وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے سری لنکا اسمگل کی جانے والی 71 کلوگرام سے زائد ہیروئن ضبط کی؛ چنئی میں منشیات کے دو اسمگلر گرفتار کیے گئے


یہ 2026 کے دوران بھارت میں ہیروئن کی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 4:50PM by PIB Delhi

بین الاقوامی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے، محکمۂ محصولات کی انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ساحلی راستے کے ذریعے 71.24 کلوگرام ہیروئن کی بھاری کھیپ سری لنکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی کے افسران نے 17 اور 18 نومبر 2026 کے دوران چنئی میں سخت نگرانی کی اور ایک منظم کارروائی انجام دی، جس کے نتیجے میں منشیات کی مذکورہ کھیپ ضبط کی گئی اور دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ ضبطی 2026 کے دوران اب تک ملک میں ہیروئن کی سب سے بڑی یک وقتی ضبطیوں میں سے ایک ہے۔

خفیہ اطلاع سے پتہ چلا کہ ہیروئن کی ایک بڑی مقدار چنئی سے ساحلی راستے کے ذریعے سری لنکا اسمگل کرنے کے لیے لے جائی جا رہی ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی آر آئی کے افسران نے چنئی میں مشتبہ گاڑی کے ساتھ اس کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والی ایک دو پہیوں والی گاڑی کو بھی روک لیا۔

گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران آف وائٹ رنگ کے پاؤڈر نما مادّے پر مشتمل 69 پیکٹ برآمد ہوئے۔ برآمد شدہ مادّے کی مجموعی مقدار71.24 کلوگرام (مجموعی وزن) تھی، جسے منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادّوں سے متعلق قانون (این ڈی پی ایس ایکٹ)، 1985 کی دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ اس کھیپ کو چنئی کو عبوری مقام کے طور پر استعمال کرتے ہوئے تروچیراپلی (تریچی) ہوتے ہوئے ساحلی راستے سے سری لنکا اسمگل کیا جانا تھا۔

منشیات کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی دونوں گاڑیوں کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ اسمگلنگ کی اس کارروائی میں ملوث دو افراد کو این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔

اس ضبطی کے نتیجے میں ہیروئن کی ایک بڑی مقدار کو بین الاقوامی غیر قانونی منشیات کی منڈی میں پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ یہ کارروائی سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ اہم ضبطی ڈی آر آئی کی جانب سے اکتوبر 2026 میں ناگاپٹنم کے قریب ایک ساحلی گاؤں سے میتھ ایمفیٹامین کی 137 کلوگرام کی ایک اور بڑی کھیپ پکڑے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے، جس کے بارے میں بھی شبہ تھا کہ اسے سری لنکا اسمگل کیا جانا تھا۔ یکے بعد دیگرے کی جانے والی یہ کارروائیاں ڈی آر آئی کی مضبوط خفیہ معلومات جمع کرنے کی صلاحیت، مسلسل نگرانی اور منشیات کی بڑی کھیپوں کی نشاندہی کرکے انہیں روکنے کے لیے اس کی عملی تیاری کو ظاہر کرتی ہیں۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7913


(ریلیز آئی ڈی: 2338579) وزیٹر کاؤنٹر : 5