بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سربانند سونووال نے تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت کی، خطرے سے دوچار سمندری علاقوں میں سفر کرنے والے ہندوستانی ملاحوں کی حفاظت کے لیے بحری سلامتی کے انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت دی


سونووال نے ڈی جی ایم اے کو ہدایت دی کہ وزارت خارجہ کے ساتھ مشاورت اور تال میل بڑھانے کے ساتھ حفاظتی ہدایات بھی جاری کی جائیں

سربانند سونووال نے کہا کہ ہر ہندوستانی ملاح کی سلامتی، تحفظ اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 9:28PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر(ایم او پی ایس ڈبلیو)  جناب سربانند سونووال نے تجارتی جہازوں پر بار بار ہونے والے حملوں، بالخصوص ہندوستانی ملاحوں سے متعلق واقعات کی سخت مذمت کی اور سمندری تحفظ و سلامتی کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ وزارت، آبنائے ہرمز کے مغرب میں ہندوستانی پرچم بردار یا ہندوستانی مفادات سے وابستہ 9جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

جناب سونووال نے کہا، ‘‘ہم دنیا کے مختلف حصوں میں تجارتی جہازوں پر بار بار ہونے والے حملوں، بالخصوص ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں جن میں ہندوستانی ملاح متاثر ہوئے ہیں۔ اس طرح کے واقعات ملاحوں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، سمندری تجارت میں خلل ڈالتے ہیں اور عالمی سطح پر اشیاء کی ترسیل اور رسد کے نظام کا استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔’’

جناب سونووال نے کہا، ‘‘بین الاقوامی پانیوں میں جہاز رانی کی آزادی اور تجارتی جہازوں کی بلا رکاوٹ آمد و رفت بین الاقوامی بحری قانون کے بنیادی اصول ہیں۔ سمندری راستوں کو محفوظ بنانا نہ صرف عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے ضروری ہے بلکہ اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور مختلف ممالک کی خوشحالی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔’’

جناب سونووال نے کہا،‘‘ہمارے وزیر اعظم کے تصور کے مطابق، ملاحوں کی حفاظت اور سلامتی کو اولین مقصد بناتے ہوئے، میں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم ایڈمنسٹریشن(ڈی جی ایم اے) اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سمندری تحفظ اور سلامتی کے اقدامات کو مزید مستحکم کریں۔’’

‘‘ان اقدامات میں خطرے سے دوچار علاقوں کی صورتِ حال پر کڑی نظر رکھنا، بروقت حفاظتی ہدایات جاری کرنا، جہاز رانی کے شعبے سے وابستہ  کمپنیوں اور جہازوں کے آپریٹروں سے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنا اور ہندوستانی ملاحوں کو ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق زیادہ سے زیادہ باخبر رکھنا شامل ہوگا۔’’

جناب سربانند سونووال نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو وزارت خارجہ، ہندوستانی سفارتی مشنوں، بحری شعبے سے وابستہ فریقوں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں نے متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ ہندوستانی پرچم بردار جہازوں یا ہندوستانی ملاحوں سے متعلق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری مدد اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت خارجہ، ہندوستانی سفارتی مشنوں، بحری شعبے سے وابستہ فریقوں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور تال میل برقرار رکھیں۔’’

وزارت آبنائے ہرمز کے مغرب میں خلیج فارس کے علاقے میں ہندوستانی پرچم بردار یا ہندوستانی مفادات سے وابستہ نو جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہندوستانی پرچم بردار جہازوں یا ہندوستان کے لیے سامان لے جانے والے جہازوں نے اس آبنائے سے مجموعی طور پر 86 مرتبہ آمد و رفت کی ہے۔

مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور جہاز رانی کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے انہیں ذاتی طور پر آگاہ کریں۔ انہوں نے متاثرین کے لواحقین کو بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

ای-ناوک — ہندوستانی ملاحوں کی نگرانی  کا نظام

وزارت کا ای-ناوک  نامی ملاحوں کی نگرانی کرنے والا نظام آبنائے ہرمز کے مغرب میں خلیج فارس کے علاقے میں 800 سے زائد جہازوں اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں خلیج عمان میں 200 سے زائد جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

جناب سونووال نے کہا،‘‘ہر ہندوستانی ملاح کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومتِ ہند، ملک کے بحری مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی قانون کے مطابق جہاز رانی کی آزادی کے اصول کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔’’

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119212934_84c2a0.jpg

 

 ش ح۔  ع و۔  ج ا

U.No. 7953


(ریلیز آئی ڈی: 2338888) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese