پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 10:29AM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود نے 2 نومبر 2026 کو جاری کردہ مسودۂ گزٹ نوٹیفکیشن نمبر جی ایس آر 987 (ای) کے ذریعے ڈرگس رولز، 1945 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ اس ترمیم کے تحت ادویات کی تھوک فروخت کے لیے علیحدہ درخواست فارم (فارم 19-بی سی) اور لائسنس فارم (فارم 20-بی سی) متعارف کرانے کی تجویز ہے۔ یہ لائسنسنگ نظام ادویات کے فعال یا غیر فعال اجزا کی تھوک فروخت کے لیے ہوگا اور ادویات کی تیار شدہ مصنوعات کے لیے پہلے سے موجود لائسنسنگ نظام سے الگ ہوگا۔
فی الحال ایک ہی لائسنس کے تحت تیار شدہ ادویات اور بلک ڈرگز، دونوں کی تھوک فروخت کی اجازت دی جاتی ہے۔ مجوزہ ترمیم کا مقصد تھوک ڈرگز کے ہول سیل کے لیے ایک علیحدہ لائسنسنگ نظام قائم کرنا ہے، تاکہ ان کی تھوک فروخت کی زیادہ مؤثر اور مخصوص نگرانی کی جا سکے اور ادویات کی سپلائی چین میں جواب دہی کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔ اس تجویز پر 17 نومبر 2025 کو منعقدہ ڈرگس کنسلٹیٹو کمیٹی (ڈی سی سی) کے 67ویں اجلاس اور 16 فروری 2026 کو منعقدہ ڈرگس ٹیکنیکل ایڈوائزری بورڈ (ڈی ٹی اے بی) کے 93ویں اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا۔
مجوزہ فریم ورک کے تحت لائسنس میں ان ادویات کی اقسام کا اندراج ہوگا جن کی تھوک فروخت کرنے والے کاروباری ادارے خرید و فروخت کرتے ہیں۔ ان میں نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کے دائرے میں آنے والی ادویات بھی شامل ہوں گی۔ بلک ڈرگز کی فروخت ایک اہل شخص کی ذاتی نگرانی میں کی جائے گی، جس سے ان کی تقسیم اور رکھ رکھاؤ کے عمل میں جواب دہی مزید مضبوط ہوگی۔
مجوزہ ترمیم کے نفاذ سے درج ذیل فوائد حاصل ہوں گے:
- بلک ڈرگز کی تھوک فروخت پر بہتر کنٹرول قائم ہوگا۔
- اینٹی مائیکروبیل مزاحمت اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت آنے والی ادویات کی نقل و حرکت سے متعلق ضابطوں پر عمل درآمد کا نظام مضبوط ہوگا۔
- بلک ڈرگز کے تھوک فروخت کنندگان کے لیے الگ لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
نظرثانی شدہ لائسنسنگ تقاضوں کو نافذ کرنے کے لیے موجودہ لائسنس یافتگان کو نئی دفعات کی تعمیل کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔ ان پر یہ تقاضے اس وقت لاگو ہوں گے جب ان کے موجودہ لائسنس کی تجدید کی مدت ختم ہو جائے گی یا ترمیم کی حتمی اشاعت کے 12 ماہ بعد، ان دونوں میں سے جو تاریخ بعد میں آئے گی۔
متعلقہ فریقوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اعتراضات اور تجاویز، اگر کوئی ہوں، مسودہ قواعد پر مشتمل گزٹ کی نقول عوام کے لیے دستیاب ہونے کی تاریخ سے 30 دن کے اندر حکومتِ ہند کی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود کے انڈر سکریٹری (ڈرگس)، یو-6، ورک ہال، سی وِنگ، پہلی منزل، کرتویہ بھون-1، نئی دہلی-110001 کو بھیجیں یا ای میل کے ذریعے drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]inپر ارسال کریں۔
ای-گزٹ درج ذیل لنک پر دیکھا جا سکتا ہے:
ای-گزٹ ملاحظہ کریں: https://egazette.gov.in/(S(v14ga5sxvesv0yfxhdm40iu0))/ViewPDF.aspx
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7875