گوا، 19 نومبر 2026
پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے تعاون سے 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (افی) 2026 سے قبل تسلیم شدہ میڈیا مندوبین اور ماس کمیونی کیشن کے طلبہ کے لیے ایک فلم ایپریسی ایشن کورس کا اہتمام کیا۔ اس کورس کا مقصد شرکا کو ایک فن کی شکل کے طور پر سنیما کی گہری سمجھ سے آراستہ کرنا تھا، انھیں اس کی زبان، جمالیات اور تخلیقی عمل سے متعارف کرانا تھا تاکہ فیسٹیول اور اس کی فلموں کے ساتھ مزید باخبر مشغولیت ممکن ہو سکے۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل، پی آئی بی، محترمہ سمیتا وٹس شرما نے سنیما کو تفریح سے ہٹ کر دیکھنے اور اس کی گرامر، فلسفے اور بصری زبان کو سراہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ جناب مہیش کمار نے سنیما کو ایک مکانی-زمانی اور تکنیکی-صنعتی فن کی شکل قرار دیا، اور اس کے ثقافتی اور سماجی اثر و رسوخ کو تشکیل دینے میں بصری تکنیکوں، ٹیکنالوجی اور تخلیقی عمل کے باہمی تعامل کی طرف توجہ دلائی۔
محترمہ سمیتا وٹس شرما نے سنیما کی میڈیا کوریج میں زیادہ گہرائی اور معیار کی ضرورت پر زور دیا، میڈیا پیشہ ور افراد سے کہانیوں کی تعداد سے آگے بڑھ کر فلم سازی کے فن کارانہ اور تکنیکی پہلوؤں سے جڑنے کی اپیل کی۔ انھوں نے ماس کمیونی کیشن کے طلبہ کو پروگرام میں شامل کرنے کی قدر پر بھی زور دیا اور شرکا کو سیشنز، اسکریننگز اور فلم سازوں اور دیگر سنیما پیشہ ور افراد کے ساتھ گفت و شنید کے مواقع کا بھرپور استعمال کرنے کی ترغیب دی۔
کورس کی قیادت ایف ٹی آئی آئی کے فیکلٹی ممبران پروفیسر ڈاکٹر اندرانیل بھٹاچاریہ، پروفیسر، اسکرین اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، اور پروفیسر ویبھو ابناوے، ایسوسی ایٹ پروفیسر، فلم ڈائریکشن نے کی۔ سیشنز میں لیکچرز، اسکریننگز، مباحثے اور تجزیاتی مشقیں شامل تھیں تاکہ شرکا کو فلم کی شکل، سنیما کی تاریخ اور عالمی فلم سازی کی جمالیات سے واقف کرایا جا سکے۔ اہم موضوعات میں ’سنیما میں وقت اور جگہ‘، ’اینیمیٹڈ دستاویزی فلمیں‘ اور ’ساختیاتی تجزیہ‘ شامل تھے۔ یہ پروگرام فلمی تنقید پر ایک سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں شرکا نے ’لائف لائن‘ کا تجزیہ کیا، کورس کے دوران دریافت کیے گئے تصورات اور تنقیدی طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے۔
ان کی شراکت کے اعتراف میں، ایف ٹی آئی آئی کے فیکلٹی ممبران کو گوا کے بھرپور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے خصوصی طور پر تیار کردہ فن پاروں سے نوازا گیا۔ شریک میڈیا مندوبین کو اطلاعات و نشریات کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری، جناب پربھات کمار؛ ایف ٹی آئی آئی کے وائس چانسلر اور این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر، جناب دھیرج سنگھ؛ اور پی آئی بی کی ڈائریکٹر جنرل، محترمہ سمیتا وٹس شرما نے سرٹیفکیٹ پیش کیے۔
سنیما کے ساتھ تعلیمی نقطہ نظر اور عملی مشغولیت کو یکجا کرتے ہوئے، اس کورس کا مقصد شرکا کی فلموں کو سراہنے اور ان کی تشریح کرنے کی صلاحیت کو مضبوط کرنا تھا، جس سے 57ویں افی کے ساتھ ان کی مشغولیت میں ایک باخبر تنقیدی جہت کا اضافہ ہوا۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7938