سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل نے تجارتی استعمال کو تیز کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے دیسی ساختہ ٹیکنالوجیز صنعتوں کو منتقل کیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 11:08AM by PIB Delhi

سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) نے نئی دہلی میں واقع اپنے صدر دفتر میں ٹیکنالوجی کی منتقلی (ٹی او ٹی) اور مفاہمت ناموں پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں سی ایس آئی آر کی لیباریٹریز اور صنعتی شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا، تاکہ دیسی ساختہ ٹیکنالوجیز کے تجارتی استعمال اور ان کے عملی نفاذ کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ سی ایس آئی آر کے ماہانہ ٹیکنالوجی منتقلی کے اقدام کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں سی ایس آئی آر-اسٹرکچرل انجینئرنگ ریسرچ سینٹر (سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی)، چنئی؛ سی ایس آئی آر-سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی)، نئی دہلی؛ سی ایس آئی آر-ایڈوانسڈ میٹریلز اینڈ پروسیسز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-اے ایم پی آر آئی)، بھوپال؛ اور سی ایس آئی آر-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرولیم (سی ایس آئی آر-آئی آئی پی)، دہرادون کی تیار کردہ ٹیکنالوجیز پیش کی گئیں۔

سائنسی و صنعتی تحقیق (ڈی ایس آئی آر) کے محکمے کی  سکریٹری اور سی ایس آئی آر  کی ڈائریکٹر جنرل  ڈاکٹر این کلیسیلوی نے تقریب کی صدارت کی۔

استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی کی  ڈائریکٹر ڈاکٹر این آنندوَلّی  نے ساختی انجینئرنگ، بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور پائیداری کے شعبوں میں ادارے کی دیرینہ خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صنعتوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے تحقیقی نتائج کو عملی حل میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر آنندولی نے سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی کی تیار کردہ ان ٹیکنالوجیز کا بھی جائزہ پیش کیا، جنہیں صنعتی شراکت داروں کو منتقل کیا جا رہا تھا۔

سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی نے تین اہم ٹیکنالوجیز پیش کیں، جو بنیادی ڈھانچے کی اہم ضروریات، پائیدار تعمیر اور مدور معیشت سے متعلق تقاضوں کو پورا کرتی ہیں۔

سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی کی تیار کردہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کے لیے ہنگامی بحالی کا نظام (ای آر ایس) ایک دیسی ساختہ، ہلکا پھلکا اور ماڈیولر ساختی نظام ہے، جسے بجلی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی یا تعطل پیدا ہونے کی صورت میں بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو میسرز آئی ایف اے بی گلوبل کو منتقل کیا گیا، جس سے صنعتی سطح پر اس کے استعمال کے امکانات مزید وسیع ہوں گے۔

سی ایس آئی آر-ایس ای آر سی نے ری سائیکلڈ ایگریگیٹس سے تیار کردہ ماحول دوست اینٹوں، کھوکھلے بلاکس اور پیور بلاکس کی ٹیکنالوجیز بھی نیشنل آٹوموٹیو ٹیسٹ ٹریکس (نیٹریکس) کو منتقل کیں۔ ان ٹیکنالوجیز میں 100 فیصد ری سائیکل شدہ مجموعی مواد اور صنعتی فضلے کو استعمال کرتے ہوئے پائیدار تعمیراتی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ اس سے قدرتی مجموعی مواد پر انحصار کم کرنے اور تعمیراتی و انہدامی فضلے کے بڑے پیمانے پر استعمال کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔

نیٹریکس کو آزمائشی پیمانے پر عملی نفاذ کے لیے منتقل کی جانے والی ایک اور اہم ٹیکنالوجی الٹرا ہائی پرفارمنس کنکریٹ (یو ایچ پی سی) سڑک کی ٹیکنالوجی تھی۔ یہ ٹیکنالوجی اعلیٰ مضبوطی، پائیداری، بھاری ایکسل بوجھ کو برداشت کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اور دیکھ بھال کے کم تقاضوں کی حامل ہے، جس کی بدولت اسے زیادہ دیرپا سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے  ڈائریکٹر، ڈاکٹر چالو موری   روی شیکھر نے صنعتوں کو منتقل کی جانے والی ٹیکنالوجیز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے پائیدار سڑکوں کی تعمیر کے لیے مواد اور ٹیکنالوجیز کی تیاری میں سی ایس آئی آر-اے ایم پی آر آئی اور سی ایس آئی آر-آئی آئی پی کے ساتھ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی مشترکہ تحقیقی کوششوں کو اجاگر کیا۔

