پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 9:09PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج سشما سوراج بھون میں سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے محکمے کی سربراہی کانفرنس کے اختتامی اجلاس کی صدارت کی۔
اس کانفرنس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس دوران سماجی شمولیت کو مستحکم بنانے، معذور افراد کو بااختیار بنانے، منشیات کے استعمال کی روک تھام اور عوامی شراکت داری کے لیے اختراعی طریقوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کانفرنس میں ہونے والے وسیع تر تبادلۂ خیال کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے دوران سامنے آنے والی بات چیت اور عملی اقدامات سے متعلق نکات مرکز اور ریاستوں کے درمیان مشترکہ مقصد کے احساس کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسابقتی اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کا جذبہ ان اقدامات پر عمل درآمد کی رہنمائی کرے، تاکہ ریاستیں ایک دوسرے کے تجربات اور اختراعی اقدامات سے سیکھ سکیں۔
عوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے والدین میں بچوں کی نشوونما سے متعلق معذوریوں اور ان کی بروقت شناخت کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہچکچاہٹ، سماجی بدنامی کا خوف اور بیداری کی کمی اکثر والدین کو اپنے بچوں کی معذوری کو بروقت پہچاننے یا ان کے لیے ضروری مدد حاصل کرنے سے روک دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر اجتماعی کوششوں سے والدین کی اس ہچکچاہٹ کو دور کرنے اور بروقت اقدامات کو زیادہ قابل قبول بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے بیداری پیدا کرنے کے لیے اختراعی طریقے اپنانے پر زور دیا، خاص طور پر ٹیکنالوجی کے ذریعے اہم پیغامات کو سادہ اور آسان انداز میں لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ ریاستیں نوجوان اختراع کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹارٹ اَپ مقابلوں کا انعقاد کر سکتی ہیں، تاکہ وہ کم قیمت معاون آلات اور سہولیات تیار کریں، خصوصاً ایسے آلات جو نقل و حرکت، رسائی اور کھیلوں سمیت روزمرہ کی سرگرمیوں میں شرکت کو بہتر بنانے میں مددگار ہوں۔
نشہ مکت بھارت ابھیان پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششیں محض معمول کی اور رسمی سرگرمیوں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں۔ انہوں نے نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے اور معاشرے کے وسیع تر طبقوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے اسکولوں میں مضمون نویسی، مباحثوں، تقریری مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ان افراد کے تجربات دوسروں کے ساتھ مشترک کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، جو نشے کی لت سے کامیابی کے ساتھ نجات حاصل کرچکے ہیں۔
پوری قوم کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے نشے سے پاک ہندوستان کی تشکیل کے لیے برادریوں، روحانی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور وزارتوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رویوں میں دیرپا تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب معاشرہ خود اس مہم میں فعال طور پر شریک ہو۔
وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مرکز اور ریاستیں ایک مشترکہ قومی مقصد کے حصول میں شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران جس اجتماعی عزم کا اظہار کیا گیا ہے، اسے مسابقتی اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے، تاکہ ایک جامع اور بااختیار وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان )کی تعمیر میں مدد مل سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م م۔ ن م۔
U-7948