پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 4:43PM by PIB Delhi
سرمایہ جاتی کفایت، کاروباری ترقی، قرضوں کی عدم ادائیگی کے معاملات میں کمی، اثاثوں کے صحت مند معیار اور منافع میں نمایاں بہتری سمیت مختلف مالیاتی پیمانوں پر مسلسل بہتری سے سرکاری شعبے کے بینکوں (پی ایس بیز) کی مجموعی کارکردگی میں مکمل تبدیلی کا ثبوت ملتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس بیز نہ صرف منافع کما رہے ہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر انتظامی معیار کی مدد سے قرضوں کی فراہمی کی ضروریات بھی پوری کر رہے ہیں اور اس کے لیے ان کی قرضوں کی جانچ اور منظوری کی صلاحیت میں بھی بہتری آئی ہے۔
پی ایس بیز کا مجموعی خالص منافع 16.9 فی صد سالانہ اضافے کے ساتھ 1.10 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جب کہ مجموعی عملی منافع 13.9 فی صد سالانہ اضافے کے ساتھ 1.81 لاکھ کروڑ روپے ہوگیا۔ پی ایس بیز کے اثاثوں پر منافع کی شرح میں بھی مسلسل بہتری آرہی ہے اور یہ 3 بیسس پوائنٹس کے سالانہ اضافے کے ساتھ 1.11 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ مسلسل پانچویں سال خالص اور عملی دونوں طرح کے منافع میں بہتری حکومت کی جانب سے اصلاحات کے مسلسل اور مؤثر عمل اور بہتر انتظامی معیار قائم کرنے کی کوششوں کے مثبت نتائج کو ظاہر کرتی ہے۔

30 ستمبر ، 2026 ء تک پی ایس بیز کا مجموعی کاروبار 15.5 فی صد سالانہ اضافے کے ساتھ 301.6 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا، اس طرح پہلی بار ان کا کاروبار 300 لاکھ کروڑ روپے کے ہندسے سے تجاوز کر گیا۔ مجموعی ڈپازٹس (جمع شدہ رقوم) میں 13.1 فی صد سالانہ اضافہ درج کیا گیا اور یہ بڑھ کر 275 لاکھ کروڑ روپے ہوگئے، جب کہ مجموعی قرضوں میں 18.8 فی صد سالانہ اضافہ ہوا اور ان کی مالیت 136.4 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ خردہ، زراعت اور ایم ایس ایم ای سمیت مختلف شعبوں میں قرضوں کی فراہمی میں یکساں طور پر نمایاں اضافہ پی ایس بیز کی جانب سے زمینی سطح پر اقتصادی ترقی، کاروبار اور صنعت کاری کے فروغ اور مالیاتی شمولیت کو وسعت دینے کے لیے مسلسل تعاون کا مظہر ہے۔ خردہ، زرعی اور ایم ایس ایم ای قرضوں میں بالترتیب 17 فی صد، 19.5 فی صد اور 20.4 فی صد کا اضافہ درج کیا گیا۔

پی ایس بیز کے اثاثوں کے معیار میں مسلسل بہتری آرہی ہے اور یہ مزید کم ہوکر اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ مجموعی این پی اے کا تناسب گھٹ کر 1.69 فی صد اور خالص این پی اے کا تناسب 0.33 فی صد رہ گیا ہے۔ این پی اے کی کم سطح کے حصول میں قرضوں کی جانچ اور منظوری کے بہتر معیارات کا اہم رول ہے، جس کا اظہار قرضوں کے پھنسنے کی شرح 0.62 فی صد تک محدود رہنے سے ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، قرضوں کی وصولی اور ان کی درجہ بندی میں بہتری کے لیے مسلسل کوششوں کے نتیجے میں وصولی اور قرضوں کو دوبارہ بہتر درجے میں لانے کی شرح 21.1 فی صد رہی ہے۔ اب تمام پی ایس بیز کا پروویژننگ کوریج ریشو 90 فی صد سے زیادہ ہے، جو محتاط بینکاری طریقۂ کار اور مستحکم مالی کارکردگی کا عکاس ہے۔

پی ایس بیز کے سرمایہ جاتی ذخائر، برقرار رکھے گئے منافع اور سرمایہ جمع کرنے کے مضبوط اقدامات کے ذریعے ضابطہ جاتی کم از کم حد سے کافی زیادہ ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان بینکوں کے پاس قرضوں کی فراہمی میں اضافے کی حمایت کے لیے مناسب مالیاتی گنجائش موجود ہے اور وہ نظامی نوعیت کے اچانک مالیاتی جھٹکوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ 30 ستمبر ، 2026 ء تک پی ایس بیز کا سرمایہ جاتی کفایت کا تناسب (سی آر اے آر) 16.89 فی صد رہا، جو سالانہ بنیاد پر 93 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اس بہتری میں خطرے کے لحاظ سے وزن والے اثاثوں (آر ڈبلیو اے) کی شرح میں سالانہ بنیاد پر 94 بیسس پوائنٹس کی کمی کا بھی کردار رہا، جس کے نتیجے میں یہ شرح گھٹ کر 47.9 فی صد ہوگئی۔

مالی سال 27-2026 ء کی پہلی ششماہی میں پی ایس بیز کے لاگت اور آمدنی کے تناسب میں بھی سالانہ بنیاد پر 191 بیسس پوائنٹس کی بہتری درج کی گئی اور یہ گھٹ کر 47.38 فی صد رہ گیا۔ اس بہتری میں فی اثاثہ لاگت میں سالانہ بنیاد پر 14 بیسس پوائنٹس کی کمی کا بھی اہم کردار رہا، جس کے نتیجے میں یہ شرح گھٹ کر 1.60 فی صد ہوگئی۔ عملی کارکردگی میں بہتری سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور لاگت کے مؤثر انتظام میں بھی بہتری آئی ہے۔
پی ایس بیز کی کارکردگی حکومت کی جانب سے ، ان بینکوں میں اصلاحات کو ادارہ جاتی شکل دینے کے نتائج کی حقیقی عکاس ہے۔ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد بہتر انتظامی معیار قائم کرنا، عملی کارکردگی میں بہتری لانا، بینک کاری کے محتاط طریقۂ کار کو فروغ دینا، خطرات کے بہتر انتظام کو یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کے بدلتے تقاضوں کے مطابق مسلسل خود کو ڈھالنا ہے۔ پی ایس بیز کے عملی معیارات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج اب ان کی مالی کارکردگی میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں، جو 2047 ء تک وکست بھارت کے بھارت کے ترقیاتی عزائم کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے۔
***
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )
U.No. 7844