پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 5:06PM by PIB Delhi
سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کے راجستھان یونٹ نے 18 نومبر 2026 کو راجستھان کے کوٹہ میں ہینگنگ برج ٹول پلازا کے مقام پر ماروتی سوزوکی بریزا کار کے اضافی پہیے (اسٹیپنی) میں چھپائی گئی 16.43 کلو گرام غیر قانونی افیون ضبط کی ہے۔ ممنوعہ منشیات کی نقل و حمل میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور اس مقصد کے لیے استعمال کی جانے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
غیر قانونی افیون کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی کار
جھالاواڑ سے جے پور تک راجستھان میں رجسٹرڈ بریزا کار کے ذریعے افیون کی بھاری کھیپ لے جانے سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع ملنے پر، سی بی این کے راجستھان یونٹ نے 18 نومبر 2026 کی صبح فوری طور پر افسران کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے مشتبہ راستے پر حکمت عملی کے تحت نگرانی کا انتظام کیا اور گاڑی کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی۔ مشتبہ کار کی شناخت ہونے کے بعد افسران نے کوٹہ بائی پاس کے قریب قومی شاہراہ 27 پر گاڑی کو کامیابی کے ساتھ روک لیا اور اس میں سوار دونوں افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔
16.43 کلو گرام غیر قانونی افیون پر مشتمل نو پیکٹ ضبط
گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لینے پر اس کے اضافی پہیے (اسٹیپنی) کے اندر نہایت چالاکی سے چھپائے گئے 16.43 کلو گرام غیر قانونی افیون کے نو پیکٹ برآمد ہوئے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ ممنوعہ منشیات اور گاڑی کو ضبط کر لیا گیا، جبکہ دونوں سواروں کو منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادوں سے متعلق قانون (این ڈی پی ایس ایکٹ)، 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
غیر قانونی افیون کی اسمگلنگ کا طریقۂ واردات
ضبط شدہ ممنوعہ منشیات کے ماخذ کا پتہ لگانے اور ان کی خریداری، نقل و حمل اور تقسیم میں ملوث افراد اور منظم نیٹ ورکس کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ منشیات کی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے وسیع تر روابط کا سراغ لگانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
یہ کامیاب کارروائی منشیات کی اسمگلنگ کے ناسور پر قابو پانے کے لیے سی بی این کے افسران کی مسلسل کوششوں، چوکسی اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ غیر قانونی منشیات کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کے تحت سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) نہ صرف غیر قانونی منشیات ضبط کرنے بلکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث اسمگلنگ نیٹ ورکس اور گروہوں کی شناخت کرکے انہیں ختم کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔ منشیات سے پاک ہندوستان کے مقصد کے حصول کی کوششوں کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اس طرح کی نفاذی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سنہ 2026 کے دوران اکتوبر 2026 تک سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کے تمام یونٹوں نے 62 معاملات میں تقریباً 432 کلو گرام افیون ضبط کی اور 74 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔
منشیات سے پاک ہندوستان کے قومی مقصد کے حصول کی کوششوں کے تحت سی بی این خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر نفاذی کارروائیوں میں مزید تیزی لائے گا اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7925