پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 3:31PM by PIB Delhi
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) اور اس کے ماتحت اداروں نے زیرِ التوا معاملات کے تصفیے سے متعلق خصوصی مہم (ایس سی ڈی پی ایم) 6 کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ یہ مہم 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک چلائی گئی۔
اس سال وزارت نے صفائی ستھرائی کی مہم کے تحت قومی شاہراہوں (این ایچ) کی مرمت کے کام کو بھی شامل کیا، تاکہ عوام کو صاف ستھری سڑکیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سفر کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔ فیلڈ دفاتر کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، 95,000 کلومیٹر سے زیادہ طویل قومی شاہراہوں اور سروس روڈز کو گڑھوں سے پاک بنایا گیا، جبکہ 65,000 کلومیٹر سے زیادہ طویل شاہراہوں پر سڑکوں کے اشاروں اور نشانات کو بہتر بنایا گیا۔ اس کے علاوہ، تقریباً 5,000 فعال بیت الخلاء کی صفائی کی گئی اور ٹول پلازہ پر 500 سے زیادہ بیت الخلاء کی مرمت و تزئین نو کی گئی۔ قومی شاہراہوں کے درمیانی حصوں میں 7,000 کلومیٹر سے زیادہ طویل شاہراہوں کے کناروں پر شجرکاری کی سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔
اس مہم کے دوران وزارت نے مختلف پیمانوں کے تحت مقررہ اہداف سے 100 فیصد سے زیادہ کامیابی حاصل کی۔ ان میں عوامی شکایات (5,960)، عوامی شکایات سے متعلق اپیلوں (1,013)، آئی ایم سی حوالہ جات (3) اور ریکارڈ کے انتظام (14,625 پرانی کاغذی فائلوں/ای فائلوں کا جائزہ) کا تصفیہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ، وزارت نے 304 زیرِ التوا پارلیمانی ارکان کے حوالہ جات اور ریاستی حکومتوں کے 77 حوالہ جات کا بھی تصفیہ کیا۔ مہم کے دوران 4 پارلیمانی یقین دہانیوں اور وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے 17 حوالہ جات کا بھی تصفیہ کیا گیا۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت اور اس کے ماتحت اداروں نے 4,960 سے زیادہ مقامات پر صفائی ستھرائی کی وسیع سرگرمیاں انجام دیں۔ ان میں دفاتر، تعمیراتی کیمپ/مقامات، قومی شاہراہوں کے مختلف حصے، ٹول پلازہ، شاہراہوں کے کنارے مسافروں کے لیے سہولیات، سڑک کنارے ڈھابے، بس اسٹاپ، فلائی اوور وغیرہ شامل ہیں۔ مختلف دفتری احاطوں میں جگہ کے بہتر انتظام اور تزئین و آرائش کی سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔ اس کے علاوہ، ای ویسٹ سمیت 1,134 کلوگرام سے زیادہ اسکریپ کو ٹھکانے لگایا گیا، جس سے 1,20,100 روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے قومی شاہراہوں کی صفائی ستھرائی اور مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے مقصد سے سوچھتا ہی سیوا مہم (17 ستمبر 2026 سے 2 اکتوبر 2026) اور خصوصی مہم 6 (2 اکتوبر 2026 سے 31 اکتوبر 2026) کے تحت اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے متعلق صفائی ستھرائی، دیکھ بھال اور بہتری کی مختلف سرگرمیاں بھی مربوط انداز میں انجام دیں۔
مہم کے مختلف پیمانوں کے تحت طے شدہ اہداف کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت کے سکریٹری نے ہفتہ وار بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ، وزارت میں مہم کے نوڈل افسر نے اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل تال میل قائم رکھا اور ان سے باقاعدگی سے رابطہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا۔
خصوصی مہم 6 کا کامیاب نفاذ صفائی ستھرائی کو فروغ دینے، انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، جواب دہی کو مستحکم کرنے اور کام کا ایک سازگار ماحول تشکیل دینے کے تئیں سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت کے مسلسل عزم کا عکاس ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا ک۔ر ب۔
U-7722