قومی انسانی حقوق کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

ہریانہ کے فریدآباد میں اسپتال کے عملے کی جانب سے میت کولے جانے کے لیے گاڑی فراہم نہ کیے جانے پر ایک خاتون اور اس کی بیٹی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے کچرا اٹھانے والی گاڑی میں لے جائے جانے کی اطلاع کا  ہندوستان کےقومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے ازخود نوٹس لیا


کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت زندگی کا حق، منصفانہ سلوک اور وقار کا حق فوت شدہ افراد کو بھی حاصل ہے؛ اس نے فوت شدہ افراد کے ساتھ باعزت سلوک کے حوالے سے 2021 کی اپنی ایڈوائزری کی دوبارہ توثیق کی

کمیشن نے ہریانہ حکومت کے محکمۂ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری اور فریدآباد کے ضلع مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 1:31PM by PIB Delhi

ہندوستان کےقومی انسانی حقوق کمیشن(این ایچ آر سی) نے ایک میڈیا رپورٹ کا از خود نوٹس لیا ہے، جس کے مطابق ہریانہ کے بلبھ گڑھ کے سول اسپتال کے مردہ خانے میں پوسٹ مارٹم کے لیے ایک خاتون اور اس کی بیٹی کی لاشوں کو ایک ہسپتال سے کچرا اٹھانے والی گاڑی میں لے جایا گیا۔ان دونوں کی موت 14 نومبر 2026 کو فریدآباد کے بلبھ گڑھ علاقے میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں لگی چوٹوں کے سبب ہوئی تھی۔ ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق اسپتال کے عملے نے لاشوں کو لے جانے کے لیے ان کے اہل خانہ کو میت کولے جانے کے لیے گاڑی فراہم نہیں کی۔

کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر خبر میں دی گئی تفصیلات درست ہیں تو یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے معاملات کو جنم دیتی ہیں۔ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت زندگی اور انسانی وقار کا حق فوت شدہ افراد پر بھی لاگو ہوتا ہے، جس کے تحت حکام اور اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ لاشوں کے ساتھ احترام اور عزت کا برتاؤ کریں۔ اس سلسلے میں کمیشن نے 14 مئی 2021 کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو عمل درآمد کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔ لہٰذا کمیشن نے اس معاملے میں ہریانہ حکومت کے محکمۂ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری اور فریدآباد کے ضلع مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

مورخہ17 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے نوادہ کچرا ڈمپنگ یارڈ میں کام کرنے والی خاتون اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر واپس لوٹ رہی تھی کہ اسی دوران دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگئی۔

*****

ش ح ۔م ع ن۔  ن  م

U. No.7965


(ریلیز آئی ڈی: 2339030) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil