شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مغربی بنگال  کے کولکاتامیں ’’ذیلی قومی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کی نگرانی کو مضبوط بنانے‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا


ایم او ایس پی آئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کی مضبوط نگرانی کے نظام کے ذریعے وکست بھارت 2047 کے سفر کو تیز رفتار بنا رہی ہے

ورکشاپ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اشاریاتی نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، جس کے تحت ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی معاونت کی جا رہی ہے جو فی الحال اپنے اشاریاتی نظام تیار کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، ذیلی قومی سطح پر نگرانی کے بہترین طریقۂ کار بھی پیش کیے جا رہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 4:43PM by PIB Delhi

اعداد و شمار اور پروگراموں کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) نے مغربی بنگال حکومت کے محکمۂ منصوبہ بندی، اعداد و شمار اور پروگراموں کی نگرانی اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے اشتراک سے 18 نومبر 2026 کو کولکاتا، مغربی بنگال میں ’’ذیلی قومی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کی نگرانی کو مضبوط بنانے‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ میں ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری افسران نے شرکت کی جو اپنے متعلقہ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام (ایس آئی ایف؍یو ٹی آئی ایف) تیار کرنے کے عمل میں ہیں، جبکہ تین ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے نگرانی کے بہترین طریقۂ کار بھی پیش کیے۔ اس ورکشاپ کا مقصد ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مخصوص تکنیکی معاونت فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ میں تقریباً 50 شرکاء نے شرکت کی، جن میں ایم او ایس پی آئی، یو این ڈی پی اور مغربی بنگال، مہاراشٹر، دہلی، اڈیشہ اور دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو کے افسران شامل تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261118164607_46adac.jpg

اب2030 کے ایجنڈے کے اہداف حاصل کرنے کے لیے تقریباً چار سال باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کو مقامی سطح پر نافذ کرنے اور قومی وعدوں کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح پر قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ذیلی قومی سطح پر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا نہایت اہم ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح پر نگرانی سے حکومتوں کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے، ترقیاتی خلا کی نشاندہی کرنے اور مقامی ترجیحات کے مطابق پالیسیوں اور اقدامات کو ہم آہنگ کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ایس ڈی جیز-قومی اشاریاتی نظام کی پیش رفت سے متعلق رپورٹ 2026 کے مطابق، 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے اپنے متعلقہ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام تیار کر لیے ہیں۔ ملک بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف کی جامع نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے باقی ماندہ اشاریاتی نظام کو مضبوط بنانا اور موجودہ نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اہم ہے۔

افتتاحی اجلاس میں اعداد و شمار اور پروگراموں کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) کے سماجی اعداد و شمار ڈویژن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محترمہ سپریا رائے نے ریاستی اور مقامی سطح پر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ صرف قومی سطح کے اعداد و شمار بھارت میں ترقی سے متعلق چیلنجوں کے تنوع کی عکاسی نہیں کر سکتے۔ قومی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق وعدوں کو مقامی ترجیحات اور قابلِ پیمائش نتائج میں ڈھالنے کے لیے ریاستی اور ضلعی اشاریاتی نظام ناگزیر ہیں۔ انہوں نے شماریاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور اعداد و شمار کے معیار اور بروقت دستیابی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مغربی بنگال حکومت کے محکمۂ مالیات کے سینئر اسپیشل سکریٹری جناب پون کڈیان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ریاستی اشاریاتی نظام میں زمینی حقائق اور مقامی ترقیاتی ترجیحات کی عکاسی ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ نگرانی کا دائرہ اضلاع، بلاکوں اور گرام سبھاؤں تک وسیع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ محض اسکیموں پر عمل درآمد اور فنڈز کے استعمال کی نگرانی تک محدود رہنے کے بجائے ترقی کے حقیقی نتائج کی پیمائش پر توجہ دی جائے، تاکہ نتائج پر مبنی حکمرانی کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے نمائندے اور پالیسی اسپیشلسٹ جناب جیمون اتھپ نے مضبوط اعداد و شمار کے نظام، تکنیکی صلاحیتوں اور شمولیتی نگرانی کے طریقۂ کار کی تیاری میں حکومتِ ہند اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی معاونت کے عزم کو اجاگر کیا۔

