پردۂ سیمیں پر پیش کی جانے والی ہر فلم کے پیچھے تخلیقی ذہنوں کی ایک ایسی ٹیم ہوتی ہے، جس کے ارکان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے فلم کی کہانی، آواز اور بصری شناخت کو تشکیل دیتے ہیں۔ اس اجتماعی تخلیقی صلاحیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، وزارت اطلاعات و نشریات کی پہل اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے ذریعہ نافذ کئے جانے والے اقدام ’کری ایٹو مائنڈز آف ٹومارو‘ (سی ایم او ٹی) اپنے چھٹے ایڈیشن کے ساتھ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (افّی) گوا میں واپس آ رہا ہے، جس میں ملک بھر سے 100 نوجوان صلاحیتوں کو شامل کیا گیا ہے۔
سال 2026 کا یہ گروپ فلم سازی کے 13 مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے پیشہ ور افراد کو یکجا کرتا ہے۔ ان شعبوں میں ہدایت کاری، اداکاری، سنیماٹوگرافی، ایڈیٹنگ اور سب ٹائٹلنگ، اسکرپٹ رائٹنگ، پلے بیک گلوکاری، موسیقی کی ترتیب، ساؤنڈ ریکارڈنگ، ملبوسات کی ڈیزائننگ، ہیئر اینڈ میک اَپ، آرٹ ڈائریکشن، اینیمیشن، ویژوئل افیکٹس (وی ایف ایکس)، آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر)، ورچوئل ریئلٹی (وی آر)، نیز وائس اوور اور ڈبنگ شامل ہیں۔ مختلف تخلیقی شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے یہ اقدام فلم سازی کے عمل میں باہمی اشتراک کو مرکزی اہمیت دیتا ہے۔
انتخابی عمل میں فلم سے متعلق تعلیم اور صنعتی تجربے، دونوں کے نقطۂ نظر کو شامل کیا گیا ہے۔ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے اساتذہ پر مشتمل 13 رکنی سلیکشن جیوری متعلقہ شعبوں میں موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیتی ہے۔ اس کے بعد انتخاب کا اگلا مرحلہ 12 رکنی گرینڈ جیوری انجام دیتی ہے، جس میں فلمی صنعت کے نامور اور تجربہ کار افراد شامل ہوتے ہیں اور جو منتخب شرکاء کی نشاندہی کرتی ہے۔ بعد ازاں، فلم سازی کے چیلنج اور اس کے تحت دیے جانے والے حتمی اعزازات کا جائزہ پانچ رکنی گریٹ گرینڈ جیوری لیتی ہے، جس میں ممتاز فلمی ماہرین شامل ہوتے ہیں۔
اس پروگرام کا ایک اہم جزو 48 گھنٹے کا فلم سازی کا چیلنج ہے، جس کا انعقاد فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی)، پونے، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء باہمی تعاون کے ساتھ 48 گھنٹوں کے مقررہ وقت میں مختصر فلموں کے تصورات وضع کریں گے اور انہیں تیار کریں گے۔ ماہرین کی رہنمائی اور ادارہ جاتی تعاون سے آراستہ یہ چیلنج پیشہ ورانہ فلم سازی کی عملی حدود کے اندر ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرنے کا بھرپور عملی تجربہ فراہم کرے گا۔ مکمل ہونے والی فلمیں افّی میں خصوصی طور پر نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی اور فلمی صنعت کے ممتاز ماہرین پر مشتمل جیوری ان کا جائزہ لے گی۔ اس کے تحت مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
سی ایم او ٹی ٹیلنٹ کیمپ شرکاء کو ذرائع ابلاغ اور تفریحی صنعت کے وسیع تر شعبے سے بھی جوڑے گا، جہاں انہیں پروڈکشن ہاؤس، اسٹوڈیو، میوزک لیبل، او ٹی ٹی پلیٹ فارم، نشریاتی اداروں اور صنعت کے دیگر متعلقہ فریقوں سے رابطے کا موقع ملے گا۔ اس کے ذریعے نوجوان تخلیق کار اپنے اصل تخلیقی کام پیش کر سکیں گے، صنعتی شعبے کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال کر سکیں گے اور پیشہ ورانہ مواقع تلاش کر سکیں گے۔
سال2021 میں اپنے آغاز کے بعد سے سی ایم او ٹی ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر ترقی کر چکا ہے، جو ابھرتے ہوئے تخلیقی پیشہ ور افراد کو میڈیا اور تفریحی صنعت سے جوڑتا ہے۔ اس پروگرام سے وابستہ سابق شرکاء نے بین الاقوامی فلمی پروڈکشنز میں کام کیا ہے اور کانز، برلنالے، ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز سمیت مختلف عالمی پلیٹ فارم اور فلمی میلوں میں ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔
جیسے جیسے ہندوستان کی تخلیقی معیشت ترقی کر رہی ہے، فلم سازی کے مختلف شعبوں میں ہنرمند اور اختراعی صلاحیتوں کے حامل پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی اور تربیت کی اہمیت بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ سیکھنے، عملی اشتراک اور صنعتی شعبے سے روابط کو یکجا کرکے سی ایم او ٹی کا مقصد ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو اپنی تخلیقی مہارتوں کو پیشہ ورانہ مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے راہیں فراہم کرنا ہے۔
گوا پہنچنے والے 100 شرکاء کے لیے آئی ایف ایف آئی محض عالمی سنیما کی نمائش کا ایک موقع نہیں ہوگا، بلکہ یہ باہمی اشتراک، سیکھنے اور ہندوستانی فلم سازی کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کی جانب پہلا قدم اٹھانے کا ایک اہم موقع بھی ثابت ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م ش۔ن م۔
U-7881