الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 11:38AM by PIB Delhi
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)نے ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی)، وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی)، حکومتِ ہند کے تحت دکشن ڈے 2026 میں شرکت کی۔ یہ دو روزہ اعلیٰ سطحی پالیسی مذاکرات 17 اور 18 نومبر 2026 کو انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر، نئی دہلی میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کے لیے تحقیقی و اطلاعاتی نظام (آر آئی ایس) کے زیر اہتمام اور وزارت خارجہ، حکومت ہند کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس پروگرام میں ہندوستان، افریقہ اور دیگر شراکت دار ممالک کے پالیسی ساز، سفارت کار، ماہرین اور مختلف اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں، تاکہ جنوب-جنوب تعاون کے ابھرتے ہوئے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔
بھاشنی نے اس پروگرام کے افتتاحی کارروائیوں اور پہلے دن کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر ایک نمائشی اسٹال منعقد کیا۔ اس اسٹال میں بھاشنی کے کثیر لسانی، لسانی مصنوعی ذہانت کے نظام کو پیش کیا گیا اور عملی مظاہرے کے ذریعے بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی لسانی ٹیکنالوجیز کس طرح سبھی کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں تک رسائی کو آسان بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے اور مختلف زبانوں کے درمیان رابطے کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کر سکتی ہیں۔

بھاشنی کی ٹیم نے ٹیکنالوجی کے مختلف عملی استعمال اور عملی مظاہرے پیش کیے، جن کے ذریعے وہاں آنے والے افراد کو اس پلیٹ فارم کی مختلف صلاحیتوں سے روشناس کرایا گیا۔ ان میں کثیر لسانی ترجمہ، تقریر کی شناخت، گفتار کی ترکیب، تقریر کو تحریر میں تبدیل کرنا، رسم الخط کی تبدیلی اور آواز کے ذریعے رابطے کی سہولتیں شامل تھیں۔ اس نمائش میں ان ٹیکنالوجیز کے حکمرانی، تعلیم، صحت، بینکاری، قانونی خدمات اور عوام سے براہِ راست وابستہ دیگر شعبوں میں عملی استعمال کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے ذریعے یہ واضح کیا گیا کہ لسانی مصنوعی ذہانت کس طرح لوگوں کی اپنی پسندیدہ زبانوں میں معلومات اور ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کو مزید آسان اور سہل بنا سکتی ہے۔

اس نمائش کے دوران معزز شخصیات، بین الاقوامی مندوبین، پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم ہوا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی اشتراک کو مستحکم بنانے میں کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے اسٹال کے ذریعے بھاشنی نے لسانی مصنوعی ذہانت کو ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے (ڈی پی آئی) کے ایک اہم جزو کے طور پر پیش کیا، جس کا استعمال قومی سرحدوں سے آگے بڑھ کر مختلف لسانی ماحول اور تناظر تک پھیلا ہوا ہے۔
اس موقع کی ایک اہم بات جناب کیرتی وردھن سنگھ، وزیر مملکت برائے امور خارجہ، حکومتِ ہند کی بھاشنی کے اسٹال پر آمد تھی۔ وزیر موصوف نے ٹیم کے ارکان سے بات چیت کی، بھاشنی کی کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کے عملی مظاہرے دیکھے اور اس بات کا اظہار کیا کہ بھاشنی ایک اچھا اور مفید پلیٹ فارم ہے، جسے وہ خود بھی استعمال کر چکے ہیں۔

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کے بارے میں
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی)، وزارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی)کے تحت، مصنوعی ذہانت پر مبنی کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ایک قومی نظام تشکیل دے رہا ہے۔ بھاشنی ایک ایسا زبان پر مبنی ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے سرکاری محکمے، ڈیولپرز، محققین اور دیگر متعلقہ فریق کثیر لسانی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز اور خدمات تیار کرنے کے ساتھ انہیں عملی طور پر نافذ بھی کر سکتے ہیں۔ بھاشنی ہندوستان کی 36 تحریری زبانوں، 23 صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کو تعاون فراہم کرتا ہے، جس سے سرکاری اور عوام کو براہِ راست خدمات فراہم کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں لسانی ٹیکنالوجیز کو مربوط کرنا ممکن ہوتا ہے۔ اس کے نظام میں ترجمہ، تقریر کی شناخت، گفتار کی ترکیب، رسم الخط کی تبدیلی اور دیگر لسانی خدمات سے متعلق ٹیکنالوجیز شامل ہیں، جو ہندوستان کے لسانی تنوع کے تناظر میں ڈیجیٹل معلومات اور خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
********
ش ح۔ ش ب ۔ ص ج
U. No-7880