ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 7:37PM by PIB Delhi
انطالیہ (ترکیہ)، 17 نومبر 2026
ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر، جناب بھوپیندر یادو نے آج بھارت-جاپان مشترکہ کریڈٹنگ میکانزم (جے سی ایم) کو عملی جامہ پہنانے میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا اور مالیات کو متحرک کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنے اور کم کاربن کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اس کی صلاحیت پر زور دیا۔ ترکیہ کے انطالیہ میں UNFCCC COP31 کے دوران جاپان پویلین میں بارہویں جے سی ایم پارٹنر ممالک کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ جے سی ایم جیسے میکانزم ترقی پذیر ممالک کی قومی ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے مساوی اور قابل توسیع ماحولیاتی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

اس مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، جاپان کے وزیر ماحولیات، عزت مآب جناب ساساکاوا ہیرویوشی نے زور دیا کہ جے سی ایم مالیات کو متحرک کرنے اور ڈی کاربنائزیشن کو آگے بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانے میں عالمی شراکت داری کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دنیا بھر میں ڈی کاربنائزیشن منصوبوں کو مہمیز کرنے کا ایک عملی ماڈل ہے۔ انھوں نے کہا کہ جاپان اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اپنے شراکت داروں کو تمام مدد اور معلومات فراہم کرے گا۔ عمان، منگولیا، پلاؤ، پاپوا نیو گنی، تیونس اور یوکرین سمیت دیگر جے سی ایم پارٹنر ممالک کے وزرا نے بھی اس تقریب کے دوران اپنے خیالات پیش کیے۔
بھارت-جاپان کی دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب یادو نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک نے 7 اگست 2025 کو پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6.2 کے تحت جے سی ایم قائم کرنے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے۔ اس میکانزم سے بھارت کے قومی سطح پر طے شدہ تعاون (این ڈی سی) اور طویل مدتی کم اخراج ترقیاتی حکمت عملی (ایل ٹی-ایل ای ڈی ایس) کی حمایت کرنے کی توقع ہے، جس میں حکومت سے منظور شدہ سرگرمیوں اور قابل اطلاق جے سی ایم کی ضروریات کے مطابق منصوبے شامل ہیں۔ اخراج میں کمی کے علاوہ، اس سے گھریلو صلاحیتوں، مہارتوں اور مقامی ویلیو چینز کو مضبوط بنانے کی توقع ہے جب کہ وسیع تر پائیدار ترقیاتی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

وزیر موصوف نے نفاذ میں نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا، جس میں 8 جون 2026 کو مشترکہ کمیٹی کے ذریعے نفاذ کے قواعد کو اپنانا اور 30 ستمبر 2026 کو آپریشنل مینوئل کا آغاز شامل ہے۔ یہ مینوئل پروجیکٹ کی پیش کشوں، طریقہ کار کی ترقی، پروجیکٹ ڈیزائن، پائیدار ترقیاتی تشخیص، آزادانہ توثیق اور تصدیق، پروجیکٹ رجسٹریشن، کریڈٹ جاری کرنے اور تخفیف کے نتائج کی اجازت کے لیے طریقہ کار قائم کرتا ہے۔
جناب یادو نے کہا کہ بھارت اور جاپان جے سی ایم پروجیکٹ سائیکل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ پیش کشوں کو ہم وار کیا جا سکے، پروسیسنگ میں سہولت فراہم کی جا سکے اور شفافیت کو بڑھایا جا سکے۔ فوری ترجیحات میں تھرڈ پارٹی اداروں کے لیے درخواستیں مدعو کرنا، مجوزہ طریقہ کار حاصل کرنا اور پروجیکٹ آئیڈیا نوٹ کی پیش کشوں میں سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔ انھوں نے مضبوط نگرانی، رپورٹنگ اور تصدیق کو یقینی بنانے کے لیے گھریلو توثیق اور تصدیق کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جاپان کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کے بھارت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے زور دیا کہ جے سی ایم کی کام یابی کو نہ صرف اخراج میں کمی سے بلکہ متحرک مالیات، منتقل شدہ ٹیکنالوجیز، مضبوط گھریلو صلاحیتوں اور حاصل شدہ پائیدار ترقیاتی فوائد سے بھی ماپا جانا چاہیے۔ انھوں نے اس میکانزم کو شفاف، مساوی، ماحولیاتی طور پر مضبوط اور ترقی پر مبنی ماحولیاتی تعاون کا ایک ماڈل بنانے پر زور دیا۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7805