سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے سڑکوں کی حفاظت، تعمیراتی معیار اور پائیدار تکنالوجیوں پر زیادہ توجہ دینے کی اپیل کی


حیدرآباد میں انڈین روڈز کانگریس کے 85 ویں سالانہ اجلاس میں وزیر موصوف نے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں جدت طرازی، متبادل مواد کے استعمال، سائنسی منصوبہ بندی اور جوابدہی پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 6:43PM by PIB Delhi

سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج حیدرآباد، تلنگانہ میں انڈین روڈز کانگریس (آئی آر سی) کے 85 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کیا، اور انجینئرز، ٹھیکیداروں، مشیروں اور پالیسی سازوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے معیار، حفاظت، پائیداری اور دیرپائی کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔

اس تقریب میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ جناب اے ریونت ریڈی، تلنگانہ کے وزیر برائے سڑکیں اور عمارات جناب کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی، انڈین روڈز کانگریس کے صدر جناب ایل کے پادھی، وزارت برائے سڑک نقل و حمل اور شاہراہیں کے ڈائریکٹر جنرل (سڑک ترقی) اور خصوصی سیکرٹری جناب سدیپ چودھری، اور انڈین روڈز کانگریس کے سیکرٹری جنرل جناب راہول گپتا سمیت دیگر معززین، سینئر سرکاری افسران، انجینئرز اور صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ملک کے قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کی ترقی میں ان کے تعاون پر انجینئرز، ٹھیکیداروں اور افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے، جناب گڈکری نے ان کی مخلصانہ کاوشوں اور تکنیکی مہارت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لیے علم کی مسلسل تجدید، تحقیق، جدت طرازی اور عالمی سطح کے بہترین طریقوں کو اپنانا ناگزیر ہے۔

سڑکوں کے شعبے کے لیے تکنیکی معیارات طے کرنے میں انڈین روڈز کانگریس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ آئی آر سی نے کئی تکنیکی ضابطے، رہنما خطوط، دستور العمل اور مطبوعات تیار کی ہیں جو ملک میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے ادارے پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنائے اور علم، ٹیکنالوجی اور کامیاب طریقوں کے زیادہ سے زیادہ تبادلے کو آسان بنائے تاکہ ہندوستانی معیارات کو ابھرتی ہوئی عالمی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119184430_f7517e.jpg

تعمیراتی معیار اور سڑکوں کی حفاظت پر توجہ

وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ سڑکوں کی تعمیر میں معیار، حفاظت اور پائیداری اولین ترجیحات رہنی چاہئیں۔ انہوں نے ٹھیکیداروں، مشیروں اور انجینئرز کے درمیان زیادہ جوابدہی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے پر مناسب کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے شاہراہوں کے منصوبوں پر شفاف، مقررہ وقت کے اندر اور نتیجہ خیز عمل درآمد پر بھی زور دیا۔

جناب گڈکری نے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈی پی آر) کے معیار کو بہتر بنانے، تکنیکی نگرانی کو مضبوط کرنے اور روڈ سیفٹی آڈٹ کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے انجینئرز پر زور دیا کہ وہ مناسب منصوبہ بندی، چوراہوں کے بہتر ڈیزائن اور جہاں ضروری ہو وہاں فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی فراہمی کے ذریعے حادثات کے خطرے والے مقامات کی نشاندہی اور اصلاح کریں۔ انسانی جانوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے بہتر انجینئرنگ اور ڈیزائن کے ذریعے سڑک حادثات کو کم کرنے اور خطرناک مقامات یعنی بلیک اسپاٹس کو ختم کرنے کے لیے اجتماعی عزم کا مطالبہ کیا۔

اختراعی اور پائیدار تعمیراتی طور طریقے

معیار کو بہتر بناتے ہوئے تعمیراتی لاگت کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے جدید اور متبادل تعمیراتی مواد کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر میں جہاں بھی تکنیکی طور پر موزوں ہو، پلاسٹک کے کچرے، پرانے ٹائروں، اسٹیل سلیگ، میونسپل ٹھوس کچرے اور زرعی باقیات کے استعمال کے امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے چاول کے بھوسے سے تیار کردہ بائیو بٹومین کے استعمال کا بھی حوالہ دیا اور پائیدار شاہراہوں کی تعمیر کو فروغ دینے اور روایتی وسائل پر انحصار کم کرنے میں متبادل مواد کی تحقیق اور عملی استعمال کے امکانات کو اجاگر کیا۔

وزیر موصوف نے تعمیراتی آلات میں متبادل ایندھن اور بائیو فیولز کے وسیع تر استعمال کی حوصلہ افزائی کی، جن میں الیکٹرک، ایتھنول، بائیو ڈیزل، سی این جی، ایل این جی اور ہائیڈروجن پر مبنی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔ انہوں نے آلودگی کو کم کرنے، درآمد شدہ حجری ایندھن پر انحصار گھٹانے اور زرعی پیداوار کا رخ توانائی کے شعبے کی طرف موڑ کر کسانوں کے لیے اضافی مواقع پیدا کرنے میں ان کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

جناب گڈکری نے خاص طور پر پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کے پیش نظر تعمیراتی سرگرمیوں میں صاف کیے گئے گندے پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں میونسپل کچرے کی ری سائیکلنگ اور دستیاب وسائل کے دوبارہ استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے شاہراہوں کے کنارے درختوں کی منتقلی اور شجرکاری پر تحقیق کی مزید حوصلہ افزائی کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261119184437_414cb8.jpg

معاشی ترقی کے محرک کے طور پر سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ

وزیر موصوف نے رابطوں کو بہتر بنانے، سفر کے وقت اور لاجسٹکس کی لاگت کو کم کرنے، اور تجارت، صنعت، زراعت اور سیاحت کو سہارا دینے میں معیاری سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے کردار کو اجاگر کیا۔ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے منڈیوں اور معاشی مواقع تک رسائی بہتر بنانے کے لیے دیہی علاقوں کو ہر موسم میں قابلِ استعمال سڑکوں کے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے وسائل اکٹھا کرنے کی غرض سے مالیات کے جدید طریقوں، بشمول پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور موجودہ شاہراہوں کے اثاثوں سے آمدنی حاصل کرنے، کو تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جناب گڈکری نے انڈین روڈز کانگریس پر زور دیا کہ وہ نہ صرف تکنیکی معیارات اور رہنما خطوط تیار کرنے پر توجہ دے بلکہ ملک بھر میں ان کے مؤثر نفاذ کو بھی یقینی بنائے۔ انہوں نے سڑکوں کے شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں، تحقیقی اداروں، صنعت کے شراکت داروں اور انجینئرنگ کے ماہرین کے درمیان زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کا مطالبہ کیا۔

وزیر موصوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 85 ویں سالانہ اجلاس میں ہونے والے غور و خوض سے ملک میں زیادہ محفوظ، پائیدار، ماحول دوست اور تکنیکی طور پر جدید سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد ملے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261119184443_f1cb96.jpg

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7929


(ریلیز آئی ڈی: 2338735) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu