ساتھ گفتگو کے پروگرام اور صحت سے متعلق بیداری کے اجلاس میں آنے والے لوگوں کو طبی ماہرین سے بات چیت کرنے، صحت کے عام مسائل کو سمجھنے اور احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
قلبی و تنفسی احیاء (سی پی آر) کے براہِ راست عملی مظاہروں، معلوماتی سوال و جواب کے مقابلوں اور اسٹیج پر منعقد ہونے والی دیگر سرگرمیوں کے ذریعے بھی زائرین کو صحت کے بنیادی طریقوں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تکنیکوں اور بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں واقف کرایا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں نے پویلین کو ایک ایسے تعاملی تعلیمی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں معلومات، عملی مظاہروں اور عوامی شرکت کے ذریعے صحت سے متعلق بیداری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

صحت کی مفت جانچ، طبی صلاح ومشورہ اور کونسلنگ کی سہولیات
بھارت منڈپم کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہال نمبر 4 (جی) میں 989 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہیلتھ پویلین 24 قومی صحت پروگراموں، پروگرام ڈویژنوں اور شرکت کرنے والی تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے 39 اسٹالوں پر مشتمل ہے۔
یہاں میلے میں آنے والے افرد کو صحت کی مختلف خدمات، صحت کی بنیادی جانچ، طبی صلاح ومشورہ ، کونسلنگ اور معلومات کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خدمات میں باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کی جانچ، بلڈ شُگر کی جانچ، بلڈ پریشر کی پیمائش، آنکھوں کا معمول کا معائنہ، منہ کی صحت کی جانچ، سماعت کی جانچ اور خون کے گروپ کی شناخت شامل ہیں۔

یہ پویلین زچہ و بچہ کی صحت، ٹیکہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکہ کاری پلیٹ فارم یو وِن (یو-ڈبلیو آئی این) اور راشٹریہ بال سواستھیہ کاریہ کرم کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ یہاں آنے والے افراد ایچ آئی وی / ایڈز، جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن، تپِ دق، ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں، وائرل ہیپاٹائٹس، جذام اور صحتِ عامہ سے متعلق دیگر مسائل کے بارے میں بیداری اور کونسلنگ کی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
ای سنجیونی ٹیلی کنسلٹیشن خدمات، آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) اور آیوشمان بھارت-پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم -جے اے وائی) سمیت ڈیجیٹل صحت سے متعلق اقدامات کو بھی پیش کیا جا رہا ہے، تاکہ لوگوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی صحت خدمات کی دستیابی اور ان کے فوائد سے روشناس کرایا جا سکے۔
ٹیلی مانس سے متعلق معلومات سمیت ذہنی صحت کے بارے میں بیداری اور کونسلنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آنکھوں اور بصارت کی نگہداشت، سماعت، دانتوں کی صحت اور اعضا عطیہ کرنے کے بارے میں بیداری سے متعلق خصوصی خدمات بھی دستیاب ہیں۔ لوگوں کو غذائیت، جسمانی سرگرمی، تمباکو نوشی ترک کرنے، غذائی تحفظ اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے دیگر طریقوں کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
شرکت کرنے والی تنظیموں اور پروگرام ڈویژنوں کے نمائندے میلے میں آنے والے افراد سے براہِ راست بات چیت کر رہے ہیں اور انہیں حکومت کے مختلف اقدامات کے تحت دستیاب صحت خدمات، فوائد اور معاونت کے نظام کو سمجھنے میں مدد دے رہے ہیں۔
بچوں کے لیے مخصوص زون، کھیل کے ذریعے صحت مند عادات اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے
بچوں کے لیے ایک مخصوص زون قائم کیا گیا ہے، جہاں انہیں روایتی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس زون میں اسکرین سے دور رہ کر سرگرمیوں میں حصہ لینے پر زور دیا گیا ہے، تاکہ کھیل کود کے ذریعے جسمانی سرگرمی، سماجی میل جول اور سیکھنے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو صحت مند عادات کی اہمیت سے روشناس کرانا اور پویلین آنے والے خاندانوں کو ایک دلچسپ اور خوش گوار تجربہ فراہم کرنا ہے۔

ہیلتھ پویلین آئی آئی ٹی ایف 2026 کے دوران مختلف النوع تعاملی سرگرمیوں، صحت کی جانچ کی سہولیات، بیداری کے پروگراموں اور عوامی شمولیت سے متعلق اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ یہ میلہ 27 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگا۔
ش ح۔ ش ب۔ ق ر
U.No-7967