سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات   کی وزارت 18  اور  19  نومبر ،  2026 ء  کو قومی  راجدھانی میں محکمہ جاتی سربراہ اجلاس  ’ سماویشی نیتی سنکلپ‘ منعقد کرے گی


وِکست بھارت@2047 کے حصول کی جانب مرکز اور ریاستوں کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی

عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی اختتامی اجلاس میں شرکت  کریں گے

دو روزہ سربراہ اجلاس میں چار موضوعاتی اجلاس، چھ جامع مباحثے اور وزارت کے اہم اقدامات کو پیش کرنے والی ایک ڈیجیٹل نمائش شامل ہوگی

پالیسی سے متعلق مباحثوں میں رہنمائی فراہم کرنے اور زمینی سطح پر عمل درآمد کو مضبوط بنانے کے لیے 450 سے زائد اضلاع سے 13,500 سے زیادہ تجاویز موصول ہوئی ہیں

ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے بہترین طور طریقے پیش کریں گے، عمل درآمد سے متعلق چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کریں گے اور شمولیت پر مبنی  ترقی کے لیے مقررہ مدت  کے عملی منصوبے تیار کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 5:11PM by PIB Delhi

سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات  کی وزارت 18 اور 19  نومبر (بدھ اور جمعرات) کو قومی  راجدھانی کے سشما سوراج بھون میں محکمہ جاتی  سربراہ اجلاس ’سما ویشی نیتی سنکلپ ‘ منعقد کرے گی۔ یہ وِکست بھارت@2047 کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ سربراہ اجلاس محکمہ جاتی سربراہ اجلاسوں کے سلسلے کی تیسری کڑی ہے، جس کا تصور عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پیش کیا تھا۔ اس کا مقصد  ، قومی ترجیحات کے تئیں اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا اور مرکز و ریاستوں کے درمیان قریبی اشتراک کے ذریعے ترقیاتی نتائج کو تیز کرنا ہے۔

عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دو روزہ سربراہ اجلاس کا مقصد  ، اہم پالیسی ترجیحات، پروگراموں، اقدامات اور حکمتِ عملیوں کے حوالے سے سماجی انصاف اور شمولیت پر مبنی  ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان بامعنی مکالمے، مشترکہ ذمہ داری اور مربوط کارروائی کے لیے ایک ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

سماجی انصاف  کی وزارت کے سکریٹری جناب سدھانش پنت نے بتایا کہ سربراہ اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں  ، وزارت نے  زمینی سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ منظم مشاورت کی ہے، تاکہ زمینی سطح کے تجربات اور عمل درآمد سے متعلق معلومات و بصیرت کو پالیسی مباحثوں میں شامل کیا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا گیا، جب کہ حکومت کے اندر اور باہر کے متعلقہ فریقوں سے چار موضوعاتی شعبوں پر تجاویز بھی طلب کی گئیں۔

سکریٹری  موصوف نے بتایا کہ مشاورتی عمل کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور 450 سے زائد اضلاع سے 13,500 سے زیادہ تجاویز موصول ہوئیں۔ ان قیمتی تجاویز کو سربراہ اجلاس کے لیے تیار کیے گئے پس منظر کے نوٹس میں شامل کرلیا گیا ہے۔

جناب پنت نے کہا کہ محکمہ جاتی  سربراہ اجلاس کا یہ طریقۂ کار مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سیاسی قیادت اور اعلیٰ عہدیداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے، جہاں وزارت کے دائرۂ کار سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے کامیاب طور طریقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے، عمل درآمد سے متعلق چیلنجوں کا حل تلاش کرنے، اختراعی طریقوں پر غور کرنے اور مقررہ مدت کے اندر عملی منصوبے تیار کرنے کا موقع ملتا ہے، تاکہ حکومتی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور ان کے فوائد مستحقین تک پہنچانے کو یقینی بنایا جاسکے۔

سکریٹری نے بتایا کہ سربراہ اجلاس میں چار اہم موضوعاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، یعنی ’نشہ سے پاک  بھارت کے لیے انسدادِ منشیات اور منشیات کی طلب میں کمی کی حکمتِ عملی پر ازسرِنو غور ‘،   ’ایک ملک، ایک اسکالرشپ پورٹل — قابلِ رسائی وظائف، بااختیار طلبا ء  ‘ ،   ’معذوری کے اثرات میں ابتدائی  اقدامات اور کمی ‘ اور  ’ وکست بھارت کے لیے سگمیہ بھارت ‘ ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ موضوعات سماجی شمولیت کو مضبوط بنانے، فلاحی اقدامات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرے کے تمام طبقات کو بااختیار بنانے کے تئیں وزارت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

 

تفصیلات بیان کرتے ہوئے  ، جناب پنت نے کہا کہ مباحثے چار ذیلی اجلاسوں اور دو مکمل اجلاسوں کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے، جس سے منتخب موضوعات پر جامع تبادلۂ خیال ممکن ہوسکے گا۔

جناب پنت نے بتایا کہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ذیلی اجلاسوں کے دوران اپنی پیشکشیں پیش کرنے اور مکمل اجلاسوں میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہرین بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طور طریقوں کے بارے میں بھی اپنی معلومات اور تجربات پیش کریں گے، تاکہ مباحثوں کو مزید بامعنی بنایا جاسکے اور پروگراموں کے مؤثر نفاذ کے لیے اختراعی طریقوں کو اپنانے میں مدد ملے۔

سکریٹری نے بتایا کہ سربراہ اجلاس کے ایک حصے کے طور پر مندوبین ایک ڈیجیٹل نمائش کا دورہ کریں گے، جس میں وزارت کے اہم اقدامات اور تکنیکی اقدامات  کے بارے میں بتایا جائے گا۔ اس نمائش میں ’ سما ویش‘ اور ’ای-انودان‘ جیسے مربوط پورٹل، میدانی سطح پر کام کاج کے لیے تیار کردہ موبائل ایپلی کیشنوں  اور وزارت کی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے اثرات کو اجاگر کرنے والی کامیابی کی کہانیاں شامل ہوں گی۔

جناب پنت نے کہا کہ ڈیجیٹل نمائش کے ذریعے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات اور اختراعی طریقوں کو پیش کرنے کا موقع ملے گا، جو مؤثر عمل درآمد اور مستفیدین تک خدمات کی بہتر فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش میں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور  زمینی  سطح پر کیے جانے والے اقدامات کے ذریعے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے اور شمولیت پر مبنی  ترقی کو فروغ دینے کے لیے وزارت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

سکریٹری نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ سربراہ اجلاس خیالات کے بامعنی تبادلے، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان باہمی سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے اور ایک شمولیت پر مبنی ، مساوی اور بااختیار معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

جناب پنت نے بتایا کہ اہم نتائج اور عملی منصوبے، نیز ان پر عمل درآمد کے لیے مقررہ مدت کی تفصیلات، اختتامی اجلاس کے دوران عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

سکریٹری نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم کی رہنمائی مرکز اور ریاستوں کے اجتماعی عزم کو تقویت بخشے گی، مشترکہ کوششوں کو نئی رفتار فراہم کرے گی اور طے شدہ نتائج کے حصول نیز وِکست بھارت@2047 کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے فیصلہ کن، مربوط اور مقررہ مدت کے اندر کارروائی کی راہ ہموار کرے گی۔

 

******

( ش ح ۔ م م ۔ ع ا  )

U. No. 7738


(ریلیز آئی ڈی: 2337095) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati