ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے آئی آئی ٹی ایف 2026 میں ’وکاس اور وراثت‘ کے موضوع پر خصوصی ہینڈلوم اور دستکاری نمائش کا افتتاح کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 7:29PM by PIB Delhi

بھارت سرکار کے مرکزی وزیر برائے ٹیکسٹائل گری راج سنگھ نے 16 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں بھارت کے بین الاقوامی تجارتی میلے (آئی آئی ٹی ایف) کے دوران خصوصی ہینڈلوم اور دستکاری نمائش و فروخت کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزارت ٹیکسٹائل کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ آرتی کنور، ڈیولپمنٹ کمشنر (دستکاری) محترمہ امرت راج، نیشنل ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر راجیو اشوک اور وزارت و این ایچ ڈی سی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس سال نمائش کے پویلین کا موضوع ’وکاس اور وراثت‘ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے شمال، جنوب، مشرق اور مغرب کے علاقوں کے جغرافیائی سفر کی صورت میں ہندوستان کے قدیم دستکاری ورثے کو پیش کیا گیا ہے۔ اس میں ملک کے مختلف خطوں کی منفرد ہینڈلوم اور دستکاری روایات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

پویلین میں چار علاقائی حصوں کے ذریعے ہندوستان کے ثقافتی تنوع کی عکاسی کی گئی ہے:

  • شمال – عکاسی اور آبائی ورثے کی شان: اس حصے میں گنیش، رام دربار اور چمکتے دمکتے بنارسی کپڑے کے روایتی نقش و نگار پیش کیے گئے ہیں، جو نسل در نسل منتقل ہونے والے ورثے اور موروثی مہارت کی علامت ہیں۔
  • جنوب – نفاست، عقیدت اور مجسمہ سازی کا ہنر: اس حصے میں کرناٹک اور تمل ناڈو کے لکڑی، ریشم اور دھات سے تیار کردہ دستکاری کے اعلیٰ نمونوں کے ساتھ نتراج کی کائناتی لے کو پیش کیا گیا ہے۔
  • مشرق – یادداشت، تسلسل اور ہاتھوں سے بُنی ثقافتی دھڑکن: اس حصے میں اڈیشہ اور بنگال کی روایتی بُنائی کے ورثے کو اجاگر کیا گیا ہے، جو ثقافتی شناخت اور روایات کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔
  • مغرب – چمک، جشن اور صحرائی ہنر کی تابانی: اس حصے میں آئینہ کاری، لپّن آرٹ اور نقش و نگار سے مزین لکڑی کے نمونے پیش کیے گئے ہیں، جو صحرائی علاقوں کے عزم و استقامت اور تہواروں کی رنگا رنگی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے بعد گری راج سنگھ نے نمائش میں شریک بُنکروں اور دستکاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند خام مال کی فراہمی میں مدد سے لے کر ٹیکنالوجی کے انضمام، ڈیزائن میں بہتری اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنے تک پوری ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے بُنکروں اور دستکاروں کی آمدنی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وزارت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کے سب سے بڑے اور پائیدار ہینڈلوم اور دستکاری کے نظام میں اپنی قیادت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

 

ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کے ساتھ ورثے کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈلوم، دستکاری اور جوٹ پانچ ہزار سال سے زائد عرصے سے ہندوستانی ورثے کا لازمی حصہ رہے ہیں۔

معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ان شعبوں کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ہینڈلوم اور دستکاری کے شعبوں سے ایک کروڑ سے زائد دستکار وابستہ ہیں، جن کے ذریعے براہ راست اور بالواسطہ طور پر لاکھوں افراد کے روزگار کو سہارا ملتا ہے۔

انہوں نے گھریلو بازار اور برآمدات میں ان شعبوں کے اہم تعاون کا بھی ذکر کیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ اس سال انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں فروخت نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں گھریلو مانگ اور برآمدات کے مواقع دونوں میں اضافے کی توقع ہے۔

 

یہ نمائش 13 سے 27 نومبر 2026 تک جاری رہے گی اور عوام کے لیے روزانہ صبح 10 بجے سے شام 7:30 بجے تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہال نمبر 5 میں کھلی رہے گی۔

اس پویلین میں 200 اسٹال لگائے گئے ہیں، جن میں 100 ہینڈلوم اور 100 دستکاری کے شعبوں سے وابستہ دستکاروں کی مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں۔ 21 سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے والے دستکار مختلف اقسام کی منفرد دستکاریوں کی نمائش کر رہے ہیں۔ اس پویلین کا انتظام نیشنل ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایچ ڈی سی) کر رہی ہے، تاکہ ہینڈلوم بُنکروں اور دستکاری کے ہنرمندوں کو براہ راست بازار تک رسائی فراہم کی جا سکے۔

ٹیکسٹائل کے موضوع پر قائم اس پویلین میں ممتاز ماہر دستکار بھی اپنی تخلیقات پیش کر رہے ہیں، جن میں 7 قومی ایوارڈ یافتگان، 3 ریاستی ایوارڈ یافتگان، 2 سنت کبیر ایوارڈ یافتگان اور پانچ سے زائد متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والے دستکار شامل ہیں۔ ہینڈلوم اور دستکاری دونوں شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان ایوارڈ یافتگان کی مجموعی تعداد 17 ہے۔ ان کا غیر معمولی ہنر پویلین کے ثقافتی تجربے کو مزید ثروت مند بناتا ہے اور ہندوستان کے ٹیکسٹائل ورثے کی فنکارانہ عظمت کی عکاسی کرتا ہے۔

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  7750 )


(ریلیز آئی ڈی: 2337177) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil