وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کی 13ویں مجلس منتظمہ کی میٹنگ  کی صدارت کی


جناب جادھو نے یونانی تعلیم اور تحقیق کے فروغ و توسیع کے لیے بروقت اقدامات اور جواب دہی پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 6:06PM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے آج نئی دہلی کے کرتویہ بھون-1 میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (این آئی یو ایم) کی 13ویں مجلسِ  منتظمہ کی میٹنگ  کی صدارت کی۔

یونانی تعلیم، تحقیق اور صحت کی خدمات کے فروغ میں این آئی یو ایم کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے جناب پرتاپ راؤ جادھو نے بتایا کہ اس وقت ادارے کے 10 پوسٹ گریجویٹ شعبوں میں 71 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے ادارے کی مجوزہ توسیع کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت 5 مزید پوسٹ گریجویٹ شعبے، 35 اضافی نشستیں اور مربوط و  ٹرانسلیشنل  ریسرچ  کا ایک شعبہ قائم کرنے کی تجویز ہے۔

جناب جادھو نے دہلی کے قریب غازی آباد میں این آئی یو ایم کے دوسرے کیمپس کی تعمیر کا بھی ذکر کیا، جہاں 200 بستروں پر مشتمل ایک ریفرل اسپتال، پوسٹ گریجویٹ تعلیم اور تحقیقی سہولیات فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے موجودہ داخلہ گنجائش کے اندر غیر ملکی طلبہ کے لیے 24 نشستیں مختص کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی تعلیمی روابط مضبوط ہوں گے اور وسودھیو کٹمبکم (پوری دنیا ایک خاندان ہے) کے جذبے کی عکاسی ہوگی۔

وزیر موصوف نے این آئی یو ایم سے تین اہم توقعات کا اظہار کیا، جن میں بروقت کارروائی، جواب دہی اور خدمت شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیر التوا معاملات کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور ہر منصوبے کے لیے واضح مدت اور ذمہ داریاں متعین کی جائیں۔ مرکزی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادارے کی جانب سے تیار کی جانے والی صحت کی خدمات اور علاج کی سہولیات معاشرے کے غریب ترین طبقوں تک بھی پہنچنی چاہئیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (این آئی یو ایم)، بنگلورو کے ڈائریکٹر پروفیسر سید شاہ عالم نے مرکزی وزیر اور وزارتِ آیوش کے سکریٹری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ادارے کی سرگرمیوں، کامیابیوں اور مجوزہ اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔

اس  میٹنگ  میں وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا؛ ایڈیشنل سکریٹری اور مالیاتی مشیر جناب ہویدہ عباس؛ حکومتِ کرناٹک کے محکمۂ مالیات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری جناب ریتیش کمار سنگھ؛ وزارتِ آیوش کے مشیر (یونانی) ڈاکٹر ایم اے قاسمی؛ بورڈ آف یونانی، سدھا اینڈ سووا رِگپا کے صدر پروفیسر عاصم علی خان؛ اور سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر این ظہیر احمد سمیت دیگر سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔

میٹنگ  کا اختتام ادارے کے انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے، منظور شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے اور ادارے کی مستقبل کی ترقی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہوا۔

******

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7851


(ریلیز آئی ڈی: 2338132) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: हिन्दी , English , Tamil