یو پی ایس سی
azadi ka amrit mahotsav

یو پی ایس سی نے امتحانات کی سلامتی، ٹیکنالوجی اور بھرتی کے عمل میں اصلاحات کے موضوع پر ریاستی پبلک سروس کمیشنوں کے سکریٹریوں کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا


نظام کو دھوکا دینے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والوں کی روک تھام کے لیے مزید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے: ڈاکٹر اجے کمار، چیئرمین، یو پی ایس سی

سکریٹریز پالیسی کے مقاصد کو انتظامی سطح پر عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں: جناب ششی رنجن کمار، سکریٹری، یو پی ایس سی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 5:09PM by PIB Delhi

یونین پبلک سروس کمیشن( یو پی ایس سی )نے آج نئی دہلی کے دھول پور ہاؤس میں ریاستی پبلک سروس کمیشنوں کے سکریٹریوں کے لیے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ میں ان افسران نے شرکت کی جو ریاستوں میں بھرتی کے روزمرہ انتظامی امور انجام دیتے ہیں۔ ملک بھر کے ریاستی کمیشنوں کے سکریٹریز، جوائنٹ سکریٹریز اور سینئر افسران نے اس میں شرکت کی تاکہ عملی سطح پر درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے، آزمودہ حل ایک دوسرے کے ساتھ مشترک کیے جا سکیں اور ملک بھر میں انتظامی معیار کو ہم آہنگ بنانے کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔

جنوری 2025 میں بنگلورو میں منعقدہ ریاستی پبلک سروس کمیشنوں کے چیئرپرسنز کی 25ویں قومی کانفرنس میں کیے گئے فیصلے کے تحت منعقد کی جانے والی یہ ورکشاپ ہر کمیشن کے انتظامی امور انجام دینے والے اہم شعبے، یعنی سکریٹریوں کو اپنا ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ یہ ورکشاپ ایسے وقت میں منعقد کی گئی ہے جب کمیشنوں کو ایک طرف بڑے پیمانے پر امتحانات محفوظ طریقے سے منعقد کرنے اور دوسری طرف ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی کوشش کرنے والوں سے آگے رہنے کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے، دونوں چیلنجوں کا سامنا ہے۔

اس موقع پر موجود شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے یو پی ایس سی کے چیئرمین ڈاکٹر اجے کمار نے کہا، ’’یو پی ایس سی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر عزت مآب وزیر اعظم نے پبلک سروس کمیشنوں کے درمیان بہترین طور طریقوں کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا تھا اور یہ ورکشاپ اسی تصور کو عملی جامہ پہنانے کی ایک کوشش ہے۔ یہ اصلاحات اور اختراعات کا دور ہے اور اس میں ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے۔ جب لوگ نظام کو دھوکا دینے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں تو ان پر نظر رکھنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ مزید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، تاکہ نظام منصفانہ اور شفاف رہے اور امتحانی عمل کی دیانت داری برقرار رکھی جا سکے۔‘‘ انہوں نے کمیشن کی حالیہ پہلوں کا بھی ذکر کیا، جن میں امتحانی مراکز پر امیدواروں کی شناخت کی تصدیق کے لیے مصنوعی ذہانت( اے آئی) پر مبنی چہرے کی شناخت، درخواست دہندگان کے لیے یونیورسل رجسٹریشن نمبر، محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی تجاویز کو ڈیجیٹل شکل دینا اور انٹرویو بورڈز کی کمپیوٹر کے ذریعے بے ترتیب تشکیل شامل ہیں۔

شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے یو پی ایس سی کے سکریٹری جناب ششی رنجن کمار نے کہا، ’’یہ ایسی ورکشاپ نہیں ہے جہاں ہم تعلیم دیں اور آپ سیکھیں، بلکہ یہ ان ساتھیوں کا اجتماع ہے جو مختلف حالات میں یکساں ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اور ایک ہی آئینی ذمہ داریوں کے پابند ہیں۔ چیئرپرسنز اور اراکین جہاں مستقبل کا لائحہ عمل وضع کرتے ہیں، وہیں سکریٹریوں کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ انتظامی طریقۂ کار مضبوط، قانونی اعتبار سے مستحکم، منصفانہ اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید ہو۔ ہم پالیسی کے مقاصد اور ان پر انتظامی سطح پر عمل درآمد کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ متعدد ریاستی کمیشنوں نے درخواستوں کی ڈیجیٹل کارروائی، علاقائی زبانوں میں امتحانات کے انعقاد اور شکایات کے ازالے جیسے شعبوں میں مؤثر حل وضع کیے ہیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ان تجربات کو یکجا کرکے بہترین طور طریقوں کا ایک مشترکہ ذخیرہ تیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موصولہ آراء کی بنیاد پر اس ورکشاپ کو ہر سال منعقد کیے جانے والے پروگرام کی شکل دی جا سکتی ہے۔

ورکنگ سیشنز کے اہم موضوعات کا ذکر کرتے ہوئے یو پی ایس سی کے سکریٹری نے کہا، ’’ان اجلاسوں میں پیش کی جانے والی تجاویز ہمارے مشترکہ کام کے چار بنیادی ستونوں پر مبنی ہیں:عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے والے محفوظ امتحانات، شفاف انتخاب، جدید ملازمتوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ بھرتی کے ضوابط اور ایسا تادیبی مشورہ جو انتظامی سختی اور فطری انصاف کے تقاضوں کے درمیان توازن قائم رکھے۔‘‘

افتتاحی اجلاس کے بعد ورکشاپ کے تحت چار ورکنگ سیشن منعقد کیے گئے۔ جن میں کمیشن کی امتحانات، بھرتی، بھرتی کے ضوابط اور تادیبی و اپیل کے معاملات سے متعلق شاخوں نے اپنے طریقۂ کار اور عملی طور طریقوں پر پریزنٹیشنز پیش کئے گئے۔ ہر پریزنٹیشن کے بعد شریک افسران کے ساتھ کھلی بحث کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام اظہارِ تشکر اور یو پی ایس سی میوزیم کے دورے کے ساتھ ہوا۔

****

ش ح۔ م ح۔ خ م

U.NO.7735


(ریلیز آئی ڈی: 2337115) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी