ہندوستان کی ڈیجیٹل تفریحی صنعت کا بدلتا ہوا منظرنامہ ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) میں مرکزِ توجہ ہوگا، جو 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر او ٹی ٹی ایوارڈز کے زمرے میں بہترین ویب سیریز ایوارڈ کے لیے پانچ منفرد ویب سیریز نامزد کی گئی ہیں۔ سماجی حقائق، ثقافتی روایات، تاریخی سنگِ میل اور انسانی رشتوں سے جڑی کہانیوں کو یکجا کرنے والی یہ نامزدگیاں ہندوستان کے فروغ پاتے او ٹی ٹی نظام کے تنوع اور تخلیقی عزائم کی عکاسی کرتی ہیں۔
نامزد ویب سیریز پر ایک نظر
آدرش بال ودیالیہ

ہمانک گور کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ‘آدرش بال ودیالیہ’ ہندوستان کے سرکاری تعلیمی نظام کی حقیقتوں کو مزاح اور سماجی تبصرے کے انداز میں پیش کرتی ہے۔ دہلی کے ایک سرکاری اسکول کے پس منظر میں بنی یہ سیریز ہیڈ ماسٹر گیانیشور ترپاٹھی کی کہانی بیان کرتی ہے، جن کا کیمبرج جانے کا خواب اس بات سے وابستہ ہے کہ ان کے طلبہ امتحانات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ طلبہ کی عدم دلچسپی، ادارہ جاتی خامیوں اور تعلیم کے مشکل ماحول کے باعث انہیں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم ایک مثالی سوچ رکھنے والے استاد کی آمد سے اسکول کی حالت بدلنے کی کوشش شروع ہوتی ہے۔
مزاح کے ساتھ تعلیمی شعبے کے چیلنجوں کی عکاسی کرنے والی یہ سیریز فرض شناس اساتذہ کے کردار اور سرکاری اداروں میں تبدیلی کے امکانات کو اجاگر کرتی ہے۔
دیوکھیل

لوک داستانوں اور روایتی عقائد سے ماخوذ ویب سیریز ‘دیوکھیل’ کی ہدایت کاری چندرکانت لتا گائیکواڑ نے کی ہے۔ یہ ناظرین کو دیوتالی گاؤں کی ایک پُراسرار دنیا میں لے جاتی ہے، جہاں ہر سال ہولی کی رات ایک شخص کی موت ہو جاتی ہے۔ گاؤں والے ان مسلسل واقعات کا ذمہ دار شنکاسور کو ٹھہراتے ہیں، جو مقامی روایات سے وابستہ ایک دیومالائی عفریت ہے۔ جب ایک اور ایک اور شخص کی پُراسرار موت واقع ہو جاتی ہے تو انسپکٹر وشواس اس کے پیچھے چھپی حقیقت کا پتا لگانے نکل پڑتا ہے۔ تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ ہی گاؤں کے راز، پوشیدہ محرکات اور عقیدے سے متعلق سوالات سامنے آنے لگتے ہیں۔
جرم، تجسس اور لوک داستانوں کے عناصر کو یکجا کرنے والی یہ سیریز توہم پرستی، روایت اور حقیقت کے درمیان نازک تعلق کو پیش کرتی ہے۔
میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری

روبی گریوال کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ‘میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری’ ہندوستان کے معروف ترین مقامی برانڈز میں سے ایک کے قیام کے پیچھے کارفرما کاروباری بصیرت اور عزم کی داستان بیان کرتی ہے۔ یہ سیریز لبرلائزیشن سے پہلے کے دور کے پس منظر میں زرکسیز دیسائی کی کہانی پیش کرتی ہے، جنہوں نے غیر ملکی مصنوعات اور غیر قانونی طور پر اسمگل کی گئی گھڑیوں کے بازار میں عالمی معیار کا ہندوستانی گھڑیوں کا برانڈ قائم کرنے کا عزم کیا۔ جے آر ڈی ٹاٹا کی رہنمائی اور ایک پُرعزم ٹیم کے تعاون سے دیسائی نے انتظامی رکاوٹوں، مالی دشواریوں اور تکنیکی چیلنجوں کا سامنا کیا۔
یہ کہانی اس عزم، جدت طرازی اور پیش قدمی کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے، جس نے ایک بلند حوصلہ صنعتی تصور کو ہندوستان کی کاروباری تاریخ کے ایک اہم باب میں تبدیل کر دیا۔
مایا سبھا: دی رائز آف دی ٹائٹنز

1970 کی دہائی کے آندھرا پردیش کے سیاسی طور پر پُرآشوب حالات کے پس منظر میں بنائی گئی ویب سیریز ‘مایا سبھا: دی رائز آف دی ٹائٹنز’ کی ہدایت کاری دیوا کٹا نے کی ہے۔ یہ سیریز کاکارلا کرشنما نائیڈو (کے کے این)، جو ایک اصول پسند طلبہ لیڈر ہیں، اور ایم ایس رامی ریڈی، جو ایک بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ہیں، کی زندگی کے سفر کو پیش کرتی ہے۔
مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود دونوں کی دوستی گہری ہو جاتی ہے اور سماجی و سیاسی تبدیلی لانے کے مشترکہ عزائم انہیں ایک دوسرے کے قریب رکھتے ہیں۔ تاہم، سیاسی زندگی کی تلخ حقیقتوں کا سامنا کرتے ہوئے ان کے تعلقات میں رفتہ رفتہ دراڑیں پڑنے لگتی ہیں۔ ذات پات کی تقسیم، دولت، بدعنوانی، اقتدار کی کشمکش اور بدلتے ہوئے حالات ان کی دوستی کو متاثر کرتے ہیں۔ ساتھیوں سے سیاسی حریف بننے تک کا ان کا سفر اس کہانی کا مرکزی موضوع ہے، جو سیاسی جوڑ توڑ، بدلتی وفاداریوں اور اقتدار کے ایوانوں میں انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔
مسافر کیفے

کہانی بیان کرنے کا ایک زیادہ جذباتی اور ذاتی انداز اپناتے ہوئے، روچیر ارون کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ‘مسافر کیفے’ محبت، رفاقت اور خود شناسی کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرتی ہے۔ چندر موہن شرما اور سدھا و پریتی کے ساتھ ان کے تعلقات پر مبنی یہ سیریز بدلتے حالات، ذاتی فیصلوں اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کے درمیان ان کے جذباتی سفر کو بیان کرتی ہے۔ بھوپال اور مسوری کے دلکش قدرتی مناظر کے پس منظر میں پیش کی گئی یہ کہانی محبت، کھوئے ہوئے مواقع، قبولیت اور زندگی بدل دینے والے واقعات بیان کرتی ہے۔ اس میں رشتوں کو نشوونما اور خود شناسی کے سفر کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جہاں ہر ملاقات انسانی تجربات پر اپنی ایک چھاپ چھوڑ جاتی ہے۔
نامزد کی گئی یہ پانچوں ویب سیریز مجموعی طور پر ہندوستان کے او ٹی ٹی منظرنامے میں تخلیقی امکانات کے وسیع ہوتے دائرے کو اجاگر کرتی ہیں، جہاں مختلف خطوں، ثقافتوں اور سماجی حالات سے تعلق رکھنے والی کہانیوں کو ڈیجیٹل ذرائع سے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔ سرکاری اسکول کے ایک کلاس روم کے مسائل اور گاؤں کی لوک داستانوں کے اسرار سے لے کر ہندوستان کے کاروباری سفر، سیاسی رقابتوں اور محبت کے نازک پہلوؤں تک، یہ نامزد ویب سیریز ان موضوعات کے تنوع کو ظاہر کرتی ہیں جنہیں آج کا ہندوستانی کہانی کار اپنے فن کے ذریعے پیش کر رہا ہے۔
57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) ایوارڈ کے ذریعے اصل ویب مواد میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا جائے گا۔ یہ فیسٹیول 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا۔ اس ایوارڈ کا مقصد ہندوستان کی ڈیجیٹل تفریحی صنعت کو نئی جہت دینے والے مصنفین، ہدایت کاروں، تخلیق کاروں، اداکاروں اور پروڈکشن ٹیموں کے تخلیقی وژن اور خدمات کو اعزاز بخشناہے۔ یہ نامزدگیاں اختراعی انداز میں کہانی بیان کرنے اور سنیما سے متعلق تخلیقی اظہار کے ایک اہم ذریعے کے طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی توثیق کرتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ک ح۔ ر ب۔
U-7833