پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 6:15PM by PIB Delhi
مغربی تریپورہ کے ہاپانیا میں واقع ویمنز پولی ٹیکنک میں او بی سی طالبات کے لیے ہاسٹل کا منصوبہ حکومتِ ہند کی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی معاونت سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید بہتر اور مستحکم بنانا ہے۔
محفوظ اور سستی رہائشی سہولیات تک رسائی نوجوان خواتین میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے، بالخصوص ان طالبات کے لیے جو سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتی ہیں اور دور دراز یا دیہی علاقوں میں رہتی ہیں۔
مالی سال 2024–25 کے دوران شروع کیے گئے اس ہاسٹل منصوبے کے تحت 200 نشستوں کی گنجائش پر مشتمل ایک مخصوص رہائشی سہولت قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سہولت سے اہل او بی سی طالبات کے لیے قیام کے انتظامات بہتر ہوں گے اور انہیں اپنی تعلیمی امنگوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول میسر آئے گا۔
تعلیمی اداروں سے دور رہنے والی طالبات کے لیے مناسب رہائشی سہولیات تک رسائی تعلیمی ترقی میں اہم معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس ہاسٹل کا مقصد رہائش سے متعلق مشکلات کو دور کرنا اور ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں طالبات اپنی تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور شخصی نشوونما پر پوری توجہ دے سکیں۔
اس منصوبے پر عمل درآمد حکومتِ تریپورہ کے محکمۂ دیہی ترقیات کی جانب سے محکمۂ بہبودِ او بی سی کے لیے کیا جا رہا ہے، جب کہ اس کے لیے مالی معاونت حکومتِ ہند کی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات فراہم کر رہی ہے۔ یہ اقدام تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جامع سماجی و معاشی ترقی کے فروغ میں مرکز اور ریاست کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
اس ہاسٹل میں بجلی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کی مناسب سہولیات، پینے کا صاف پانی اور حفاظت کے خاطر خواہ انتظامات سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ طالبات کو محفوظ، صحت مند اور معاون رہائشی ماحول میسر آسکے۔
محض رہائشی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ، اس ہاسٹل منصوبے کا مقصد طالبات میں قائدانہ صلاحیتوں، صحت مند مسابقت، رضاکارانہ شرکت، سماجی ہم آہنگی، باہمی تعاون اور قومی یکجہتی کے جذبے کو بھی فروغ دینا ہے۔
توقع ہے کہ ہاسٹل کی یہ سہولت او بی سی طبقے کی طالبات کے لیے تعلیمی رسائی کو مزید آسان بنائے گی اور اعلیٰ تعلیم میں ان کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
یہ اقدام وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے خواتین کو بااختیار بنانے، جامع تعلیم کے فروغ اور مخصوص بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے مواقع تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس طرح یہ منصوبہ وکست بھارت @2047 کے وسیع تر وژن کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7853