اعداد و شمار اور پروگراموں کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) ڈاکٹر دلیپ سنگھ نے اعداد و شمار کی ضروریات میں ابھرتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے شواہد کی بنیاد کو مضبوط بنانے کی غرض سے وزارت کی جانب سے جاری شماریاتی اصلاحات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اشاریاتی نظام کو صرف پائیدار ترقی کے اہداف ہی سے نہیں بلکہ وکست بھارت کے تحت بھارت کے طویل مدتی ترقیاتی مقاصد سے بھی مربوط کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی سالوں کو تازہ کرنے اور غیر منظم شعبے نیز خدماتی معیشت کا احاطہ کرنے کے لیے نئے شماریاتی سروے شروع کرنے سے ملک کا شماریاتی نظام مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

تکنیکی اجلاسوں کا آغاز اعداد و شمار اور پروگراموں کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) کے سماجی اعداد و شمار ڈویژن کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محترمہ رچیکا گپتا کی جانب سے قومی اور ذیلی قومی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے موضوع پر دی گئی ایک پیشکش سے ہوا۔ اس اجلاس میں قومی اشاریاتی نظام (این آئی ایف)، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام کے ساتھ اس کی ہم آہنگی، اشاریوں کے انتخاب کے اصول، اعداد و شمار کے ذرائع، رپورٹنگ کی مدت اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کا احاطہ کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261118164617_4d007f.jpg

ورکشاپ کے ایک اہم حصے میں ان ریاستوں کے اچھے طریقۂ کار اور تجربات کا تبادلہ کیا گیا، جنہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کی نگرانی اور مقامی سطح پر ان کے نفاذ کے نظام کو مضبوط بنانے میں پیش رفت کی ہے۔ مہاراشٹر، دہلی اور اڈیشہ کے نمائندوں نے اپنے اپنے طریقۂ کار پیش کیے اور ادارہ جاتی انتظامات، اعداد و شمار کے نظام اور ان سے حاصل ہونے والے اسباق کو اجاگر کیا، جو ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام کی تیاری اور اسے مضبوط بنانے میں رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

شرکت کرنے والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے انتظامی افسران نے اپنے اپنے اشاریاتی نظام کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت، ادارہ جاتی تیاری، اعداد و شمار کی دستیابی اور درپیش چیلنجوں کو پیش کیا۔ ان مباحثوں سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مخصوص ترجیحات، ادارہ جاتی ضروریات اور اعداد و شمار سے متعلق خامیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملی۔

ورکشاپ میں ایم او ایس پی آئی اور یو این ڈی پی کی قیادت میں گروپ کی ایک عملی مشق بھی شامل تھی، جس کا مقصد ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام کے مسودوں کو تیار کرنا اور ان میں بہتری لانا تھا۔ شرکاء نے پائیدار ترقی کے ہر ہدف کے لیے ممکنہ اشاریوں کا جائزہ لیا، مقامی ترقیاتی ترجیحات کی عکاسی کرنے والے ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی مخصوص اشاریوں کی نشاندہی کی، ذمہ دار محکموں اور اعداد و شمار کے ذرائع کا تعین کیا اور اعداد و شمار کی دستیابی اور ان سے متعلق خامیوں کا جائزہ لیا۔ اس مشق میں حسبِ ضرورت صنفی حساسیت کے حامل اور تفصیلی زمروں میں تقسیم شدہ اشاریوں کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی افادیت اور نگرانی کے تقاضوں کی بنیاد پر اشاریوں کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا۔

ورکشاپ کا اختتام متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اشاریاتی نظام کو حتمی شکل دینے اور مضبوط بنانے کے لیے اہم سفارشات اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کے ساتھ ہوا۔ ایم او ایس پی آئی اور یو این ڈی پی نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مسلسل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ورکشاپ میں پائیدار ترقی کے اہداف کو مقامی سطح پر نافذ کرنے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو آگے بڑھانے کے لیے مضبوط ذیلی قومی شماریاتی نظام کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی اشاریاتی نظام پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشترکہ بنیاد فراہم کرتے ہیں، ساتھ ہی مقامی ترقیاتی ترجیحات اور طویل مدتی وژن 2047 کے اہداف کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ اشاریاتی نظام ریاستی اور ذیلی ریاستی سطحوں پر منصوبہ بندی، نگرانی اور فیصلہ سازی کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔

***

 (ش ح ۔رک)

U. No.7843


(ریلیز آئی ڈی: 2337987) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी