پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 12:30PM by PIB Delhi
ہندوستانی طبی تحقیق کونسل (آئی سی ایم آر) نے مقامی طبی تحقیق کو ٹیکنالوجیز اور وسیع عوامی استعمال کے حل کی جانب اہم پیشرفت کرتے ہوئے ٹیکنالوجی منتقلی کے 100 کامیاب معاہدوں کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس سنگ میل کا اعلان تیسری محکمۂ تحقیق صحت (ڈی ایچ آر)-آئی سی ایم آر ہیلتھ ریسرچ ایکسیلنس سمٹ کے موقع پر کیا گیا، جس کا اختتام آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ہوا۔
ڈی ایچ آر اور آئی سی ایم آر کے زیر اہتمام 16 اور 17 نومبر 2026 کو منعقدہ اس دو روزہ اجلاس میں آئی سی ایم آر کے اداروں، شراکت دار اداروں، سرکاری تنظیموں اور علمی شعبے سے تعلق رکھنے والے 600 سے زائد سائنس دانوں، محققین، اختراع کاروں، منتظمین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ اس اجلاس کے ذریعے ملک میں بایومیڈیکل اور صحت سے متعلق تحقیق کے شعبے میں آئی سی ایم آر کی 115 سالہ خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
یہ اجلاس صحت سے متعلق تحقیق میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف اور سائنسی شواہد کو عملی نتائج میں ڈھالنے کے عمل کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس میں آئی سی ایم آر کے اداروں اور بیرونی تعاون سے وابستہ شراکت دار اداروں کی جانب سے تحقیقی اشاعتوں، ٹیکنالوجیز، پیٹنٹس اور تحقیق کے انتظام کے شعبوں میں دی گئی اہم خدمات کو اجاگر کیا جاتا ہے، جبکہ محققین، صنعت اور پالیسی سازوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیا جاتا ہے۔
ٹیکنالوجی منتقلی کی تقریب کے دوران آئی سی ایم آر نے نو ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ آٹھ ٹیکنالوجیز سے متعلق 20 لائسنسنگ معاہدوں کا تبادلہ کیا، جس کے نتیجے میں کامیاب ٹیکنالوجی منتقلی کے معاہدوں کی مجموعی تعداد 100 تک پہنچ گئی۔ یہ سنگ میل آئی سی ایم آر کے اہم اقدام ’میڈیکل انوویشنز پیٹنٹ مترا‘ کے آغاز کے دو سال سے بھی کم عرصے میں حاصل کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا آغاز مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا نے مارچ 2025 میں کیا تھا۔ یہ سنگ میل صنعتی شراکت داری کے ذریعے تحقیق اور دیسی اختراعات کو عملی استعمال میں لانے کے لیے آئی سی ایم آر کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ایک اختراعی نمائش میں آئی سی ایم آر کے اداروں اور بیرونی تعاون سے وابستہ شراکت دار اداروں کی تیار کردہ 17 ٹیکنالوجیز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ، ٹیکنالوجیز اور پیٹنٹس سے متعلق ایک خصوصی اجلاس میں 10 ٹیکنالوجیز اور آٹھ پیٹنٹس بھی پیش کیے گئے، جن کے ذریعے ملک کے صحت سے متعلق تحقیقی نظام میں سامنے آنے والی اختراعات کے وسیع دائرے کو اجاگر کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تین نئے اقدامات کا آغاز کیا گیا۔ ڈی ایچ آر کا نیا ’تحقیق کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کی کوشش‘ تحقیقی شواہد کو ایسی مصنوعات میں ڈھالے گی جو پالیسیوں اور پروگراموں سے متعلق فیصلے کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ ڈی ایچ آر کی ’وائرس ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیباریٹریز (وی آر ڈی ایل) اسکیم‘ کے تحت ’سنڈرومک سرویلنس‘ کے ذریعے 70 وی آر ڈی ایل اور ’انفیکشس ڈیزیز ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیباریٹریز (آئی آر ڈی ایل)‘ پر مشتمل وبائی امراض کی پیشگی اطلاع دینے والا ایک نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ آج شروع کیا گیا ’ڈاکٹر ایم کے بھان ینگ میڈیکل فیکلٹی پی ایچ ڈی پورٹل‘ ممکنہ درخواست دہندگان کے لیے معلومات فراہم کرنے والے ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
آئی سی ایم آر نے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹینس (اے ایم آر) کی سالانہ رپورٹ اور معیاری عملی طریقۂ کار (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز) بھی جاری کیے، جن میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹینس سے متعلق قومی شواہد اور تجربہ گاہوں کے معیاری طریقۂ کار کو یکجا کیا گیا ہے۔ آئی سی ایم آر کا مجموعۂ مضامین بھی جاری کیا گیا، جس میں تحقیق کے ایسے 25 واقعات شامل ہیں جن کے نتائج کو عوام کے فائدے کے لیے عملی شکل دی گئی ہے۔
’ریسرچ ایکسیلنس شوکیس‘ میں منتخب تحقیقی اشاعتیں پیش کی گئیں، جبکہ ’انوویشن ایکسیلنس شوکیس‘ میں منتخب ٹیکنالوجیز اور پیٹنٹس کی نمائش کی گئی۔ تحقیق کے انتظام اور مالیات سے متعلق ایک خصوصی اجلاس میں مالی معاونت کے انتظام، سرکاری خریداری اور مالیاتی امور کے طریقۂ کار کو آسان اور مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔ ایک خصوصی اجلاس میں آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ملیریا ریسرچ (آئی سی ایم آر-این آئی ایم آر) کی گولڈن جوبلی بھی منائی گئی، جس کے ذریعے ملیریا کی تحقیق کے شعبے میں اس ادارے کی 50 سالہ خدمات کو یاد کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ’ریسرچ، انوویشن اینڈ انسٹی ٹیوشنل ایکسیلنس ریکگنیشن‘ کے ذریعے صحت سے متعلق تحقیقی نظام میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔ اشاعتوں، ٹیکنالوجیز، پیٹنٹس اور ادارہ جاتی کارکردگی کے شعبوں میں کامیابیوں کے لیے نو زمروں کے تحت محققین اور اداروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ’آئی سی ایم آر ریسرچ مینجمنٹ ایکسیلنس ریکگنیشن‘ کے تحت منصوبوں کے انتخاب میں شامل جائزہ کاروں، ’انڈین جرنل آف میڈیکل ریسرچ‘، سائنسی شعبوں، سائنسی معاونت کے اداروں اور انتظامی و مالیاتی ٹیموں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا، جنہوں نے تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ معیار کی تحقیق میں معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
’شائن نیشنل مقابلے‘ کے ذریعے منتخب کیے گئے اسکولوں کے 100 سرفہرست طلبہ کو بھی صحت عامہ کے شعبے میں ان کی خدمات اور سائنسی سوچ کے اعتراف میں اجلاس کے دوران سراہا گیا۔ ’شائن‘ (اگلی نسل کے محققین کے لئے سائنس اور صحت سے متعلق اختراع) آئی سی ایم آر کا ملک گیر اقدام ہے، جس کے تحت ملک بھر کے سرکاری، سرکاری امداد یافتہ اور نجی اسکولوں میں 9ویں سے 12ویں جماعت تک کے طلبہ کو شامل کیا جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں سائنسی مزاج پیدا کرنا، ان میں تجسس کو فروغ دینا اور انہیں بایو میڈیکل اور صحت سے متعلق تحقیق کے شعبوں میں اپنا کریئر بنانے کی ترغیب دینا ہے۔
اجلاس نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ قومی صحت کی ترجیحات سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے اور قابلِ رسائی، کفایتی اور معیاری صحت خدمات کی فراہمی کے ہندوستان کے عزم کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط، باہمی تعاون پر مبنی اور اختراع سے تحریک پانے والا تحقیقی نظام ناگزیر ہے۔
ہندوستانی طبی تحقیق کونسل (آئی سی ایم آر)، جس کا صدر دفتر نئی دہلی میں واقع ہے، ملک میں بایو میڈیکل تحقیق کی تشکیل، تال میل اور فروغ کے لیے ایک اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ 1911 میں قائم ہونے والا آئی سی ایم آر دنیا کے قدیم ترین طبی تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے اور حکومت ہند کی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے محکمۂ تحقیق صحت کے تحت کام کرتا ہے۔












***
ش ح ۔م ش ۔ ع د
U. No-- 7823