مائیکرو ری ایکٹ-آر اے پی ٹیکنالوجی، جو سڑکوں کی سطح کی مرمت اور بحالی کے لیے ایک پائیدار کولڈ مائیکرو سرفیسنگ حل ہے اور جس میں 40 فیصد تک دوبارہ حاصل شدہ اسفالٹ پر مبنی سڑک  (آر اے پی)  کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، تین صنعتی شراکت داروں کو منتقل کی گئی۔ ان میں انوویٹیو روڈزٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، دہلی؛ اے وی کے بلیک گولڈ انفرا پرائیویٹ لمیٹڈ، سورت؛ اور ہندوستان کولاس پرائیویٹ لمیٹڈ (ہنکول)، ممبئی شامل ہیں۔ اس ٹیکنالوجی سے نئے قدرتی مجموعی مواد اور بٹومین ایملشن کی ضرورت کم ہوتی ہے، جبکہ سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مواد کے دوبارہ اور پائیدار استعمال کو فروغ ملتا ہے۔

منتقل کی جانے والی ایک اور اہم ٹیکنالوجی بائیو بٹومین تھی، جسے سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور سی ایس آئی آر-آئی آئی پی کی مشترکہ تحقیقی کاوشوں کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے چاول کے بھوسے (پرالی) سمیت زرعی باقیات کو حیاتیاتی مادے سے تیار کردہ ایسے مواد میں تبدیل کیا جاتا ہے، جو روایتی پیٹرولیم پر مبنی بٹومین کی جزوی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بائیو بٹومین کی یہ ٹیکنالوجی راکس سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ، بہار (بائیو بھومی) اور ایس اے آر پریوہن پرائیویٹ لمیٹڈ، کولکاتا کو منتقل کی گئی۔

تحقیق اور صنعت کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی نے تحقیق، تکنیکی تعاون اور صنعتی شعبے کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دو مفاہمت ناموں پر بھی دستخط کیے۔

پہلے مفاہمت نامے پر نیشنل آٹوموٹیو بورڈ، بھاری صنعت کی وزارت  کے تحت تمل ناڈو کے گلوبل آٹوموٹیو ریسرچ سینٹر (جی اے آر سی) کے ساتھ دستخط کیے گئے۔ اس کا مقصد مشترکہ تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی)، جانچ کی مشترکہ سہولیات، تکنیکی منصوبوں، سیمینارز اور تعلیمی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جی اے آر سی کی جانب سے اس مفاہمت نامے پر جی اے آر سی  کے  ڈائریکٹر، ڈاکٹر اے ایس رامادھاس نے دستخط کیے۔

دوسرے مفاہمت نامے پر پٹنہ کے پارکھی اسکل سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ دستخط کیے گئے۔ اس کے تحت ڈرائیوروں کے خطرات کے جائزے، سمجھ بوجھ اور نفسیاتی حرکیات سے متعلق صلاحیتوں کی جانچ، فیلڈ آزمائشوں، تحقیقی اشاعتوں اور متعلقہ ٹیکنالوجی کے نفاذ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق کی جائے گی۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر این کلیسیلوی نے اس بات پر زور دیا کہ سی ایس آئی آر کے لیے ضروری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجیز صنعتوں کو منتقل کرے، تاکہ اس کی لیباریٹریز میں انجام دی جانے والی سائنسی تحقیق کو ٹھوس اقتصادی، صنعتی اور سماجی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی تیاری کے ساتھ ساتھ صنعتوں میں اس کے مؤثر استعمال، تجارتی سطح پر فروغ اور بڑے پیمانے پر نفاذ کے لیے بھی مؤثر طریقۂ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ ٹیکنالوجی منتقلی کا یہ اقدام سی ایس آئی آر کی لیباریٹریز  اور صنعتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور اختراعات کو لیباریٹریز  سے بازار تک پہنچانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سی ایس آئی آر  کے ڈائریکٹر جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی تحقیق کی حقیقی کامیابی کا پیمانہ یہ ہے کہ اسے کامیابی کے ساتھ ایسی مصنوعات، طریقۂ کار اور ٹیکنالوجیز میں تبدیل کیا جائے، جو صنعت اور معاشرے کے لیے مفید ثابت ہوں۔

پروگرام کا اختتام سی ایس آئی آر-اے ایم پی آر آئی کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر تھلّاڈا بھاسکر کے  اظہار  تشکر کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل، سی ایس آئی آر، شرکت کرنے والی لیباریٹریز، صنعتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کا شکریہ ادا کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م ش۔ن م۔

U- 7876


(ریلیز آئی ڈی: 2338303) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Bengali , Tamil