پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 5:16PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت 1985-86 سے شراب نوشی اور نشہ آور اشیا کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایک اسکیم نافذ کر رہی ہے۔ اس سے احتیاط، علاج اور بحالی سے متعلق اقدامات کے ذریعے نشہ آور اشیا پر انحصار کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ اقدام آئینی ذمہ داری اور شراب نوشی و نشہ آور اشیا کے استعمال کے مسئلے سے نمٹنے کے عزم کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد ایک صحت مند، شمولیتی اور سماجی طور پر بااختیار معاشرے کی تعمیر ہے۔
آئین کا آرٹیکل 47 ریاست کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ صحت کے لیے مضر نشہ آور مشروبات اور منشیات کے استعمال پر، سوائے طبی مقاصد کے، پابندی عائد کرنے کی کوشش کرے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس چیلنج کی سنگینی کا اندازہ بھارت میں نشہ آور اشیا کے استعمال کی شرح اور طریقوں سے متعلق پہلے قومی سروے سے ہوتا ہے، جو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے نیشنل ڈرگ ڈیپینڈنس ٹریٹمنٹ سینٹر (این ڈی ڈی ٹی سی) نے 2018 میں کیا تھا اور جسے فروری 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے سے ملک بھر میں نشہ آور اشیا کے استعمال کی شرح اور طریقوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر ہوئی۔
سروے کے مطابق، بھارت میں تقریباً 16 کروڑ افراد شراب نوشی کرتے تھے، جن میں سے 5.7 کروڑ سے زیادہ افراد کو مضر استعمال یا شراب پر انحصار کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مدد کی ضرورت تھی۔ تقریباً 3.1 کروڑ افراد بھانگ سے بنی اشیا کا استعمال کرتے تھے، جبکہ 2.26 کروڑ افراد افیونی منشیات استعمال کرتے تھے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان میں سے تقریباً 25 لاکھ افراد بھانگ پر انحصار کرتے تھے، جبکہ تقریباً 77 لاکھ افراد کو افیونی منشیات کے استعمال کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مدد درکار تھی۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 7 کروڑ سے زیادہ افراد نشہ آور اشیا کے استعمال سے پیدا ہونے والے عوارض سے متاثر تھے، جن میں تقریباً 1.2 کروڑ بچے اور 58 لاکھ خواتین شامل تھیں۔ یہ اعداد و شمار مسلسل بیداری پیدا کرنے، ابتدائی مرحلے میں مداخلت کرنے اور علاج و بحالی کی قابلِ رسائی خدمات فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ منشیات کی طلب میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) کو ایک جامع اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے نشہ آور اشیا کے استعمال سے وابستہ کثیر جہتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نشہ آور اشیا کے استعمال سے پیدا ہونے والے عوارض سے متاثرہ افراد کے تئیں ہمدردانہ، معاون اور شمولیتی رویہ اپنانے کے ساتھ ساتھ احتیاط اور بحالی سے متعلق کوششوں کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات کی طلب میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) مرکزی شعبے کے اجزا کے ساتھ مرکز کے زیر اہتمام ایک اسکیم کے طور پر نافذ کیا جا رہا ہے اور اس کے دو اہم مقاصد ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ اس کا پہلا مقصد احتیاط سے متعلق تعلیم، بیداری پیدا کرنے، نشاندہی، مشاورت، علاج اور بحالی کے ذریعے منشیات کی طلب میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرا مقصد منشیات پر انحصار سے وابستہ بدنامی اور امتیازی سلوک کو کم کرنا ہے، جو اکثر متاثرہ افراد کی سماجی قبولیت اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ نشے پر انحصار کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف علاج اور بحالی ہی کافی نہیں، بلکہ ایسا سازگار سماجی ماحول بھی ضروری ہے جہاں افراد امتیازی سلوک یا سماجی بے دخلی کے خوف کے بغیر مدد حاصل کر سکیں۔
عہدیدار نے کہا کہ بیداری پیدا کرنے اور احتیاطی تعلیم دینے سے افراد، خاندانوں اور برادریوں کو نشہ آور اشیا کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے میں اہم مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں نشاندہی اور بروقت مشاورت کے ساتھ مناسب علاج اور بحالی کی سہولتوں تک رسائی قومی سطح پر اس مسئلے سے نمٹنے کی حکمتِ عملی کے لازمی اجزا ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدنامی اور امتیازی سلوک کو کم کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے، تاکہ نشے پر انحصار سے صحت یاب ہونے والے افراد اپنے خاندانوں اور برادریوں میں واپس آ سکیں اور معاشرے میں بامعنی طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔
عہدیدار نے کہا کہ احتیاط، بیداری، علاج، بحالی اور سماج میں دوبارہ شمولیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وزارت آئینی تصور اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے وسیع تر مقصد سے ہم آہنگ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کر رہی ہے۔
***
(ش ح ۔رک)
U. No.7845